وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام امریکی صدر کے بیت المقدس کے حوالے سے متنازع بیان کی مذمت اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین سے گلشن مارکیٹ تک ''دفاع بیت المقدس ریلی'' نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا عمران ظفر، صوبائی رہنما سید وسیم عباس زیدی، آئی ایس اوکے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ضیغم عباس، عاطف حسن، ملک عامر کھوکھر اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بیت المقدس کی تصاویر اور فلسطینی پرچم اُٹھا رکھے تھے، شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

 گلشن مارکیٹ پہنچنے پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ضیغم عباس نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کے حق میں آواز بلند کرنا ہمارے لیے سعادت ہے، ہم دنیا میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، فلسطین کی مقدس سرزمین کو اسرائیل کے ناپاک وجود سے جوڑ کر امریکہ نے اپنی شکست کا اعلان کیا ہے، امریکہ اس وقت مشکلات میں گھر چکا ہے، جس کے باعث بُزدلانہ اور احمقانہ کاروائیاں کر رہا ہے، مسلمانون کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، اُنہوں نے اُمت مسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے لیے شرم کا مقام ہے کہ 57 اسلامی ممالک ہونے کے باوجود بیت المقدس کی سرزمین کو اسرائیل کے ساتھ منسوب کیے جانے کی سازشیں جاری ہیں۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا عمران ظفر نے کہا کہ بیت المقدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اور رہے گا، اس میں تبدیلی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، القدس کا مسلمانوں سے بھی قدیمی اور تاریخی تعلق ہے، یہ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، یہ مکہ و مدینہ کی طرح محترم اور مقدس ہے، اس کا تحفظ بھی مسلمانوں کا فریضہ اول ہے۔ انہوں نے القدس سے متعلق امریکی صدر کے اعلان کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسے تمام عرب اور اسلامی ممالک جن کے اسرائیل سے تعلقات ہیں، وہ فی الفور غاصب صیہونی ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راحیل شریف نام نہاد ملٹری الائنس کی قیادت سے فی الفور مستعفی ہوں، کہ جس اتحاد کے مقاصد میں دور دور تک فلسطین و کشمیر کی آزادی جیسے مقاصد شامل نہیں ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے او آئی سی کے حالیہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کے تجویز پر ہمیں شدید تحفظات ہیں، ایسا موقف قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے ساتھ غداری ہے۔ ریلی کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذرآتش کیے گئے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) آئی ایس او کے زیراہتمام ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں جیکب آباد میں علامہ مقصودعلی ڈومکی، علامہ سیف علی ڈومکی، سید احسان شاہ بخاری، اللہ بخش اور حبدار علی ابڑو کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ جیکب آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں امریکہ کو شکست فاش ہوئی جو اس بات کی دلیل ہے کہ امریکہ اور اس کا پاگل صدر اقوام عالم کی نظر میں منفور ہوچکا ہے۔ نام نہاد سپر پاور، امریکہ کی عالمی تنہائی قابل دید ہے، اپنی شکست سے خائف امریکہ اقوام عالم کو دھمکیاں دیکر خوفزدہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جس دن امریکی غلامی سے نکلا ہم اس دن یوم جشن منائیں گے۔ امریکہ کی ایڈ کی پاکستان کو کوئی ضرورت نہیں، فقط امریکہ پاکستان میں دھشت گردی اور شیطانی منصوبے ختم کرے ،تو پاکستان خوشحال ملک بن سکتا ہے۔ ریاست پاکستان اور پاک فوج کی جانب سے امریکہ کو دوٹوک جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امریکہ سے تعلقات نے ہمیں دھشت گردی اور نحوست کے تحفے دیئے۔ امریکہ کے خلاف پاکستان کی ریاست ، اداروں اور عوام میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، حکومت جرئت کا مظاہرہ کرے۔اس موقع پراحتجاجی مظاہرے سے سید احسان شاہ بخاری، آئی ایس او رہنما اللہ بخش اور حبدار علی ابڑو نے بھی خطاب کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree