وحدت نیوز (آرٹیکل) تاريخ اپنے آپ كو دہراتی رہتی ہے اور اس کے صفحات ميں عبرتيں اور دروس ہيں۔ جن سے عقلمند افراد اور قوميں فائده اٹها سكتی ہيں۔ الله تبارک و تعالٰى کی مقدس كتاب قرآن كريم اس قسم كے واقعات اور قصص سے بهری پڑی ہے۔ ہر دور ميں مختلف كردار ہمارے سامنے آتے ہيں، ليكن غفلت اور لاعلمی كے سبب ہم ان عبرتوں اور دروس سے فائدہ نہيں اٹهاتے، نہ ہی ان حقائق كا بروقت ادراک كرسكتے ہيں اور نہ ہی اپنا صحيح فريضہ ادا كرسكتے ہیں۔ ہم آنكهوں کے سامنے ہابيل و قابيل كے كردار كا مشاہدہ كرتے رہتے ہیں اور قوم نوح علیہ السلام کی طرح حب ہميں دعوت حق ملتی ہے تو سنی ان سنی كر ديتے ہیں۔ ہم توحيد كو چهوڑ كر قوم ابراہيم علیہ السلام كي طرح مادی و نفسياتی بتوں کی پوجا كرتے نظر آتے ہیں۔

زمانے كے فرعون، ھامان اور قارون ہمارے اوپر مسلط ہو جاتے ہيں اور ظلم كرتے ہيں۔ ہميں قتل اور ذليل و رسواء كرتے ہيں، ہماری ناموس اور عزتوں پر حملے كرتے ہيں، ليكن ہمیں بنی اسرائيل کی طرح ظلم سہنے كی عادت ہو جاتی ہے۔ ہمارے سامنے الله کی نيک ہستياں ہماری ہی خاطر جدوجہد كرتے ہوئے شہيد ہو جاتی ہيں اور ہميں احساس تک نہيں ہوتا۔ گذشتہ 38 سال سے ايک ايسا نظام ہماری غفلت سے ہم پر مسلط كر ديا گيا ہے کہ جس نے پوری پاكستانی قوم كو بالعموم اور تشيع كو بالخصوص وہی بنی اسرائيل بنا ديا ہے، جن بر فرعون مسلط ہوگئے تهے۔ اس ظالم نظام نے بہترين افراد اور مخلص شخصيات كو ہمارے سامنے قتل كيا اور قاتل آزاد ہیں۔ ملک اس فاسد نظام کے باعث بحرانوں اور مشكلات و مسائل کی دلدل مين دهنستا جا رہا ہے، ليكن غرق ہونے والی قوم اور اسکے لیڈران نجات حاصل كرنے كے لئے سجنے والے ميدانوں سے غائب ہیں۔

آج سيرت حضرت موسٰى عليہ السلام كو زنده كرتے ہوئے ایک عالم باعمل و مجاہد و مبارز ناصر ملت، فخر باكستان علامہ راجہ ناصر عباس نے جرأت و بہادری كا مظاہره کیا اور باكستانی قوم كو ظلم سے نجات دلانے، ظالموں کے خلاف عوامی رائے عامہ ہموار کرنے، ارباب اقتدار كو جگانے كے لئے بهوک ہڑتال كا راستہ اختيار كيا ہے اور اعلان كيا ہے کہ ميں خود ابنے آپ كو مصيبت ميں مبتلا كركے اپنی قوم كو مصيبتوں سے نجات دلانا چاہتا ہوں، ميں پريس كلب اسلام آباد کی سامنے تقريباً تين ہفتوں سے دہشتگردی اور تكفيريت كا نشانہ بننے والے 80 ہزار مظلوم شهريوں كا مقدمہ لڑ رہا ہوں اور زمانے كے فرعونوں كو الله تعالٰى كے عذاب اور عوامی غيض و غضب سے ڈرنے کی دعوت دے رہا ہوں اور دوسری طرف غافل قوم كو بيغام ديا ہے کہ ہم اپنے بهائيوں اور بيٹوں کے ساتھ زمانے کے فرعونوں کو جھنجوڑ رہے ہیں۔ اب گلہ نہ كرنا کہ ہمارے پاس كوئی ليڈر نہيں تها، يا ليڈرز بے بصيرت اور آرام پسند تهے۔ اگر نجات جاہتے ہو تو ميدان عمل ميں آو۔

ان كے اقدامات نہ وہمی ہيں، نہ خيالی اور نہ جذباتی بلکہ انہوں نے اس زمانے كے تقاضوں کے مطابق یہ فیصلہ کیا اور بهلے وہ خود اس پر عمل پيرا ہيں۔ البتہ ہر زمانے ميں مختلف طبقات کی مواقف اور اسٹينڈز مختلف ہوتے ہیں، بعض مثبت اور بعض منفى، بعض حوصلہ بلند كرنے والے، بعض حوصلوں كو توڑنے والے، بعض فرعون کی تقويت كا سبب بنتے ہيں اور بعض مظلوموں کی تقويت كا سبب بنتے ہيں۔ اگر قرآن مجيد ميں حضرت موسٰى عليہ السلام كو پیش آنے والے واقعات کی تلاوت غور سے كريں تو چند ايک اسٹينڈدز ہميں نظر آتے ہيں، جو ہمیں اس زمانے کے مواقف كو سمجهنے ميں ہماری مدد كرسكتے ہیں۔

حضرت موسٰی اور فرعون و فرعونیوں کے مواقف
1۔ (نَتْلُو عَلَيْكَ مِنْ نَبَإِ مُوسَىٰ وَ فِرْعَوْنَ بِالْحَقِّ لِقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ) ايمان لانے والی قوم كيلئے حق كيساتھ حضرت موسٰى عليہ السلام اور فرعون کی خبر بيان كرتے ہيں۔
ظالم و فاسد نظام كا موقف اور اسٹينڈ
2۔ (إِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِي الْأَرْضِ وَجَعَلَ أَهْلَهَا شِيَعًا يَسْتَضْعِفُ طَائِفَةً مِنْهُمْ يُذَبِّحُ أَبْنَاءَهُمْ وَيَسْتَحْيِي نِسَاءَهُمْ ۚ إِنَّهُ كَانَ مِنَ الْمُفْسِدِينَ) بالتحقيق فرعون زمين پر بلند ہوا، زمين پر بسنے والوں كو گروہوں ميں تقسيم كيا اور ان ميں سے ايک طائفہ كو مستضعف بنايا، وه انكے مردون كو قتل كرتا تها، خواتين كی آبرو ريزی كرتا تها اور وه فساد پهيلانے والوں ميں سے تها۔
3۔ (وَقَارُون وَفِرْعَوْن وَهَامَان وَلَقَدْ جَاءَهُمْ مُوسَى بِالْبَيِّنَاتِ فَاسْتَكْبَرُوا فِي الْأَرْض) حضرت موسٰى عليہ السلام دلائل و وثائق كے ساتھ قارون، فرعون اور هامان کے سامنے آئے، ليكن انہوں نے زمين پر تكبر و غرور كا موقف اختيار كيا۔

الٰہی قيادت كا موقف اور اسٹينڈ
4۔ (اذْهَبْ إِلَى فِرْعَوْنَ إِنَّهُ طَغَىإِلَىٰ فِرْعَوْنَ وَمَلَئِهِ فَاسْتَكْبَرُوا وَكَانُوا قَوْمًا عَالِينَ): (اے موسٰى) جاو فرعون اور اس کے ہم نواؤں کے پاس، وه طاغوت بن گئے ہیں اور انہوں نے غرور اور تكبر كا راستہ اختيار كر ليا ہے اور اپنے آپ كو بہت بڑا سمجهتے ہیں۔
5۔ (وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا مُوسَى بِآيَاتِنَا أَنْ أَخْرِجْ قَوْمَكَ مِنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ) ہم نے موسٰى كو دلائل کے ساتھ بهيجا، تاکہ اپنی قوم كو ظلمتوں اور اندهيروں سے نكال كر نور اور روشنی كي طرف لائے۔
6۔ (قَالَ مُوسَىٰ لِقَوْمِهِ اسْتَعِينُوا بِاللَّهِ وَاصْبِرُوا ۖ إِنَّ الْأَرْضَ لِلَّهِ يُورِثُهَا مَنْ يَشَاءُ مِنْ عِبَادِهِ ۖ وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ) موسٰى عليہ السلام نے اپنی قوم سے فرمايا کہ الله تبارک و تعالٰى سے مدد مانگو اور صبر و تحمل كي راه اختيار كرو، اس زمين كا مالک تو فقط الله تبارک و تعالٰى ہے، اپنے بندوں ميں سے جسے چاہے اسے وارث بنا ديتا ہے اور عاقبت تو فقط متقی افراد كيلئے ہے۔
اور جب حضرت موسٰى ميدان ميں فرعون كا مقابلہ كرنے کیلئے اترتے ہيں تو قوم كے بعض طبقات اس طرح اپنے موقف كا اظہار كرتے ہیں۔

قوم كے بعض طبقات كا موقف
7۔ (قَالُوا يَا مُوسَىٰ إِنَّ فِيهَا قَوْمًا جَبَّارِينَ وَإِنَّا لَن نَّدْخُلَهَا حَتَّىٰ يَخْرُجُوا مِنْهَا فَإِن يَخْرُجُوا مِنْهَا فَإِنَّا دَاخِلُونَ)
انہوں نے كہا کہ اے موسٰى اس شهر ميں تو جابر قوم موجود ہے اور ہم تو ہرگز داخل نہيں ہوں گے، حتٰى کہ وه جابر لوگ شہر سے نكل جائيں تو پهر داخل ہوں گے۔
8۔ (فَاذْهَبْ أَنْتَ وَرَبُّكَ فَقَاتِلَا إِنَّا هَاهُنَا قَاعِدُونَ) اے موسٰی جاو تم اور تمھارا رب (العزت) ان سے جنگ كرو اور ہم تو ادهر بيٹهے ہيں۔
بعض مخالفين كا موقف
9۔ (فَإِذَا جَاءتْهُمُ الْحَسَنَةُ قَالُواْ لَنَا هَـذِهِ وَإِن تُصِبْهُمْ سَيِّئَةٌ يَطَّيَّرُواْ بِمُوسَى وَمَن مَّعَهُ) جب كوئی اچها نتيجہ ملتا ہے تو كہتے ہيں کہ ہم نے اسے حاصل كيا ہے اور جب نتيجہ برا حاصل ہوتا ہے تو كہتے ہيں کہ اس كا سبب تو حضرت موسٰى اور انكے ساتهی ہیں۔

ايمان لانے والون كيلئے الله تعالٰى كا موقف
10۔ (يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ آذَوْا مُوسَىٰ فَبَرَّأَهُ اللَّهُ مِمَّا قَالُوا ۚ وَكَانَ عِنْدَ اللَّهِ وَجِيهًا) اے ايمان لانے والو، انکی طرح نہ ہو جاو جنہوں نے موسٰى كو اذيتیں دیں اور ان كے اقوال سے الله تعالٰى نے براءت كا اعلان كيا اور (موسٰى) وه خدا كے نزديک بڑے مرتبے پر فائز تها۔
11۔ (وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مُوسَىٰ ۚ إِنَّهُ كَانَ مُخْلَصًا) اور حضرت موسٰى کی كتاب ميں مذکور ہے کہ وه بہت مخلص تها۔
حضرت موسٰى کی مخلصانہ جدوجہد كا نتيجہ
12۔ (وَأَنْجَيْنَا مُوسَى وَمَنْ مَعَهُ أَجْمَعِينَ) ہم نے موسٰى اور جو سب انكا ساتھ دينے والے تهے، انہيں نجات دلائى۔
ہمیں بھی یقین ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس کے اخلاص، استقامت اور حکمت کی بدولت فرعونیت سرنگوں ہوگی اور تکفیریت و دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔
 


تحریر۔۔۔۔۔علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

وحدت نیوز (کوئٹہ) گذشتہ بیس روز سے جاری شیعہ نسل کشی اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں امام بارگاہ نچاری میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، کوئٹہ یکجہتی کونسل، بلوچستان شیعہ کانفرنس،ہزارہ قومی جرگہ، نورویلفیئرسوسائٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے قائدین شامل تھے، پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو دہشت گردی ، ریاستی جبر اور لاقانونیت جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مشکلات پر قابو پانے میں حکومتی بے بسی اور بے چارگی واضح ہو کر سامنے آ چکی ہے۔ حکومت دہشت گردوں کے سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالنے سے کترا رہی ہے۔ ملت تشیع نہ صرف دہشت گردوں کے نشانے پر ہے بلکہ حکومت کی طرف سے بھی انہیں مسلسل ہراساں کیا جارہاہے۔ جب ہم لوگ حکومتی رویہ اور ظلم و بربریت کے خلاف اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کے لیے نکلتے ہیں تو حکومتی حکام اپنے روایتی خوشنما لولی پاپ سے ہمیں بہکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کوئٹہ کے باشعور اہل تشیع نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جد وجہد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دیگر رہنمائوں نے کہا کہ ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات کی من و عن توثیق کرتے ہوئے ہمارا بھی یہی مطالبہ ہیں کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بھر پور اور فوری آپریشن شروع کیا جائے ۔ ان کالعدم مذہبی جماعتوں کے سرکردہ افراد کو فوری گرفتار کیا جائے جو نام بدل بدل کراپنی دہشتگردانہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ایم ڈبلیوایم و دیگر معزز سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کے نام بلا جواز فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف غیر قانونی ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں ۔ لہذا ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان بے گناہوں کے خلاف غیر قانونی ایف آئی آر ختم کر کے فورتھ شیڈول میں شامل بے گناہ افراد کے نام فوری طور پر خارج کر دیا جائے۔ جن جن علاقوں میں اہل تشیع کی زمینوں پر غیر منصفانہ قبضے کیے گئے ہیں وہ زمینیں مالکان کو واپس کی جائیں۔ اپک فوج ملک کا ایک با وقار ادارہ ہے اس ادارے میں ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو قومی وقار کو داو پر لگا کر ذاتی منفعت حاصل کر رہے ہیں اور ملک و قوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں، تمام قومی اداروں میں کالی بھیڑوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔

رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ ایک محب وطن شخصیت ہیں ۔ ان کے مطالبات کا تعلق ان کی ذات سے نہیں بلکہ قومی سلامتی کے امور سے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ وطن عزیز کو مضبوط کرنے کی بات کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات پر حکومت کی طرف سے غیر سنجیدگی کا اظہار نہ صرف حکومت کے متعصب رویے کی دلالت کرتا ہے بلکہ اس حقیقت کو بھی آشکار کرتا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کو ملک کے استحکام اور سلامتی سے کوئی غرض نہیں۔پریس کانفرنس میں موجود تمام جماعتوں کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہمیں اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا حکم دیا تو اپنی پوری عوامی قوت کےساتھ وفاقی دارالحکومت پہنچنے میں دیر نہیں کی جائے گی۔

وحدت نیوز (لاہور) ہمیں انصاف کے حصول کے لئے ایک سال بھی احتجاج کر نا پڑے ہم کریں گے،لیکن اس فیصلہ کن تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،علامہ راجہ ناصر نے تمام مکاتب و مسالک کے مظلوموں کی حق میں آواز بلند کی ہے، مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے نفرت کو ہم اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسن رضا کاظمی نے لاہور پریس کلب پر جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کے 19 ویں روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا ملک بھر میں ہماری نسل کشی پر حکمرانوں کی خاموشی اب ہم برداشت نہیں کریں گے پاکستان کے مظلوم اب بیدار ہیں ،ہم ہر آئینی و قانونی احتجاجی طریقہ اپنائیں گے لیکن ظالموں کے سامنے جھکنے کو ہرگز تیار نہیں،پنجاب میں حکمران جماعت کی ایماء پر ہمارے خلاف انتقامی کاروائیاں جاری ہیں،عزاداری سید شہداء علیہ السلام ہماری شہ رگ حیات ہے،ہم اس راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے،پنجاب بھر میں احتجاجی تحریک میں تیزی لانے کے لئے رابطہ مہم جاری ہے ہم اپنے قائدین کے حکم کے منتظرہیں انشااللہ انصاف لئے بغیر ہم گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے،بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا ماجد علی،رائے ناصر علی،آغا نقی مہدی،سید زین زیدی سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام چودہ روز سے جاری احتجاجی دھرنے شیخ عابدی، مولانا ذیشان، فدا حسین اور آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہماری مظلومیت کو طاقت میں بدل کر ملت مظلوم کی ترجمانی کی ہے اب اس تحریک کی کامیابی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی،ملت جعفریہ کے قتل عام پر حکمران جماعت اور ریاستی اداروں کی خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ ان کے نظروں میں ہماری جان کی کوئی قدر نہیں،ملت مظلوم بیدار ہے اور علامہ راجہ ناصر کے حکم کے منتظر ہیں کہ وہ کیا لائحہ عمل دیتے ہیں ۔ اگر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ جو کہ نہایت علیل ہیں انہیں خدا نخوانستہ کچھ ہوگیا تو ہم حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے ۔ہم انصاف کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کرچکے ہیں اور اپنے شہداء کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ہماری نظریں اور امیدیں پاکستان کے آرمی کے سربراہ پر ہے اور امید کرتے ہیں کہ آرمی ادارے ملک بھر میں جاری ظلم کے خلاف اس احتجاج اور دہشتگردی کے خلاف اٹھنے والی اس تحریک کو نوٹس لیتے ہوئے محب وطن پاکستانیوں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کی منسوخی بلتستان کا معاشی قتل ہے اور نواز حکومت کی علاقہ دشمنی کا ثبوت ہے۔ اگر نواز حکومت کے رہنماء کی اسمبلی میں کوئی حیثیت ہے تو شغر تھنگ پاور پروجیکٹ کو دوبارہ بحال کرے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام دہشت گردی،ٹارگٹ کلنگ اور بے بنیاد مقدمات کے خلاف بھوک ہڑتالی 14روز سے جاری، یوم تکبیر کے موقع پر ملکی سلامتی کی دعائیں، شہدائے پاکستان کی یاد میں شمعیں روشن، کیمپ میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے یوم تکبیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود مٹھی بھر دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں ناکامی اقوام عالم کے سامنے ہماری خجالت کا باعث ہے۔مختلف انداز میں شکوک و شبہات پیدا کرکے ہماری ایٹمی طاقت کو متنازعہ بنانے کے لیے عالم استعمار سازشوں میں مصروف ہے۔ڈرون اور دہشت گرد حملوں سے ہماری خود مختاری اور سالمیت کو بار بار چیلنج کیا جا رہا ہے۔ لیکن حکومت کی طرف سے سفارتی سطح پر بھی ہلکی سی تشویش کا اظہار نہ کیا جانا قومی حمیت کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اگر غیرت مند ہوں تو کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ اس مادر وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ پاکستان کے بیس کروڑ عوام دشمن کے ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکتے ہیں مگرشرط یہ ہے کہ حکمران اپنے اندر ملک دشمنوں قوتوں سے سخت لہجے میں بات کرنے کی ہمت پیدا کریں۔علامہ اقتدار نقوی نے یوم تکبیر کے موقعہ پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اس ملک کا ہر شخص پر مادر وطن کی حفاظت واجب ہے۔ ہم سب نے مل کر اس ملک کو دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے۔ریاستی اداروں کو سیاسی دباو سے آزاد کرنے کے لیے ہمیں میدان میں نکلنا ہو گا۔وطن عزیز کو اس وقت ہی ناقابل تسخیر قرار دیا جا سکے گا جب یہ سرزمین دشمن کے نجس قدموں سے پاک ہو گی۔ کیمپ میں ایسوسی ایشن آف مشتاقان نور کے وفد نے عرفان حیدر کی قیادت میں شرکت کی اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ اس موقع پر شیخ غلام رضا،اظہر جوئیہ،نورمحمد نوناری،اور دیگر موجود تھے۔

پاکستان کس کی جاگیر؟

وحدت نیوز (آرٹیکل) ایک دفعہ کا ذکر ہے، ایک ہنس کا جوڑا ہنی مون پر گیا۔ وہ کافی اونچائی پر سفر کر رہے تھے کہ ایک جگہ انہیں زمین پر کچھ گہما گہمی نظر آئی انھوں نے سوچا کہ نیچے چل کر دیکھتے ہیں کہ زمین پر کیا ہو رہاہے جیسے جیسے وہ زمین سے قریب ہوتے گئے انہیں حقیقت واضح ہوتی گئی ۔انھوں نے د یکھا کہ جنگل میں ہر جانور ایک دوسرے پر حملہ آور ہے اور لڑائی جھگڑا چل رہا ہے ، قریب ہی ایک چیتا بھی کھڑا یہ تماشا دیکھ رہا تھا ، ہنس نے ہمت کی اور چیتے کے قریب جا کر سوال کیا کہ یہاں کیا ہوا ہے؟ یہ سب آپس میں کیوں لڑ رہے ہیں ؟ آخر اس لڑائی جھگڑے کی وجہ کیا ہے؟ چیتے نے کہا تم اپنے کام سے کام رکھو تمیں ان سب کے بارے میں جاننے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن ہنس یہ سب دیکھ کر رنجیدہ اور آفسردہ تھا اس نے دوبارہ سوال کیا۔ چیتے نے کہا تمہارے ساتھ جو ہے وہ کون ہے؟ ہنس نے کہا یہ میری بیوی ہے ہم ہنی مون پہ نکلے ہوئے ہیں۔ چیتے نے کہا یہ تمہاری نہیں میری بیوی ہے ہنس نے کہا جناب یہ کیسے ہو سکتا ہے میں ہنس اور یہ میری فیملی آپ تو چیتے ہو آپ کا ہم سے کیسے تعلق ہو سکتا ہے آپ میرے ساتھ ظلم و ناانصافی کر رہے ہیں یہ آپ کی بیوی نہیں ہو سکتی۔ چیتے نے کہا خبر دار دوبارہ تم نے میری بیوی کے بارے میں زبان کھولی اب یہاں سے نکل جاؤ۔ہنس بے چارے کے پاس عدالت جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا لہذا وہ سپریم کوٹ چلا گیا سپریم کورٹ کا جج ہنس کی شکایت سننے کے بعد چیتے کی طرف متوجہ ہوا چیتے نے جج کو آنکھیں دیکھا تے ہوئے کہا جناب یہ میری بیوی ہے اور میرے پاس دس گواہ بھی موجود ہیں اور یہ ہنس تو اس علاقہ کا ہی نہیں ہے اس کے پاس نہ پاسپورٹ ہے اور نہ ہی ویزہ، جج نے چیتے کی آنکھیں دیکھنے کے بعد کہا کہ عدالت ثبوت مانگتی ہے اور ہنس کے پاس ثبوت نہیں ہے اور فیصلہ چیتے کے حق میں دے دیا جا تا ہے۔

ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ ہو یا ڈرون اٹیک کا اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن ہو یا ملا منصور پر حملہ، آخر یہ ملک کس کی ملکیت ہے جس کا جب ، جس وقت اور جس پر چاہے حملہ کردے؟ آیا وطن عزیز کی خود مختاری سلامت ہے؟ کیا اس ملک کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں ہے؟ آخر ہر قسم کے دہشت گرد اسی ملک سے کیوں نکلتے ہیں؟ہم ہر وقت پروکسی وار کا شکار کیوں رہتے ہیں؟کیا ہماری اپنی کوئی خارجہ پالیسی موجود نہیں؟کیا ہماری ہر پالیسی باہر سے تیار ہو کر آتی ہے؟کیا ہماری نیشنل انٹرسٹ موجود نہیں؟یہ سارے سوالات وہ ہیں جو اس ملک کے ہر باغیرت اور محب وطن شہری کے زہن میں آتا ہیں اور وہ اس ملک کے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سوالیہ نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ملا منصور کے قتل کے بعد وزیر داخلہ کہتے ہیں ملا منصور دبئی، افغانستان اور ایران ئے تھے وہاں نشانہ کیوں نہیں بنایا گیا؟پاکستان میں ہی کیوں؟ چودھری نثار صاحب کیا آپ کو نہیں معلوم، آپ لوگ اس طرح کی بیان بازیوں سے کب باہر نکلیں گے اور کب عملی اقدام کریں گے۔ جناب باقی ملکوں نے اپنی نیشنل انٹرسٹ کو واضح کیا ہوا ہے وہ لوگ اپنی قومی و ملکی مفادات کو اولین ترجیح دیتے ہیں، ملکی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف جو بھی قدم اٹھے اس کو ناکام بنا دیتے ہیں۔ایک طرف ہم کی اپنے آپ کو دنیا کے طاقت ور ترین افواج میں قرار دیتے ہیں اور ملک میں سب سے زیادہ بجٹ عسکری اداروں پر خرچ کرتے ہیں مگر پھر بھی اس ملک میں دہشت گردوں کا راج ہے امریکہ تو پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھتا ہے جب چاہیے حملہ کر دیتاہے۔ اب تک امریکی ڈرون حملوں میں تین ہزار کے قریب دہشت گرد اور ایک ہزار کے قریب عام شہری مارے گئے لیکن ہمارے اداروں کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ ڈرون اٹیک کہا سے ہوتا ہے بلکہ غیر ملکی افواج پاکستان میں د اخل ہو کر آپریشن مکمل کر کے چلے جاتے ہیں بقول ایک وزیر کے ہمارے ریڈار کا روخ دوسری جانب تھا جس کی وجہ سے اسامہ کے خلاف آپریشن کا پتہ نہیں چلا، اب ہم اس طرح کے بیانات سے کیا سمجھیں۔۔اگر وطن کی سالمیت کا دفاع نہیں کر سکتے تو پھر یہ دفاعی بجٹ کہا جاتا ہے۔

ظاہری طور پر تو پاکستان کو آزاد ہوئے ۶۹ سال ہوگئے ہیں مگر ابھی تک ہماری گردن غلامی کے طوق سے خالی نہیں۔ کبھی ہم نے پاکستان کو ہمارا اپنا ملک سمجھ کر کوئی فیصلہ نہیں کیا اور ہمیشہ بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر ناچتے رہے حد تو یہ ہے کہ تمام تر نقصانات کے باوجود افغان وار سے بھی کچھ سبق حاصل نہیں کیا۔آج افغان وار اور طالبان کی وجہ سے دنیا بھر میں ہر پاکستانی دہشت گرد بنا ہوا ہے۔ابھی ایک پروکسی ختم نہیں ہوئی اور ہم اپنے آقاؤں کی اشاروں پر ایک نئے پروکسی میں شامل ہو رہے ہیں را کے ایجنٹ کو پکڑنا اور ایک خاص وقت پر ظاہر کرنا اور دہشت گردوں کو ایک خاص زاویہ سے پیش کرنا یہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ غیر ملکی ایجنڈوں کو پکڑنا قابل تعریف ضرور مگر اس طرح اپنے ہمسایہ ملک پر ضرب لگا نا پاکستان کو عالمی دنیا اور دوستوں سے مزید تنہا کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے اور اس طرح کی پالیسی کسی صورت پاکستان کی اپنی نہیں ہو سکتی۔

ہمارے حکمران اور اسٹبلیشمنٹ نہ صرف خارجہ پالیسی میں ناکام نظر آرہے ہیں بلکہ ان کے پاس ملک کو اندورونی طور پر چلانے کے لئے بھی لائحہ عمل موجود نہیں ہے۔حکمرانوں کے پاس ایک پالیسی بہت مضبوط ہے اور یہ اندورونی اور بیرونی دونوں صورتوں میں کامیاب بھی ہے جس پر دن رات یہ حکمران محنت کرتے ہیں اور تمام تر اختلافات کے باوجود ایک پیج پر منظم بھی ہے۔ وہ پالیسی یہ ہے پاکستان کے قومی اداروں کو کیسے تباہ کرنا ہے، غریب عوام کی کھال کیسے اتارنی ہے ،مظلوموں کی آوازکو کیسے دبانا ہے، قاتل اور دہشت گردوں کو کیسے پناہ دینی ہے ان کو پروٹوکول کیسے دینا ہے، بینک بیلنس کیسے بنانا ہے، آف شور کمپنیاں کس طرح بنانی ہے غرض ہر ناجائز کام او ر ذاتی مفاد کے کام یہ حکمران بہترین اور منظم طریقے سے انجام دیتے ہیں۔

ملک میں جنگل کا قانون ہے جس نے آنکھ دیکھا ئی اس کا کام آسان اور جو مظلوم ہوگا وہی مجرم ہو گا، انصاف کے فقدان کا یہ حال کی ایک غریب آدمی کی تو بات ہی نہیں ہے پاکستان کے مذہبی و سیاسی جماعت مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے پچھلے سترہ دنوں سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتال کی ہوئی ہے اور ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ راجہ ناصر عباس سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی، لاہور سمیت ملک کے چالیس مقامات اوربیرونی ملک امریکہ، جرمنی، برطانیہ سمیت کئی غیر ممالک میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر علامتی احتجاج اور بھوک ہڑتال کیمپ لگائے گئے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ عمران خان، رحمان ملک سمیت تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے اس احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ کی حمایت کی ہے مگر ہمارے حکمرانوں کے سرپرجوں تک نہیں رینگی کیونکہ حکمرانوں کو عوام کے حقوق اور عدل و انصاف سے کیا کام ان کا کام صرف اپنی الو ٹھیک کرنا ہے یا جب تک مظاہرے اور جلسہ جلوس میں چالیس پچاس افراد نہ مرجائیں ان کو خبر نہیں ملتی اس کے بعد تعزیتی الفاظ کے زریعہ عوام کو خاموش کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

لیکن حکمرانوں اور اسٹیبلیشمنٹ کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے وقت حالات یکساں نہیں رہتے اور نہ ہی ظالم ہمیشہ اقتدار میں رہتا ہے، جب ظلم کی چکی میں پسے عوام اٹھانے لگیں تو نہ تخت سلامت رہتا ہے اور نہ ہی تاج صرف اور صرف تاریخ رہ جاتی ہے۔

تحریر۔۔۔۔۔۔۔۔ناصر رینگچن

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree