وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا حکمرانوں کی طرف سے عوام کو بدامنی، مہنگائی، عدم تحفظ،لوڈشیدنگ اور لاقانونیت جیسے تحفے دیے جا رہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے۔ بھاری مینڈینٹ حاصل کرنے والی حکومت اپنی عوام کو ’’قابل قدر‘‘ صلہ دے رہی ہے۔ قیمتوں پر نظر رکھنے والے اداروں اور ضلعی حکومتوں کی موجودگی میں عام گھریلو اشیا کی من مانی قیمتیں وصول کیا جانا اداروں کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس ملک کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے ہیں۔ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سفید پوش طبقے کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا جو تاجر مصنوعی قلت پیدا کر کے سبزیوں، چکن اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کو بڑھا کر فائدہ حاصل کر رہے ہیں ان کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں معمول پر لانے کے لیے مارکیٹوں کا دورہ کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کو موقع پر جرمانے کیے جائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دفترخارجہ کی طرف سے پاکستان میں داعش کی موجودگی تسلیم کرنے سے انکار پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم کے حوالے سے حکومتی موقف اور اداروں کی رپورٹس میں واضح تضاد موجود ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں مخصوص عناصر داعش کے نظریات کے پرچار میں مصروف ہیں۔دہشت گردی کے متعدد واقعات کی ذمہ داری داعش کی طرف سے قبول کیا جانا ان ملک دشمن عناصر کی موجودگی کا ثبوت ہے۔دہشت گردی کا خاتمہ عوام کی اولین خواہش ہے حکومت اسے اولین ترجیح قرار دے۔حکومت کو چاہیے کہ عوام کو دھوکے میں رکھنے کی بجائے حقیقت سے آگاہ کرے۔اس وقت وطن عزیز کو لاتعداد داخلی و خارجی مسائل کا سامنا ہے۔پاک اکنامک کوریڈور کی بدولت ہم خطے کی مضبوط ترین قوت بننے جا رہے ہیں۔ہمارا معاشی استحکام دشمن کے ارادوں کی موت ثابت ہو گا۔پاکستان کو مختلف مسائل میں الجھانے کی کوشش کی جار ہی ہے تاکہ ترقی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کی جا سکے۔ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں میں نظریات کی بنا پر فکری اختلاف تو ہوسکتا ہے لیکن قومی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے جیسے امور پر پوری قوم ایک پیج پر کھڑی ہے۔جو جماعتیں سی پیک یا دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی مخالف ہیں وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ان کا مقصدوطن عزیز کو غیر مستحکم اور عدم تحفظ کا شکار بنانا ہے۔آپریشن ردالفساد کے تحت ہر اس شخص ،گروہ اور جماعت پر گرفت مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جو قومی مفاد کے منافی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں کی غیر ضروری لچک نے ان عناصر کے حوصلے بلند کیے ہیں۔قومی امن وسلامتی ان مذموم عناصر کی بیخ کنی سے مشروط ہے۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیرکی جانب سے پی پی آزاد کشمیر کے نو منتخب صدرچوہدری لطیف اکبر صاحب، سینئر نائب صدرچوہدری پرویز اشرف،  جنرل سیکرٹری فیصل راٹھور، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہین کوثرڈار ، صدرپیپلز یوتھ آرگنائزیشن ضیاء القمراور چیئر پرسن شعبہ خواتین آزاد کشمیر فرزانہ یعقوب کو دل کی اتھا گہرایوںسے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی نئی کابینہ سازی نیک شگون ہے۔نو منتحب صدر چوہدری لطیف اکبر صاحب کی پیپلز پارٹی کیلئے لازوال خدمات ہیںجو کسی بھی تعارف کی محتاج نہیں اور پر امید ہیں کہ وہ آئندہ بھی ریاست کے غیور عوام کی خدمت بھرپور انداز سے کرتے رہیں گئے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید محسن رضا نے ریاستی دفتر سے جاری بیان میں کیا انہوں نے کہا ہم چوہدری لطیف اکبر کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات کی امید رکھتے ہیں کہ وہ ریاستی مسائل کے بھرپور آواز بلند کریں گے، ریاست کے مسائل سے واقف ہیں ، بہترین اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

وحدت نیوز (گلگت) عوامی آواز کو جبر کے ذریعے دبانا جمہوری روایات کے منافی اقدام ہے،صوبائی حکومت جمہوری روایات کو فروغ دینے کی بجائے جبر کے ذریعے اپنے حقوق کیلئے اٹھنے والی عوامی آواز کو دبانے پر گامزن ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت فی الفور اخبار مالکان کے واجب الادا بقایا جات کو ریلیز کرے اور صحافت کے پیشے سے منسلک سینکڑوں افراد کا معاشی قتل سے باز آجائے۔حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کو کم کرلیں تو سینکڑوں افراد کے گھر کے چولہے جل سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے وزراء کی جانب سے اشتہارات پہ اشتہارات دیئے جاتے ہیں ،اگر ان کے پاس اشتہارات کی مد میں پیسے نہیں تو کیوں اشتہارات چھپواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اشتہارات کی مد میں بقایا جات کو روک کر بلیک میلنگ پر اتر آئی ہے جس کی مثال مارشل لاء کے بد ترین دور میں بھی نہیں ملتی۔جو اخبارات حکومت کے چہرے سے نقاب اٹھاتے ہیں ان کو اشتہارات بند کردینا کہاں کا انصاف ہے۔ایک طرف حکومت کی جانب سے آزادی صحافت کے چرچے کیے جاتے ہیں تو دوسری طرف درپردہ بلیک میلنگ کا بازار گرم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دھونس دھمکیوں کی بجائے اخبار مالکان کے جائز مطالبے کو تسلیم کریںاور صحافتی برادری کی تشویش کو فوری دور کرے۔انہوں نے کہا کہ قلم کاروں کے ساتھ روز اول سے آمرانہ حکومتوں کا رویہ نامناسب رہا ہے لیکن مردان حق کی آواز کو دبا نہیں سکے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ حکومتی زور زبردستی کو یکسر ٹھکراتے ہوئے عوامی حقوق کی آواز بلند کرتے رہینگے۔مجلس وحدت مسلمین اخبار مالکان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

وحدت نیوز (بھٹ شاہ) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام انوار ولایت کنونشن اور یوم سیدہ فاطمۃ الزہراء ؑ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصو د علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نظام امامت و ولایت ظلمت اور تاریکی میں نور کی کرن ہے اور آج دنیا میں جاری ظلم و بربریت کے ماحول میں عالم انسانیت کے لئے اگر کہیں کوئی روشنی اور امید کی کرن ہے تو وہ نظام ولایت و امامت ہی ہے۔ اخلاق اور کردار کے دیوالیہ پن میں جہاں سرعام ضمیر بک رہے ہوں اور دین کے ٹھیکیدار ریال اور ڈالر کے بدلے اللہ کی آیتوں کا سودا کر رہے ہوں وہاں نظام ولایت ہی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے ہاں ابراہیم زکزاکی اور باقر النمرؒ جیسے عظیم اور انمول انسان موجود ہیں۔ جو نہ فقط مکتب اہل بیت ؑ بلکہ عالم انسانیت کا ناز ہیں، جنہیں نہ درہم اور دینار سے خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی جیل اور پھانسی سے جھکایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام ولایت اب عالمی انقلابی تحریک کا رخ اختیار کر چکا ہے جسے دھشت گردوں کے لشکر بنا کر روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مگر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے تمام تر حربے ناکام ہوچکے ہیں، اب کسی بھی نام نہاد ورلڈ پاور کے لئے اس الٰہی تحریک کا راستہ روکنا نا ممکن ہے۔ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کے پیروکار حق و باطل کے اس معرکے میں اہل حق کے ساتھ ہیں، اور انشاء اللہ ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ اب قریب ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آستانوں اور مساجد کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے، ہمیں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیئے، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اگر اتحادی اسلامی فوج کی سربراہی کی ذمی داری نبھانے کو تیار ہیں تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، دو برادر مسلم ممالک میں اگر رنجش ہے تو ہمیں اس کو سلجھانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیئے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم پی ٹی آئی سے توقع رکھتی ہے کہ وہ راحیل شریف کے معاملے پر اپنا ٹھوس کردار ادا کریں گے۔ اسد نقوی نے کہا کہ پاکستان کو دوسروں کی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے، پہلے ہم نے غیروں کی جنگ میں کود کر ملک کو بہت نقصان کر لیا ہے، پارلیمنٹ کے فیصلے کے خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے، پارلیمنٹ نے اپنا متفقہ فیصلہ دیا تھا کہ ہمیں جنگ یمن کو فریق نہیں بننا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء کے الیکشن میں تحریک انصاف بھرپور انداز میں حصہ لے گی، بائیکاٹ کا کوئی چانس نہیں، الیکشن کمیشن اپنی آئنی ذمہ داری پوری کرے اور شفاف الیکشن کرائے، ہماری پیش کردہ تجاویز شفاف انتخابات کے لئے ہیں، پوری دنیا میں بائیو میٹرک ووٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے، پاکستان میں کیوں نہیں؟ اُنہوں نے کہا کہ جب میں وزیر خارجہ تھا تو ان سے پوچھا جائے کہ فارن آفس کو کیوں بائی پاس کیا گیا، جنہوں نے امریکن کو ویزہ دینے کے احکامات جاری کئے جواب بھی انہیں دینا ہوگا، میرے دور میں سب جانتے تھے کہ قومی سلامتی کے ایشو پر میری پالیسی کیا رہی، ملاقات کے دوران مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مختلف ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree