وحدت نیوز(مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، نیلم، میرپور، کوٹلی) ریاست آزاد کشمیر میں چہلم امام حسین علیہ السلام مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر، ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کرتے ہوئے امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی چہلم امام حسینؑ بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے۔ مقررین نے امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تا ہم مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی جانب سے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی سمیت لاپتہ افراد کی گمشدگیوں اور علامہ سید تصور نقوی پر حملہ کرنے والے مجرمان کی عدم گرفتاری پر احتجاج کیا گیا۔ تمام مرکزی جلوسوں میں قرارداوں کے ذریعے پنجاب حکومت سمیت ارباب اقتدار پر شدید تنقید کی گئی۔خطباء و مقررین نے سید ناصر عباس شیرازی کے اغوا کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پنجاب حکومت کا سیاہ کارنامہ قرار دیا۔ رانا ثناء اللہ کے کردار کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب سے انتقامی کاروایاں و ملت تشیع کے ساتھ ناروا سلوک بند کیے جانے مطالبات سامنے آئے۔

مقررین نے ملک بھر سے لاپتہ شیعہ افراد کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے ماورائے عدالت اقدامات کو ملکی استحکام کے خلاف گہری سازش سے تعبیر کیا۔ میرپور میں علامہ سید تنویر حسین شیرازی، کوٹلی میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل سید طاہر حسین بخاری، باغ میں ضلعی رہنماء ڈاکٹر مزمل رضوی، ہٹیاں بالا میں مجلس وحدت کے ریاستی رہنماء سید عاطف ہمدانی، نیلم میں ضلعی رہنما سید فضائل نقوی اور مظفرآباد مجہوئی کے مرکزی جلوس سے ریاستی رہنماء مولانا سید حمید حسین نقوی نے جلوسوں کے شرکاء سے خطاب میں ملت تشیع کیساتھ کیئے جانے والے بہیمانہ سلوک پر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے آزاد کشمیر حکومت کی علامہ تصور جوادی کیس پر آزاد کشمیر حکومت کی عدم توجہی کی بھرپور مذمت کی اور مجرمان کے نہ پکڑے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب چہلم کے بعد مرکزی رہنماء کی عدم بازیابی اور علامہ تصور جوادی کیس پر عدم توجہی کے خلاف کسی بھی حد سے گزرنے کو تیار ہیں صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا۔ جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) راولپنڈی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس میں نماز ظہرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ یزیدیت کا تعاقب اسوہ زینبی (س) ہے۔ مخدومہ کونین حضرت زینب سلام اللہ علیہ نے اپنے خطبات کے ذریعے جس جرات و استقامت کے ساتھ یزیدیت کے سیاہ چہرے سے نقاب اتارا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔جناب سیدہ سلام اللہ علیہ نے بصیرت و شعور دیا۔لوگوں کے ضمیر بیدار کیے۔ان کے کردار نے ہمیں استقامت، مقاومت اور حق پر ڈٹے رہنے کا سبق دیا ۔ہم اس خاندان عصمت و طہارت کے پیروکار ہیں جو حوصلوں اور عزم و استقامت کی معراج پر تھے۔عصر حاضر کی یزیدیت ہمارے حوصلوں کو پسپا نہیں کر سکتی۔پاکستان دشمن قوتیں اور ڈکٹیٹر ضیا ءکی باقیات نے پاکستان بنانے والوں کی اولاد پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی۔ہمارے علما ،ڈاکٹر،انجینئر ، نامور شخصیات اور نوجوانوں کو شناخت کر کے شہید کیا گیا۔مساجد و امام بارگاہوں کودہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔تکفیر کے ذریعے ہماری طاقت کو توڑنے کی کوشش کی گئی۔ہم کربلا کے ماننے والے ہیں،دشمنوں کے تمام منصوبوں کو ہم نے بصیرت و دانش سے ناکام بنایا،ہمیں انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،ملت تشیع کے نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا جا رہا ہے۔یہ نوجوان کئی سالوں سے لاپتا ہیں،جو پاکستان کے آئین و قانون کی صریحاََ خلاف ورزی ہے،پنجاب حکومت اگرسمجھتی ہے کہ ہمیں دبالے گی واللہ ہم سارے بھی زندانوں میں چلیں جائیں تمہارےسامنےسر نہیں جھکائیں گے۔

 پنجاب حکومت نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کو ریاستی اداروں کے ذریعے اغوا کرایا،ایم ڈبلیو ایم نے حکومت کی ملک دشمن پالیسیوں کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ اس سیاسی مخالفت پر حکومت پنجاب ہمیں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔پنجاب حکومت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ ملت تشیع سر کٹا تو سکتی ہے مگر باطل کے سامنے کبھی سر جھکا نہیں سکتی،یہ ہتھکڑیاں اور سلاخیں ہمیں حق بات کہنے سے خاموش نہیں کرا سکتیں۔ہم نے شجاعت کا درس کربلا کے مظلوموں سے لیا ہے،انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عدلیہ،افواج اور بااختیار اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سید ناصر شیرازی کو رانا ثنا اللہ کی قید سے آزاد کرایا جائے۔پنجاب حکومت کے اس ظلم پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ان ظالموں کا بھرپور تعاقب جاری رکھا جائے گا۔اگر ناصر شیرازی کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ان ظالم حکمرانوں کے خلاف ایک بار پھر پوری قوم کوسڑکوں پر آنے کے لیے پکارا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب حکومت ملوث ہے،ملت جعفریہ کو پنجاب میں دہشتگردوں کیساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی بربریت کا بھی سامنا ہے،جنازے بھی ہم اٹھائیں اور اسیر بھی ہم ہوں یہ کہاں کا انصاف ہے،چہلم کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور قوم کو ملک بھر میں سڑکوں پر نکالیں گے،ان خیالات کا اظہار امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی  مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیر اہتمام دوران مرکزی جلوس چہلم امام حسین ؑ میں ناصر شیرازی اور دیگر لاپتہ شیعہ جوانوں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ اتحاد امت اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھا،آج حکومت ہمیں اسی حب الوطنی کی سزا دے رہی ہے،جب ملک پر کرپٹ اور قاتل حکمران مسلط ہو تو مظلوم کس سے انصاف مانگیں،ہم ان ظالموں کے ظلم و بربریت کے آگے مرعوب نہیں ہونگے،انشااللہ اپنے بے گناہ گمشدہ رہنما سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئے  آئینی و قانونی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،جلوس میں موجود عزاداران نے سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کیخلاف لبیک یاحسینؑ کے نعروں کیساتھ صدائے احتجاج بلند کئے،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما خرم نقوی،رانا ماجدمو دیگر بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے رکن مرکزی نظارت سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے رانا ثناء اللہ کے ہاتھوں اغوا اور ایک سو سے زائد محب وطن شیعہ شہریوں کی اداروں کی غیر اعلانیہ اور غیر قانونی طور پر قید کیخلاف چہلم امام حسین (ع) کے مرکزی جلوس میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کا اہتمام آئی ایس او کراچی ڈویژن اور ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسین (ع) نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے علامہ احمد اقبال رضوی اور علامہ صادق رضا تقوی نے خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت قانون و انصاف کی برملا تضحیک کر رہی ہے، عدالت عالیہ کے حکم کے باوجود ناصر شیرازی کو عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا اور مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی گئی، ناصر شیرازی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے ہمیں بیشتر خدشات ہیں، پنجاب حکومت ظالموں کی حکومت ہے، جن پر قطعاََ اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی ایک سیاسی جماعت کا مرکزی رہنما، ہائی کورٹ کا سینیئر وکیل ہے، اتحاد بین المسلمین کے لئے ناصر شیرازی کی کوششوں کی تمام سیاسی جماعتیں معترف ہیں، وہ ملک میں بڑھتی ہوئی تکفیریت کے خلاف للکار سمجھے جاتے ہیں، انہیں اسی جرم کی سزا دی جا رہی ہے، ہماری اطلاعات یہ ہیں کہ بے جرم و خطا قید کئے جانے والے پاکستان کے غیرت مند فرزند ناصر شیرازی اور وطن کے دیگر باوفا بیٹوں پر غیر انسانی تشدد بھی کیا جا رہا ہے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ اور نواز لیگ کی پنجاب حکومت سن لے اگر ناصر شیرازی کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ پر عائد ہوگی، ناصر شیرازی سمیت دیگر مسنگ پرسنز کو حبس بے جا میں رکھا جانا، ان زیر کفالت مظلوم بوڑھے والدین، بیویوں، بہنوں، بھائیوں اور کمسن بچوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے، یہ غیر قانونی تحویل ان شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان کے آئین و قانون کے تحت کسی شہری کو اس طرح قیدی نہیں بنایا جاسکتا۔علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ اگر ناصر شیرازی سمیت دیگر افراد پر کوئی الزام ہوتا تو عدالت میں پیش کئے جاتے، ان کے عزیز و اقارب حکمرانوں اور عدلیہ کے سامنے درخواستیں پیش کرچکے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے یہ نام نہاد ادارے خدا کے قہر سے ڈریں کہ مظلوموں کی آہ سے عرش الٰہی بھی کانپتا ہے، ہم ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کرتے عزادارن امام حسین (ع) چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، صوبائی عدلیہ کے سربراہان سمیت سارے ذمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ ان مظلوم و بے قصور محب وطن شہریوں کے ساتھ یہ ظلم و تشدد، قید و بند کا سلسلہ ختم کرائیں اور ان کی فوری آزادی کو یقینی بنائیں، یہ شہری پاکستان کا سرمایہ ہیں، یہ شہری پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قدر کریں اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں، قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو جنگل کے قانون سے نجات دلائیں۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی ریاستی کابینہ کا اجلاس،چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر شیعہ مسنگ پرسنز ، ناصر عباس شیرازی کا اغوا اور علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر حملہ کرنے والے مجرمان کی عدم گرفتاری و حکومت آزادکشمیر کی علامہ تصور نقوی کیس پر عدم توجہی کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ،ترجمان مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر مولانا سید حمید حسین نقوی نے میڈیا کو جاری تفصیلات میں بتایا کہ فیصلہ کیا گیا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ آزاد کشمیر بھر کے جلوسوں میں مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔ خطباء حضرات اپنے خطابات کے دوران وفاقی، پنجاب اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کے ملت تشیع کے ساتھ ناروا سلوک کو عیاں کریں گے۔

 مولانا حمید نقوی نے کہا کہ چہلم کے بعد حکومتی ایوانوں کے گھراوکی تحریک ہو یا کوئی بھی کال مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر مرکز کی جانب سے ملنے والی ہر کال پر تاریخی احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سید ناصر عباس شیرازی سمیت تمام شیعہ لاپتہ جوانوں کی جبری گمشدگیوں کا از خود نوٹس لیں اور آزاد کشمیر حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لے۔ ورنہ ملت جعفریہ تمہارے ایوانوں کا گھیراؤ  کرنے اور ہر راست قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی  اور دیگر لاپتہ عزاداروں کے اغوا ءکے خلاف کل ملک بھر میں جلوس  چہلم امام حسین ؑ میں پرامن  احتجاج کیا جائے گا،چہلم امام حسین علیہ السلام کے بعد حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے۔پنجاب حکومت نے ایم ڈبلیو ایم سے حکومت مخالف پالیسیوں کا انتقام لینے کے لیے ناصر شیرازی کو ریاستی اداروں کے ہاتھوں اغوا کرایا،ناصرشیرازی کا اغواء ملت جعفریہ کو قومی عسکری اداروں سے محاذآراءکرنے کی پنجاب حکومت کی مذموم سازش ہے،ناصر شیرازی کے اغوا کی منصوبہ بندی میں شہباز شریف،حمزہ شریف اور رانا ثنا اللہ براہ راست ملوث ہیں۔پنجاب حکومت نے ملت تشیع کو مسلسل عتاب کا شکار بنایا ہوا ہے۔عزاداری سید الشہدا پر پابندی، بانیان پر بلاجواز مقدمات کا اندراج اور بے گناہ شعیہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی پنجاب حکومت کے وہ مذموم ہتھکنڈے ہیں جو ملت تشیع پر گزشتہ کئی سالوں سے آزمائے جا رہے ہیں۔ان مظالم پر پوری ملت تشیع پنجاب حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قانون و انصاف کی برملا تضحیک کر رہی ہے۔عدالت عالیہ کے حکم کے باوجود ناصر شیرازی کو عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا اور مزیدایک ہفتے کی مہلت مانگ لی گئی۔ناصر شیرازی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے ہمیں بیشتر خدشات ہیں۔پنجاب حکومت ظالموں کی حکومت ہے جن پر قطعاََ اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا ناصر شیرازی ایک سیاسی جماعت کا مرکزی رہنما ،ہائی کورٹ کا سینئر وکیل ہے ۔اتحاد بین المسلمین کے لیے ناصر شیرازی کی کوششوں کی تمام سیاسی جماعتیں معترف ہیں۔وہ ملک میں بڑھتی ہوئی تکفیریت کے خلاف للکار سمجھے جاتے ہیں۔انہیں اسی جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چہلم کے بعد حکومتی ایوانوں کے گھیراؤ کی جس تحریک کا آغاز کرنے ہم جا رہے ہیں وہ ظالم حکمرانوں کو ہمیشہ یاد رہے گی۔ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ فوراً ناصر شیرازی کو رہا کرے بصورت دیگر ہمارا احتجاج حکومت ایوانوں کی بنیادیں ہلا دے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر ناصر شیرازی کو فورابازیاب نہ کرایا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ اور ان کے حواریوں پر ہو گی۔رانا ثنا اللہ نے عدالت عالیہ کے دو ججز کو شیعہ جج کہہ کر تعصب کو ہوادی جوبذات خود جرم ہے، اس جرم کی سزا رانا ثناء اللہ کو دینے کے بجائے بے گناہ ناصر شیرازی کو اغوا کرلیاگیا ۔ملت تشیع پاکستان کی سب سے بڑی افرادی قوت ہیں، بدمعاش حکومت ہمیں تنہا نہ سمجھے۔ ہم لاقانونیت کے مرتکب افراد کے خلاف اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک انہیں انصاف کے کٹہرے میں نہ لائے جائے۔

انہوں نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقعہ پر ملک کے مختلف شہروں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔اس موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین کے تین ہزارسکاؤٹس ملک کے مختلف شہروں میں متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ کراچی،راولپنڈی،کوئٹہ ،لاہور اور پشاور سمیت حساس مقامات پر رینجرز اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات ہونی چاہیے تاکہ شر پسند عناصر کو کسی شرپسندی کا موقعہ نہ مل سکے۔جلوسوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں اورگرد و نواح کی تمام شاہراؤں کی کڑی نگرانی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا بانیان جلوس اور سکاؤٹس کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کریں۔

پریس کانفرنس میں علامہ مرزایوسف حسین مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان ، محمد عباس جنرل سیکریٹری آئی ایس او کراچی ڈویژن، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما علامہ نشان حیدر ، علامہ محمد صادق جعفری ،علامہ اظہر حسین نقوی ، علامہ مبشرحسن اور علامہ احسان دانش بھی موجود تھے۔

Page 8 of 43

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree