وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے اغوا کار سرکاری اورایلیٹ فورس کی گاڑیوں میں تھے۔ایک مذہبی وسیاسی جماعت کے ایسے مرکزی رہنما کو پنجاب حکومت کی ایما پر اغوا کیاگیا ہے جس پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ یا الزام نہیں۔انہیں رانا ثنا اللہ کے خلاف پیٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ناصر شیرازی کا اغوا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔حکومت پنجاب کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف جمعہ کے روز پورے ملک میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے۔لاہور میں احتجاجی جلوس پریس کلب سے وزیر اعلی ہاؤس تک نکالا جائے گا۔پنجاب کی انتظامیہ اور ادارے ریاست کی بجائے شخصی غلامی کا حق ادا کر کے قانون و آئین سے انحراف کر رہے ہیں۔سیکورٹی ادارے عوام کوتحفظ فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔اس اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ اور آئی جی پنجاب ہیں۔اختیارات اور طاقت کا ناجائز استعمال غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔اگر ناصر شیرازی کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہو گی۔ ناصر شیرازی کی عدم بازیابی کی صورت میں پنجاب ہاؤس کے گھیراؤ سمیت متعدد دیگر آپشنززیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم کے دو نوجوانوں کے لاپتہ ہونے پر نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت دیگر رہنماؤں نے واویلا کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ہمارے مرکزی رہنما کے اغوا پر دانستہ نظر انداز کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔مغوی کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ دائر کرنے سے پولیس نے انکار کر دیا ہے۔اغوا کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے ہم نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ظالموں کے مقابلے میں ہم کبھی سرنگوں نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب اس ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں ۔ہم ان دشمنوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے دشمن ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ناصر شیرازی کے اغواکا مقصد حکومت مخالف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا دھمکانا ہے۔پوری انتظامی مشینری نا اہل وزیر اعظم کو پروٹوکول دینے میں مصروف ہے۔ملکی آئین و قانون کو پامال کیاجا رہا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔اس سنگین مسئلہ میں حکومت کی غیر سنجیدگی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث ہو گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکز ی سیکریٹری جنرل محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کی جبری گمشدگی کے خلاف مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہاہے کہ پنجاب حکومت اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ناصر شیرازی وطن کا باوفا بیٹا ہے، جسے مظلوموں کی حمایت اور آئین کی بالادستی کے جرم میں گرفتار کیاگیا، ایم ڈبلیوایم نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین، آئین کی باسداری اور مظلوموں کی حمایت کی سیاست کی ہے، ناصرشیرازی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں ، اگر حکومت پنجاب نے ہوش کے ناخن نا لیئے اور ناصر شیرازی کو فوری طور پر رہا نہ کیا تو ملت کی بیٹیاں کردار زینبی ؑ اداکرتے ہوئےوقت کے یزیدوں کے جینا دوبھر کردیں گی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی بازیابی، وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ سید ناصر عباس شیرازی کے بھائی علی عباس شیرازی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناصر شیرازی نے لاہور ہائیکورٹ میں رانا ثناء اللہ کی نااہلی کیلئے رٹ پٹیشن دائر کر رکھی ہے، جس کی پاداش میں رانا ثناء اللہ نے انہیں گذشتہ شب لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے اغوا کروا لیا ہے۔ درخواست میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ تھانہ ستوکتلہ میں ناصر شیرازی کے اغواء کیخلاف درخواست دی، لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پولیس کو اندراج مقدمہ کا حکم دیا جائے اور ناصر شیرازی کو فوری بازیاب کروایا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور) معیشت کی تباہ حالی کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں،کرپشن ملک کیخلاف معاشی دہشتگردی ہے،وقت آگیا ہے کہ سیاسی فرعونوں،معاشی قارونوں اور مذہبی بلعم بعوروں کا بے رحمانہ احتساب کیا جائے،بلوچستان میں انتہاپسند مذہبی گروہ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر معصوم لوگوں کا خون کر رہے ہیں،دہشتگردی کا خاتمہ شاخ تراشی سے نہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سےہوگا،ن لیگی حکومت نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا،اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ریاست کے وفادار نہیں ہوسکتے،خاندانی سیاسی نظام کے خاتمے کے بغیر جمہوری نظام کا پنپنا مشکل ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور صوبائی سیکرٹریٹ میں عمائدین ملت جعفریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا ملت جعفریہ کیخلاف حکومتی انتقامی کاروائیوں پر خاموش نہیں رہیں گے،لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قومی تنظیموں کیساتھ ہیں،ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں،بانیان پاکستان کے اولادوں کو دیوار سے لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے،ہم نے ہزاروں لاشے اُٹھائے لیکن قائد اور اقبال کے پاکستان پر آنچ تک آنے نہیں دیا،ہم چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کردار ادا کریں،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پنجاب میں عزاداری اور عزاداروں کیخلاف ساڑھے آٹھ سو سے زائد ایف آئی آر ز کا اندراج پنجاب حکومت کی متعصبابہ سوچ کی عکاسی ہے جسے چہلم امام حسین ؑ کے بعد اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے،انتظامیہ میں موجود متعصب اہلکاروں کیخلاف بھی عدالتوں سے رجوع کریں گے،انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 کی تیاری کے لئے کارکنان دن رات ایک کرکے کام کریں ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،انشااللہ اس کرپٹ نظام کیخلاف جناح اور اقبال کے پاکستان کے دوبارہ سے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین سنٹرل پنجاب کے عزاداری سیل کا اجلاس سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب علامہ مبارک موسوی کے زیر صدارت صوبائی سیکرٹریٹ سنٹرل پنجاب میں منعقد ہوا،جس میں سید حسن کاظمی،رانا ماجد علی رائے ناصر علی،نجم الحسن،آغا نقی مہدی،سید حسین زیدی،اسدعلی،سید سجاد نقوی سمیت دیگر کارکنان شریک ہوئے،اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری عزاداری سیل رانا ماجد علی نے کہا کہ امسال پنجاب میں انتظامیہ نے مجالس ،جلوس ہائے عزاء کی انعقاد کے جرم میں ملت تشیع کیخلاف ساڑھے آٹھ سو سے زائد بلاوجہ ایف آئی آر کا اندراج کرکے ہمارے بنیادی آئینی حق پر قدغن لگانے کی کوشش کی ہے،جس کی ہم پور زور مذمت کرتے ہیں ،چہلم امام عالی مقام ؑ کے بعد ہم اس متعصبانہ عمل کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کریں گے،فیصل آباد ،سیالکوٹ،ناروال،اوکاڑہ،فاروق آباد،چونیاں،قصور،ساہیوال میں عزاداران امام عالی مقام کو مسلسل شرپسندوں کیساتھ مل کر انتظامیہ ہراساں کرتی رہی،آپریشن ردالفساد کے باوجود شرپسند گروہ کھل کر محرم میں امن عامہ کی تہہ تیغ کرنے میں پیش پیش رہے،بارہا انتظامیہ کے نوٹس میں ان واقعات کو لانے کے باوجود ان شرپسندوں کیخلاف کوئی کاروائی نہ کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ ان شرپسندوں کو پنجاب حکومت کی آشیرباد حاصل تھی،فیصل آباد میں شرپسند گروہ نے مدینہ ٹاوُن میں چھتوں پر چڑھ کر عزاداران پر پتھراو کرتے رہے،لیکن عزاداران کی جانب سے امن عامہ کے خاطر کوئی درعمل نہیں دکھایا، فیصل آباد پولیس نے الٹا بے گناہ عزاداروں کیخلاف مقدمات درج کئے،ہم اس متعصبانہ عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،اوراس کیخلاف ہر قسم کے قانونی آئینی جدو جہد جاری رکھیں گے،لاہور ساندہ میں ن لیگ کے مقامی کونسل آصف ملک کی سرپرستی میں شرپسندوں نے چاردیواری کے اندر منعقد ہونے والے مجلس پر حملہ آور ہوئے اہل خانہ کو ہراساں کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ،لیکن انتظامیہ کو وہاں بھی ہم نے بے بس دیکھا،انہوں نے کہا کہ ملک جہاں جہاں ن لیگ کی حکومت ہے وہاں وہاں ملت جعفریہ مشکلات کا شکار ہے،ایام عزاء کے بعد عزاداران کی اجلاس میں حکومتی متعصبانہ عمل کیخلاف لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

وحدت نیوز(لاہور) نام نہاد جمہوریت اور سیاست بچانے کے لئے ریاست کو داوُپر نہیں لگانے دینگے،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ ن لیگی حکومت ہے،پنجاب میں عزاداروں پر ایک ہزار سے زائد ایف آئی آر کا اندراج قابل مذمت ہے،عزاداری کو محدود کرانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے،ن لیگ کے صفوں میں دہشتگردوں کے سرپرست اور ملک دشمنوں کے ایجنٹ موجود ہیں،الیکشن 2018 کو سنٹرل پنجاب میں چلینج سمجھ کر لڑیں گے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں سنٹرل پنجاب کے اراکین کے اجلاس سے خطاب میں کیا،انہوں نے کہاکہ پنجاب سے لاپتہ ملت جعفریہ کے علماء و نوجوانان ن لیگ حکومت کے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا ہے،ہم اس حکومتی غیر قانونی و غیر انسانی رویے پر ہر فورم پر آواز اُٹھاتے رہیں گے،وقت آنے پر ہر قسم کے قانونی و آئینی احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ہم بانیان پاکستان کی اولاد ہیں،ہمیں فخر ہیں کہ ہم نے ملکی سلامتی و استحکام کے لئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے،اور انشااللہ وقت آنے پر مزید ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

Page 3 of 5

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree