وحدت نیوز (حیدر آباد) وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی ایماء پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماسید ناصر عباس شیرازی ایڈوکیٹ کے ماورائے عدالت اغوا کے خلاف ایم ڈبلیوایم ضلع حیدر آباد کیجانب سے اولڈ کیمپس تا پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، بعد ازاں پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا،احتجاجی مظاہرے میں علمائے کرام اور خواتین اور مرد کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت، علامہ احمد اقبال رضوی نے پنجاب حکومت پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ کی صوبائی حکومت ایم ڈبلیوایم کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائیاں ترک کرے ، ناصرشیرازی وطن عزیز کا محب وطن فرزند ہے، ناصرشیرازی کی عدم بازیابی کےخلاف جلد تحت لاہور کا گھیراو کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سندھ علامہ دوست علی سعیدی نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے ہاتھوں ناصر عباس شیرازی کے اغواء کے خلاف سندھ بھر کے تمام اضلاع کی جامع مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان ناظم آباد کراچی کے باہر کیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹریٹ سولجر بازار میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ دوست علی سعیدی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ اس پولیس اسٹیٹ کے بادشاہ ہیں جہاں لاقانونیت، عدم تحفظ اور ظلم و بربریت کا راج ہے، سیاسی مخالفین کو بلاجواز گھروں سے اٹھاکر نجی عقوبت خانوں میں قید کر لیا جاتا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی کو ایلیٹ فورس کی گاڑیوں کے ذریعے اغواء ہوئے دو ہفتے گزر چکے ہیں، عدالتی حکم کے باوجود انہیں نہ تو عدالت میں پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کی خیریت سے ان کے اہل خانہ کو آگاہ کیا جا رہا ہے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین و قانون کی پامالی کی اس سے بڑی مثال نہیں ملتی۔
وحدت نیوز (ہنگورجہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ اسیروں کی رہائی کے لئے جیل بھرو تحریک ضرور کامیاب ہوگی، کیونکہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ ماورائے آئین اور قانون اقدامات سے معاشرے میں انتشار پھیلتا ہے جبکہ ریاستی اداروں کو چاہیئے کہ وہ مہذب معاشرے کے قیام کے لئے خود کو آئین اور قانون کا پابند بنائیں۔ مسنگ پرسنس کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندہ سمیت ملک بھر میں سینکڑوں کارکن جیل بھرو تحریک کے لئے آمادہ ہیں۔ گورنمنٹ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے مسئلے کو جلد حل کرے بصورت دیگر ضلعی سطح تک جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ محب وطن اور پرامن قوم ہے جس نے ہمیشہ امن و محبت کا پیغام دیا ہے، سینکڑوں شہداء کے جنازے اٹھا کر بھی ملکی سالمیت اور وقار کے منافی کوئی اقدام نہیں کیا۔ ایسی مہذب قوم کو اغیار کی خوشنودی کے لئے ظالمانہ بیلنس پالیسی کے تحت رگڑنا انتہائی غیر منصفانہ اقدام ہے۔ انہوں نے جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر فضل حسین اصغری اور اے ایس او کے صدر برادر حبدار علی سے جیل بھرو تحریک اور شیعہ مسنگ پرسنز کے اشو پر ملت جعفریہ کی مشترکہ جدوجہد پر مشاورت کی اور کہا کہ اس تحریک میں ملت جعفریہ کی تمام تنظیمیں، شخصیات اور علمائے کرام اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی اھداف کا حصول یقینی بنائیں گے۔
وحدت نیوز (ٹنڈو محمد خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے لاپتہ شیعہ مومنین کی بازیابی اور جیل بھرو تحریک کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی رہنماؤں مولانہ محمد بخش غدیری۔محمد اشرف اور فیاض علی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں دہشتگردی عروج پر ہے، ایسے میں حکمران متعصبانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان بھر سے محب وطن شہریوں کی بلاجواز گرفتاری اور گمشدگی قابل مذمت ہے۔ ملک بھر سے شیعہ افراد کو بلاجواز گرفتار کرکے انہیں لاپتہ کیا جارہا ہے جن کو اب تک بازیاب نہیں کیا گیا۔ اگر ان لاپتہ افراد کا کوئی جرم ہے تو انہیں عدالتوں میں پیشے کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھرمیں دہشتگردی کا نشانہ بھی ہمیں بنایا گیا اور آج اسیر بھی ہمیں بنایا جارہا ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کو فی الفور بازیاب کیا جائے اور ہم جیل بھرو تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (رتودیرو، سکھر) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کہا ہے کہ ملت تشیع ملک کی انتہائی پرامن محب وطن اور اتحاد کی داعی ملت ہے، ہمارے علمائے کرام سادات اور جوانوں کو ظالمانہ بیلنس پالیسی کے تحت اٹھایا جا رہا ہے، مجاھد ملت علامہ سید حسن ظفر نقوی تنہا نہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ جیل بھرو تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، صورتحال کا ادراک نہ کیا گیا تو ملک گیر تحریک چلے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مومنین گذشتہ کتنے مہینوں سے لاپتہ ہیں۔ جن کے بوڑھے والدین ارباب اختیار کےِ در پر باربار درخواست دیتے رہے مگر کوئی انہیں انصاف دینے کے لئے آمادہ نہیں، ہم مختلف پروگراموں میں وقتاً فوقتاً بتاتے آرہے ہیں، پر آج تک انکا کوئی پتا نہیں چل پایا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہم نے اج تک کسی مجرم کی حمایت نہیں نہ ہی آئندہ کبھی کسی مجرم حمایت کرینگے۔ مگر مظلوم کا ساتھ دینا ہمارا فریضہ ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کے ہم یہ ضرور کہتے ہیں کہ اگر کسی کو سزا دینی ہے تو وہ بھی آئین اور قانون کے مطابق ہو۔ یہ نہیں ہوسکتا کے آپ کسی کو ماورائے قانون ماورائے عدالت اٹھائیں۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ یہ ناقابل قبول ہےِ کہ آپ غیر قانونی طور پر کسی کو اٹھائیں اور اس کو پتا بھی نہ چلے کے اس کا قصور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے حکمران اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں گے۔ ہمارے بزرگ عالم دین مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا ہے، ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اربابِ اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو جلد حل کریں ورنہ ہم پورے سندھ میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔
اور جیل بھرو تحریک ملک گیر رخ اختیار کرے گی۔ سندھ میں اس وقت بھی ہزاروں عاشقانِ اہل بیت ع جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔ پریس کانفرنس میں مجلسِ وحدت مسلمین ضلع سکھر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ احسان علی شر و دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) مجلس وحدت مسلمین ٹنڈو محمد خان کے رہنماؤں نے یکم محرم تا دس محرم الحرام تمام اداروں کے بھترین انتظامات پہ اظھار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتھائی مشکور و ممنون ہیں پولیس انتظامیہ باالخصوص ڈی سی ھادی بخش زرداری،میڈم نسیم آرا پنھور،ڈی ایس پی گل عباس ،ایس ایچ اواے ڈی پنھور ،ڈی آئی بی انچارج محمدعلی زنؤر،سید محبوب شاہ اور سید ظہیر حسین اور دیگر پولیس اہلکاروں کے جنہوں نے دن رات ایک کرکے امن و امان کی بحالی کے لئے بھتر اور منظم انتظامات کئے انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دھشتگردی کے نشانے پر ہے محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ بھر کو حساس قرار دیا گیا تھا جس میں ٹنڈو محمد خان بھی سرفھرست ہے۔پولیس کیجانب سے بھترین سیکیورٹی انتظامات یعنی دھشتگردی کیخلاف جنگ میں فتح حاصل کرنے کے مترادف ہے اور انسانیت کے دشمن اس جنگ میں شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔دوران محرم پولیس انتظامیہ کا بھترین تعاون رہا پولیس انتظامیہ کی انتھک محنتیں لائق تحسین ہیں۔ہم دھشتگردی کیخلاف اس جنگ میں پاک فوج اور پولیس انتظامیہ کے شانہ بشانہ ساتھ ہیں جہاں بھی ضرورت پڑی ہم پولیس انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرینگے امید ہے ایسے ہی پولیس انتظامیہ بھی اسی طرح عوام کے تحفظ کے لئے بھتر انتظامات کرتی رہے گی۔