Print this page

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا نیمہ شعبان اور جشن ولادت امام مہدی آخر الزمان ؑ کے موقع پر امت مسلمہ کے نام پیغام

08 اپریل 2020

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے نیمہ شعبان شب برات کے مبارک موقع پرقوم کو حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ علیہ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے اس رات کی مبارک ساعتوں کو عبادت میں بسر کر کے اپنے گناہوں کی بخشش،ملک و قوم کی سلامتی اور کورونا کی وباکے خاتمے کے لیے دعائیں مانگی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شب برات میں عبادات کی انجام دہی میں ان تدابیر کو نظر اندازنہ کیاجائے جن پر حکومت کی طرف سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔شب برات اللہ تعالی کی طرف سے مومنین کے لیے وہ خاص رات ہے جس میں لوگوں کے رزق اور تقدیر کے تعین کی روایات موجود ہیں لہذا اس رات کو غیر ضروری اور دنیاوی مصروفیات میں ضائع کرنے کی بجائے اللہ تعالی ،رسول کریم اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کا قرب حاصل کرنے کے لیے ذکر و اذکار میں گزارنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امام مہدی ؑ عجل اللہ فرجہ کے ظہور میں تعجیل کے لیے ہم سب کے ہاتھ سر بلند رہنے چاہیے۔ امام مہدی ؑ ہی عالم بشریت کے لیے نجات دہندہ ہیں۔آج امت مسلمہ جس زوال و ذلت کا شکار ہے اس کا بنیادی سبب اس فکری تربیت کا فقدان ہے جس کا درس آل رسول علیھم السلام کے گھرانے نے دیا ۔انہوں نے کہا دنیا کے دیگر مذاہب کا بھی اس حقیقت پر کامل یقین ہے کہ جب دنیا گناہوں سے بھر جائے گی تو ایک نجات دہندہ کی آمد ہو گی۔مسلمانوں کے اس عقیدے کو غیر مسلموں کی طرف سے بھی تسلیم کیا جانا اس کے سچا ہونے کی ایک دلیل ہے۔

انہوں نے کہا ہماری قوم نیمہ شعبان کی رات اپنے وقت کے امام ؑ کو اس انداز سے پکارے جیسے وہ انہیں اپنے سامنے دیکھ رہی ہے۔ یہ معرفت اور یہی اعتقاد ہمیں گناہوں سے دور اوراپنے امام ؑکے قریب کر دے گا،امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس مستضعفین جہاں کے لئے امید کا مرکز و محور ہیں۔

بقول شاعر مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ

دنیا کو ہے اس مہدی ع برحق کی ضرورت
ہو جس کی نگاہ زلزلہ عالم افکار

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree