Print this page

گنجمنڈی راولپنڈی پر حملہ اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش ملک دشمن قوتوں کی کارستانی ہے، علامہ احمد اقبال رضوی

14 دسمبر 2020

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے راولپنڈی کے علاقے گنجمنڈی میں گرنیڈ حملے اوراسلام سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک دشمن قوتوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے دشمن ہر طرح کے حربے استعمال کر رہا ہے ۔مذہبی منافرت کے پرچار میں ناکامی کے بعد سیاسی بحران کھڑا کر کے اوردہشت گردانہ کاروائیوں کے ذریعے عوام میں مایوسی اور خوف و ہراس کی فضا پیدا کی جا رہی ہے تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کی جاسکیں۔دہشت گردی کے خلاف ہماری قوم نے طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے۔ایسے عناصر کو پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا جو ملک میں انارکی پیدا کر کے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور پوری قوم نے شدت پسندوں کو شکست دینے کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی۔پڑوسی ملک بھارت کی جارحیت صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ وہ اپنے آلہ کاروں کے ذریعے وطن عزیز کے داخلی امن کو بھی تہس نہس کرنے کے لیے متحرک ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کو یہ بات ذہن نشیں کرنا ہو گی کہ ہماری قوم پڑوسی ملک کے شیطانی عزائم کوہر محاذ پر ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکی ہے۔امن و امان کی موجودہ صورتحال جن دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ان کے پیٹ میں یہ درد اب ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں کو  مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree