Print this page

نئے سال کا آغاز پوری قوم اس عزم اور عہد کے ساتھ کھڑے ہوں کہ ہر اس قوت کی مخالفت کی جائے گی جو ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کرتی ہو، علامہ راجہ ناصرعباس

31 دسمبر 2020

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے نئے سال کی آمد پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے انفرادی کردار ادا کیاجائے گا۔ باہمی اتحاد و اخوت کے جذبوں سے سرشار ہو کر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ہر قسم کے تعصبات، دوریوں اور نفرتوں کو مٹا کر رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا مادر وطن کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ اس میں بسنے والے ہر فرد کو بلاتخصیص مذہب و ملت برابری کے حقوق حاصل ہیں۔مختلف مسالک کے مابین موجود اختلافات کی بنیاد علمی و تاریخی ہے جسے ملک دشمن قوتیں آپس کی دشمنی میں بدلنا چاہتی ہیں۔ہم مشترکہ دشمن کے نشانے پر ہیں۔ ہمیں فروعی اختلافات کو نظر انداز کر کے اس دشمن کا درک کرنا ہو گا جو ایک خودمختار اور پُرامن اسلامی ریاست کو جہنم بنانے پرتُلا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ہم سب کی شناخت اور ہمارے عقیدوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ہماری سلامتی ارض پاک کی سالمیت و بقا سے مشروط ہے۔ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔نئے سال کا آغاز پوری قوم اس عزم اور عہد کے ساتھ کھڑے ہوں کہ ہر اس قوت کی مخالفت کی جائے گی جو ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کرتی ہو۔ملک کی ترقی میں ہر شخص اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرے گا۔کسی بھی ایسی مذہبی و سیاسی جماعت کے آلہ کار کا کردار قطعاََ ادا نہیں کیا جائے گا جس کا مقصد ملک میں انارکی پھیلا کر سیاسی ،معاشی، تجارتی یا اقتصادی نظام کو پٹری سے اتارنا ہو۔انہوں نے کہا کہ پُرامن پاکستان ہی ہم سب کے لیے کامیابی کی نوید ثابت ہو سکتا ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree