Print this page

آج پاکستان کی قائداعظم کے اصولوں اور حکیم الامت علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں تعمیر نو کی ضرورت ہے، علامہ مقصودڈومکی

22 مارچ 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے طویل جدوجہد کے ذریعے انگریز سامراج کی غلامی سے نجات حاصل کی اس جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور حضرت حکیم الامت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم قائدین کی قیادت انہیں میسر آئی۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شاعری کے ذریعے امت مسلمہ کو اور خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ان کی شاعری اور افکار ونظریات آج بھی امت مسلمہ کے لیے اور پاکستان کے عوام کے لئے ایک عظیم سرمایہ ہے حکیم الامت کے افکار اور نظریات ہمارے لیے آج بھی مشعل راہ ہیں جو ہمیں امریکی سامراج کی غلامی کی بجائے ایک آزاد اور خودمختار قوم کی حیثیت میں عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے کہ جب برصغیر کے مسلمانوں نے مصور پاکستان حکیم الامت ڈاکٹر محمد اقبال کے دیئے ہوئے نظریہ کے مطابق ایک آزاد اسلامی مملکت کا نقشہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو قائد کے اصولوں اور حکیم الامت علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں تعمیر نو کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا المیہ ہے ہے کہ انہیں حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال جیسے عظیم قائدین کے جانشین کے طور پر بونے اور چھوٹے قد اور چھوٹی فکر کے مفاد پرست سیاستدان رہبر کی صورت میں ملے جن کا کردار رہبر سے زیادہ راہزن کا ہے۔ پاکستان کو اللہ نے ہر طرح کی نعمت سے نوازا ہے لیکن صالح قیادت کے فقدان کے باعث وطن عزیز پاکستان ان مشکلات پر قابو پانے سے قاصر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بابائے قوم مادر ملت اور مصور پاکستان سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ان کی دی ہوئی امانت یعنی وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاک وطن کو فرقہ واریت کی لعنت اور قوم پرستی کی نفرتوں سے پاک کرتے ہوئے ایک جدید ترقی یافتہ اسلامی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے جہاں اقوام اور مذاہب کے درمیان محبت اور اخوت کا رشتہ قائم ہو۔ مجلس وحدت مسلمین قائد اعظم اور حکیم الامت کے نظریات اور اصولوں کی پاسدار جماعت ہے جو وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree