Print this page

مجلس وحدت مسلمین کا ریاست آزاد جموں کشمیر کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

24 مئی 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کا ریاست آزاد جموں کشمیر کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان، سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت کمیٹی برائے انتخابات 2021ریاست آزاد جموں کشمیر کے ایک اہم اجلاس میں کیے جانے والے اس فیصلے کی اکثریت رائے سے منظوری دی گئی ہے۔

 اجلاس میں ریاستی امور کے حوالے سے طویل گفت و شنید کے بعد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جو پاکستان میں ملت مظلوم کے سیاسی استحکام اور وقار کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔اپنی قوم کی ہر سطح پر نمائندگی ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ملک کے قومی، صوبائی ، بلدیاتی اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں ہم نے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا اور شبانہ روز کاوشوں سے اپنی سیاسی اہلیت کو ثابت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے متوقع انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ اصولی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے اتحاد و اخوت کے منشور کو تمام مکاتب فکر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے جماعت کو مختلف مکاتب فکر میں یکساں مقبولیت حاصلِ ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کےحوالے سے حکمت عملی کو ترتیب دینے کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ سیاسیات کو بھی خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں۔ مجلس وحدت مسلمین ریاست آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی اور پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات میں بہترین نتائج کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree