Print this page

شہید ڈاکٹر سرفراز نعیمی ایک جرات مند شخصیت تھے جو فتنوں اور فتنہ پسندوں کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتا تھے، علامہ راجہ ناصرعباس

19 جون 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہید پاکستان اور اتحاد امت کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر سرفراز نعیمی اتحاد امت کے حقیقی داعی تھے۔آپ نفاق بین المسلمین کے خاتمے کے لیے ساری زندگی متحرک رہے۔اتحاد امت کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔حق اور اصولی بات پر ڈٹ جانا ان کا طرہ امتیاز تھا۔وہ ایک جرات مند شخصیت تھے جو فتنوں اور فتنہ پسندوں کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتا تھے۔ڈاکٹر سرفراز ملنسار اور شفیق انسان تھے۔اپنے متاثر کن لب و لہجے کی بدولت ایک ہی ملاقات میں دوسروں کو گرویدہ کر لیتے۔ اتحاد امت کے لیے ان کے فکر و نظریات ان کے چاہنے والوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم پر حتمی فیصلہ جید علمائے کرام کی تجاویز و آراء کے بغیر جلدی بازی میں کرنا مشکلات کو دانستہ دعوت دینے کے مترادف ہے۔تکنیکی و سائنسی علوم یا زبان کے اعتبار سے نصاب کو یکساں کیا جا سکتا ہے تاہم کسی مخصوص مسلک کے عقائد اور تاریخ کو حقیقی تسلیم کرنے پر دوسروں کو زور نہیں دیا جا سکتا۔یہ ایک حساس مسئلہ ہے جس پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کو اعتماد میں لینا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی مداخلت سے خطے کی صورتحال دن بہ دن پیچیدہ ہورہی ہے۔ قومی مفادات کے تحفظ اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree