Print this page

مرکزی ترجمان ایم ڈبلیوایم علامہ مقصود ڈومکی کا رہنما پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی سینیٹر عثمان کاکڑکی ناگہانی وفات پر اظہار افسوس

23 جون 2021

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے ممتاز پشتون قوم پرست رہنما ، مرکزی رہنما پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی سینیٹرلالہ عثمان کاکڑ کی وفات پر پورا ملک خصوصاً بلوچستان سوگوار ہے۔ پشتون قبائل اور بلوچستان کے حقوق کے لئے لالہ عثمان کاکڑ کی سیاسی جدوجہد کو سر زمین بلوچستان کے عوام نے قبائلی تفریق سے بالاتر ہو کر خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حب سے کوئٹہ تک بلوچ عوام نے جس طرح جگہ جگہ ایک اس وطن کے بہادر بیٹے اور پشتون لیڈر سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اس نے نفرتوں کے علمبرداروں کو مایوس کیا۔ سر زمین بلوچستان پر صدیوں سے آباد بلوچ اور پشتون قبائل کے درمیان اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے لازوال رشتے قائم ہیں جسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ آج ہمیں اس سر زمین پر صدیوں سے آباد برادر اقوام کے درمیان اتحاد اخوت بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت ہے۔ آج پشتون اور بلوچ کے درمیان اتحاد و اخوت کی عملی تصویر نظر آئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اتحاد اخوت اور محبت کو نظر بد سے بچائے۔

انہوں نے کہا کہ جو سیاسی رہنما عوام کے درد کو اپنا درد سمجھتے ہوئے کرپشن کی بجائے اخلاصِ اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں عوام ان سے والہانہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ آللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ اور مرحوم کے ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree