Print this page

پاک فوج کے نوجوانوں پر حملے وطن عزیز اور ریاستی اداروں کے خلاف مذموم حربے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

26 جون 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں ایف سی کے پانچ نوجوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے میں دہشت گردی کا دوسرا واقعہ رونما ہونا تشویشناک ہے۔ ستر ہزار جانوں کا نذرانہ دے کر جس امن کو بحال کیا گیا تھا اسے ایک بار پھر چیلنجز کا سامنا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج اور قوم نے بھاری قیمت چکائی ہے۔ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کے امن کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا جب تک مکمل صفایا نہیں کر دیا جاتا تب تک وطن عزیز پر خطرات کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔ملک دشمن عالمی طاقتوں  کے آلہ کار چاہے کسی بھی روپ میں ہوں ان کے خلاف بھرپور آپریشن وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

 انہوں نے کہا پاک فوج کے نوجوانوں پر حملے وطن عزیز اور ریاستی اداروں کے خلاف مذموم حربے ہیں۔ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر کے لیے دعا کی ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree