Print this page

غدیر کے ماننے والے نظام ولایت فقیہ کے سائے میں یزیدی قوتوں کے مقابل سینہ سپر ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

28 جولائی 2021

وحدت نیوز(کوئٹہ)مرکز تبلیغات اسلامی کے زیر اہتمام مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ میں جشن عید غدیر منعقد ہوا۔ تقریب جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اہل سنت کے بڑے بڑے علماء اور محدثین نے حدیث غدیر خم کو نقل کیا ہے، لہذا حدیث غدیر شیعہ اور اہل سنت کے ہاں مسلمہ حقیقت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے السیف الجلی علی منکر ولایت علی علیہ السلام کے عنوان سے اعلان غدیر کو اہل سنت کتب احادیث سے نقل کرکے اس عظیم تاریخی حقیقت کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غدیر کے میدان میں جس نظام ولایت و امامت کا اعلان کیا گیا وہ تا قیامت بشریت کے لئے نجات کا پیغام ہے۔ عصر حاضر میں نظام ولایت نائب امام یعنی فقیہ عادل کی قیادت میں ظہور امام زمانہ علیہ السلام کے لئے زمینہ سازی میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر میں غدیر کے ماننے والے نظام ولایت فقیہ کے سائے میں یزیدی قوتوں کے مقابل سینہ سپر ہیں۔ حزب اللہ کی کامیابی کا راز نظام ولایت فقیہ سے تمسک ہے۔ اس موقع پر تقریب سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد لقمان کاکڑ، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی رہنما مولانا ذوالفقار علی سعیدی، مولانا سہیل اکبر شیرازی، مولانا عبد الحق جمالی، مسؤل مبلغین مولانا سید محمد رضا اخلاقی نے خطاب کیا جبکہ حاجی سید اصغر آغا، حاجی دولت حسین، حاجی غلام علی نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء اور طالبات کے درمیان مضمون نویسی، کوئز اور تقریری مقابلہ منعقد ہوا، جس میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree