اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسنؑ جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے اور دشمن کو اپنے مکر وفریب میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

06 اکتوبر 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسن ع کا ہر عمل حکمت و دانش سے بھرپور اور ہر قول اپنے اندر علم کے خزانے سمیٹے ہوئے تھا۔آپ سراپا حق و صداقت تھے۔ انہوں نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبردار ی اختیار کی جا سکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لحظے کے لیے بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام نے سیاسی تدبر اور حکمت عملی سے اپنے محبین کو ان کی جانوں اور ناموس کا تحفظ فراہم کیا۔امام ع کی سیرت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے۔ حکومت کے ہر تعلق ہر عہدے سے دستبردار تو ہوا جا سکتا ہے لیکن  قوم کے حقوق کی پاسداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی اپنے رہبر کے ہمراہ میدان عمل میں موجودگی مقصد کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔وہ قوم کبھی باوقار مقام نہیں حاصل کر سکتی جو عمل سے کترائے اور زبانی جمع خرچ سے منزل کی جستجو کرے۔اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسن علیہ السلام جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے اور دشمن کو اپنے مکر وفریب میں کامیابی حاصل ہوتی ہے،حق بات پر استقامت دکھانا اہل بیت اطہار علیہم السلام کا شعار ہے۔ ہم مظلوم کے حمایتی اور ظالم کے ہمیشہ مخالف رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی،صوبائی اور ضلعی دفاتر میں مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree