Print this page

بارشوں اور سیلابی صورتحال میں گھرے مجبور اور مصیبت زدہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایک مرتبہ پھر مہنگائی اور کساد بازاری کی چکی میں مسلسل پیسا جا رہا ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

02 ستمبر 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں گھرے مجبور اور مصیبت زدہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایک مرتبہ پھر مہنگائی اور کساد بازاری کی چکی میں مسلسل پیسا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نا اہل حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ساری عالمی برادری پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال اور شدید جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کر رہی ہے اور ہمارے حکمران عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے پر عوام پہلے ہی سراپا احتجاج ہیں، اس نا اہل ٹولے کو مسلط کرنے والے ان تمام مشکلات کے ذمہ دار ہیں، غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، حکومت کا ہدف عوامی مفاد نہیں اپنے اقتدار کو دوام دینا ہے، جب تک یہ نا اہل امپورٹڈ حکومت وطن عزیز پر مسلط ہیں، عوام کو ریلیف اور سیاسی بے یقینی کا خاتمہ ممکن نہیں، اس ملک کے سیاسی معاشی و دیگر مسائل کا واحد حل فوری اور صاف شفاف انتخابات ہے، اس کے بغیر ملکی حالات کے بہتری کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree