Print this page

سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے تیزی سے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے وفاقی حکومت فوری اقدامات کرے، ناصرشیرازی

05 ستمبر 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ اس وقت سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور رہائش کی اشد ضرورت ہے جسے منظم انداز میں پورا کرنا وفاقی و صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کے لیے جو مسئلہ سب سے زیادہ پریشانی کا باعث بن سکتا ہے وہ وبائی امراض کا پھوٹنا ہے جو کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے اب روزانہ دو سے چار اموات ہیضہ،ملیریا ،ڈینگی بخار اور سانپ و بچھو کے کاٹے سے ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے تدارک کے لیے حکومت کو چاہیے کہ بروقت اقدامات کرے تاکہ انسانی جانوں کے زیاں سے بچا جا سکے۔متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس اور موبائل میڈیکل ٹیموں کا پہنچنا عوامی خدمت اور وبائی امراض سے تحفظ کا باعث بنے گا۔انہوں نے مزید  کہا کہ حکومت اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے سیلاب زدگان کے لئے ملنے والی بیرونی امداد کی تقسیم کے دائرہ کار کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں اور اعداد و شمار کو بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری کریں جس سے شفافیت کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree