Print this page

آئندہ تین سالوں کیلئے ملک بھرمیں اضلاع ، تحصیل اور یونٹ سطح پر مجلس وحدت مسلمین کی تنظیم نو سلسلہ تیزی سے جاری

21 نومبر 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی ہدایت پرچاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں کراچی،سکھر،لاہور،ملتان،پشاور،کوئٹہ،سکردو،گلگت اور مظفر آباد سمیت ملک بھر کے تمام اضلاع میں تحصیل اور یونٹ سطح پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تنظیم سازی مہم تیزی سے جاری ہے۔

مرکزی کابینہ کے اراکین جن میں وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ،مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور ملک اقرار حسین علوی سمیت آغا شیخ اعجاز حسین بہشتی اس تنظیم سازی مہم کا حصہ ہیں۔آئندہ تین سالوں کیلئے صوبائی صدور کے انتخاب کے بعد ضلع اور یونٹس میں نئے عہدہ داروں کے دستوری انتخاب کا سلسلہ بھی زور شور سے جاری ہے۔

لاہور میں انٹرا پارٹی انتخابات کے دوران نومنتخب اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ نو منتخب کابینہ انتہائی قابل ، بابصیرت اور محنتی افراد پر مشتمل ہے جنہوں نے ایک عرصے سے قومی امور میں اپنی مخلصانہ خدمات سر انجام دی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پورے ملک میں مختلف عہدوں پر منتخب افراد ملک و ملت کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی بہترین خدمات پیش کریں گے اور تنظیم کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باطریق احسن اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree