Print this page

امام علیؑ کو معاشرے کے مظلوموں اور محروموں کا درد تھا، علامہ مقصود ڈومکی

06 فروری 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایام ولادت باسعادت حضرت امام علی علیہ السلام کے موقع پر الموعود سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے متاثرین سیلاب و مستحقین میں آٹا اور ایک ہفتے کی سبزی تقسیم کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج مولا علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کا دن ہے۔ جنہیں ابوالیتامٰی یعنی یتیموں کا باپ کہا جاتا ہے۔ جو راتوں کو اپنی پشت پر روٹی کی بوریاں اٹھا کر مستحقین میں بانٹتے تھے۔ جنہیں معاشرے کے مظلوموں اور محروموں کا درد تھا۔ جن کی حیات طیبہ کا ہر پہلو ہمارے لئے قابل تقلید ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام تاریخ انسانی کے بے مثل اور بے عیب کردار ہیں۔ انسانی عقل جس کی رفعت اور بلندی کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے متعلق کہا کہ بعض سیلاب متاثرہ علاقوں میں ابھی بھی پانی کھڑا ہے اور ان علاقوں میں گندم کی کاشت بھی نہیں ہوئی۔ جبکہ حکومت نے ابھی تک نہ متاثرین کے مکانات بنائے ہیں اور نہ ہی اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے۔ اس موقع پر الموعود سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے گوٹھ یوسف جکھرانی، گوٹھ بروہی بھنڈ روڈ اور گوٹھ گلاب ماچھی کے سیلاب متاثرین اور مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree