Print this page

شیعہ سنی مل کرپورے پاکستان میں ہفتہ وحدت جوش و خروش سے منائینگے، علامہ مقصود ڈومکی

28 ستمبر 2023

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ان کے درمیان نفرت کی فضاء قائم کرنے والے ناکام ہوں گے۔ ماہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کے موقع پر شیعہ سنی عاشقان رسول مل کر آقائے دو جہاں کا میلاد مناتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں سلسلہ قادریہ کے پیر طریقت انجینئر عید محمد ڈومکی کے آستانے پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب جشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضور سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور مودت ایمان کا تقاضا ہے۔

عشق رسول (ص) و آل رسول (ع) ہر مومن کی نشانی ہے۔ ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر ہم آقا کا میلاد منا کر عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ان کے درمیان نفرت کی فضاء قائم کرنے والے ناکام ہوں گے۔ ماہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کے موقع پر شیعہ سنی عاشقان رسول مل کر آقائے دو جہاں کا میلاد مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد سے خائف ہیں۔ امریکہ، اسرائیل و دیگر انسان دشمن سامراجی ممالک کروڑوں ڈالر مسلمانوں کو لڑانے کے لئے خرچ کرتے ہیں۔ ہم نے اپنی وحدت سے دشمن کو شکست دینی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کی علمبردار ہے۔ ہم شیعہ سنی مل کر پورے ملک میں ہفتہ وحدت جوش و خروش سے منائیں گے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree