Print this page

مولانا خان زیب کی شہادت محض ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ وحدت کی اس روشن آواز کو خاموش کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے،سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

12 جولائی 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد)‏چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پختون قوم اور پورے ملک کے باشعور، امن پسند اور اتحاد امت کے حامی حلقے آج شدید رنج اور غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں کہ معروف پختون مذہبی اسکالر، اتحادِ امت کے داعی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ یہ واقعہ محض ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ وحدت کی اس روشن آواز کو خاموش کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے، جو ایک عرصے سے خطے میں ملک دشمن قوتوں کی شاطرانہ چالوں کا شکار چلی آ رہی ہے۔ مولانا خان زیب نہ صرف علم و بصیرت کے حامل اور پختون سماج کی علمی و فکری روایت کا وقار تھے، بلکہ وہ ہر موقع پر مسلکی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور وحدتِ امت کے لیے سرگرم رہنے والی شخصیت تھے۔ 

ان کی شہادت پشتون سرزمین میں قائم رہنے والی صدیوں پرانی روایتِ رواداری، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گہری سازش ہے، جس کے پیچھے وہی عناصر کارفرما ہیں جو اس خطے کو مسلسل بدامنی، اور میدانِ جنگ بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ موجودہ نام نہاد حکمرانوں، سکیورٹی اداروں اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ آخر کب تک اس ملک کے معتدل مزاج، قومی مفاد کے حامی اور معاشرے کے بہترین لوگ اس دہشتگردانہ کھیل کے ذریعے نشانہ بنتے رہیں گے؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مظلوموں، باشعور حلقوں اور امن پسندوں کو متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دشمن کی ان چالوں کا راستہ روکنا اور خطے میں امن، وحدت اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔میں شہید مولانا خان زیب کے اہلخانہ، عقیدت مندوں، عوامی نیشنل پارٹی اور پختون عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ رب العزت شہید کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے افکار و جدوجہد کو زندہ و تابندہ رکھے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree