Print this page

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے ایم ڈبلیو ایم کا احتجاجی دھرنا، سینکڑوں افراد کی شرکت

23 جولائی 2016

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ٹارگٹ کلنگ اور نیشنل پلان کی آڑ میں دہشتگردی کے سب سے زیادہ متاثرہ مکتب فکر ملت جعفریہ کیخلاف حکومتی انتقامی کارروائیوں کیخلاف 13 مئی سے جاری بھوک ہڑتال تحریک پر حکومتی بے حسی کیخلاف ملک بھر کے 70 سے زائد اہم شاہراہوں پر علامتی دھرنے دیئے گئے، جو رات گئے تک جاری رہے، دھرنے میں مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور  میں مال روڈ پر اسمبلی ہال کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ لاہور میں ہونیوالے دھرنے کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کی۔ دھرنے میں علامہ حسن ہمدانی، علامہ سید حیدر علی الموسوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ سید بشیر حسین رضوی، علامہ سید مبارک علی الموسوی، علامہ سید وقار الحسنین نقوی بھی شریک ہوئے۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایک بار پھر سینکڑوں مقامات پر پُرامن دھرنوں سے حکمرانوں کو یہ بات باور کر لینی چاہیئے کہ ہم پُرامن ہیں، ہم اس ملک کے اصل وارث ہیں، ہم نے ایک پتا بھی نہیں توڑا، ہم اقبال و قائد کے پاکستان کو تلاش کرنے نکلے ہیں، اہل سنت و معتدل قوتیں ہماری اس تحریک میں شامل ہیں اور ساتھ ساتھ ہیں، جن تکفیریوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ہائی جیک کر کے پاکستان کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے ان سے پاکستان کو واپس لانا ہے، حکمران اور سیکیورٹی ادارے شیعیان حیدر کرار کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں ورنہ یہ احتجاجی تحریک اسی جذبے کیساتھ آگے بڑھتی رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دینگے اور اپنے اس احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں 7 اگست کو اسلام آباد میں قومی اجتماع ہو گا۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حیدر الموسوی نے کہا پوری پاکستانی قوم کی پکار ہیں کہ ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان چاہیئے، بدقسمتی سے ہمارے نااہل حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی مصلحت پسندی نے ہم پر دہشتگردوں کو مسلط کر رکھا ہے، ہمارے دشمن اپنے مشن میں کامیاب ہوتے نظر آ رہے، پاکستان میں مٹھی بھر ایک مخصوص سوچ کا حامل تکفیری گروہ پُرامن اور نہتے عوام پر مسلط ہے، یہ دہشتگرد گروہ استکباری طاقتوں کا ایجنٹ ہے، ہم آج میدان میں اس لئے ہیں کہ آئندہ کسی پاکستانی کی کوئی لاش نہ گرے۔ علامہ حیدر الموسوی نے کہا کہ حکمران سن لیں ہم ہار ماننے والوں میں سے نہیں، نہ ہی تمھارے لولی پاپ پر احتجاج ختم کریں گے، ہم اپنے مطالبات پر عملدرآمد تک سڑکوں پر بیٹھیں گے، چاہے اس میں ہمیں ایک سال ہی کیوں نہ لگے، ہمارے قائدین کے اعلان کے ہم منتظر ہیں، اگر ہمارے خلاف سازشیں جاری رہی تو ہم عاشورا اسلام آباد میں منائیں گے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree