نشتر پارک کراچی میں منعقدہ استحکام پاکستان وامام مہدی عج کانفرنس کی مکمل تحریر ی رپورٹ

24 مئی 2017

وحدت نیوز (رپورٹ/ ایم آر عابدی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے منجی بشریت امام مہدی (عج) سے ایفائے عہد کیلئے، وطن عزیز میں عزاداری سید الشہداء کو محدود کرنے کی سازشوں کیخلاف، پاکستان میں عادلانہ نظام کے قیام کیلئے، شیعہ نسل کشی کیخلاف، نیشنل ایکشن پلان پر درست عملدرآمد کیلئے، پاکستانی ایجنسیوں کی جانب سے لاپتہ کئے گئے علماء و جوانوں کی رہائی کیلئے اور وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی سعودی و امریکی مداخلت کیخلاف عظیم الشان استحکام پاکستان و امام مہدی (عج) کانفرنس کراچی کے نشتر پارک میں منعقد کی گئی۔ استحکام پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کی جانب سے 22 روزہ عوامی رابطہ مہم چلائی گئی، جس میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مختار امامی، علامہ مرزایوسف حسین، علامہ علی رضوی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ اقتدار نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، علامہ باقر زیدی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ احسان دانش، علامہ مقصود ڈومکی، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے مختلف آبادیوں میں قائم مساجد میں جاکر عوام کو کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ جوں جوں کانفرنس کا وقت قریب آتا گیا عوامی رابطہ مہم بھی زور پکڑتی گئی۔ شہر بھر میں مجلس وحدت کے کارکنان نے 20 ہزار سے زائد پوسٹرز جبکہ 2 ہزار سے زائد بینرز آویزاں کئے جبکہ وال چاکنگ بھی کی گئی۔

کانفرنس کی عوامی رابطہ مہم میں اپنے خطابات میں مقررین نے سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منجی بشریت امام مہدی (عج) کے ظہور کی راہیں ہموار کرنے والوں سے جنگ کے اعلان کے بعد کے حالات پر مکمل بریفنگ دی اور شام، یمن، عراق، بحرین، لبنان، فلسطین کی صورتحال کے تناطر میں پاکستانیوں کی ذمہ داریوں پر عوام میں آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بیرونی مداخلت کا شکار ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داﺅ پر لگا دیا ہے، ویسٹرن ایشیاء میں شکست کھانے کے بعد دہشت گرد گروہوں کو عالمی استعماری قوتیں پاکستان میں آباد کرنا چاہتی ہیں جس کا آغاز ہوچکا ہے، پاراچنار میں حالیہ تینوں دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری داعش اور اس کے حامی گروہوں نے قبول کی ہے، جو پاکستان میں عالمی دہشت گردوں کی موجودگی کا ثبوت ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عالمی صیہونی طاقتیں اور امریکہ اپنی حواری عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر امام زمانہ (عج) کے ظہور کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں، عالمی شیطانی قوتوں اور مقاومتی بلاک کے درمیان شدید ٹکراؤ جاری ہے، ایشیائی ممالک میں دراڑ ڈالنے، سرحدیں توڑنے اور من پسند جغرافیائی تبدیلوں کے لئے سازشوں کے جال بنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اہلسنت اور تشیع امام مہدی علیہ السلام پر ایمان رکھتے ہیں، پاکستان میں جعلی امام کعبہ کو لاکر مکہ مدینہ کے نام پر آل سعود کے ناجائز اقتدار کی بقاء و سلامتی کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں، انشاء اللہ 21 مئی کو نشتر پارک میں حقیقی وارث کعبہ امام مہدی (عج) کے عاشقان کا عظیم اجتماع منعقد ہوگا جو کہ ظہور امام عصرؑ کی مخالف قوتوں کو واضح پیغام دے گا۔

کانفرنس کے آغاز سے دو روز قبل نشتر پارک میں جلسہ گاہ کی تیاریوں کا آغاز کیا گیا، دو روز کی کڑی محنت کے بعد استحکام پاکستان و امام مہدی (عج) کانفرنس کا جلسہ گاہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔ جس میں 16 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ تقریباً 60 فٹ کا اسٹیج تیار کیا گیا۔ جلسہ گاہ میں خواتین کی جانب 6 ہزار جبکہ مردوں کی جانب 10 ہزار کرسیاں بچھائی گئی تھیں۔ جلسہ گاہ میں پیام ولایت فاؤنڈیشن، خیرالعمل فاؤنڈیشن سمیت دیگر فلاحی اداروں نے اپنے کیمپ بھی لگائے تھے۔ جلسے میں نماز مغربین کے انتظامات کے فرائض آئی ایس او کراچی ڈویژن نے انجام دیئے، جس کیلئے باقاعدہ وضو آپریٹس بھی لگایا تھا۔ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما مہدی عابدی، صوبائی رہنما حیدر زیدی، کراچی ڈویژن کے رہنما میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، کاظم عباس مستقل دو روز تک پنڈال کی تیاریوں کے سلسلے میں نشتر پارک میں موجود رہے۔ جلسہ گاہ میں سوشل میڈیا ٹیم، اخباری رپورٹرز اور نجی ٹی وی چینلز کے نمائندگان کیلئے الگ الگ کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔ کانفرنس میں شریک ہونے والے شرکاء کیلئے 30 ہزار سے زائد کھانے کے پیکٹ بنوائے گئے تھے۔ کانفرنس کی سیکورٹی کے تمام فرائض وحدت یوتھ کے 300 سے زائد ضاکاروں نے انجام دیئے جبکہ اس موقع پر ناصران اسکاؤٹس، امامیہ اسکاؤٹس سمیت دیگر اسکاؤٹس کے رضاکاروں کی بھی بڑی تعداد عوام کی سیکورٹی اور جلسہ کے انتظامات کیلئے موجود تھی۔

استحکام پاکستان و امام مہدی (عج) کانفرنس کے پنڈال میں لبیک یا مہدی (عج) العجل یا امام زمانہ (عج) اور مجلس وحدت کے پرچم بھی بڑی تعداد میں لگائے گئے تھے۔ کانفرنس والے روز شدید گرمی کے باوجود تین بجے سے ہی پندال میں عوام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ کراچی ڈویژن اور حیدرآباد ڈویژن سے آنے والے عوام کی سہولت کیلئے پارکنگ کا انتظام باغ جناح میں کیا گیا۔ شدید گرمی میں آنے والی عوام کے حوصلے دیدنی تھے۔ شدید گرمی کی وجہ سے عوام کی سہولت کیلئے چار مقامات پر سبیلوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ ساڑھے تین بجے کانفرنس کا آغاز علامہ احسان دانش نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد کراچی ڈویژن کی جانب سے علامہ علی انور جعفری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ بعد ازاں علامہ صادق جعفری نے نعت رسول مقبول (ص) سے عوام کے قلوب کو منور کیا۔ نعت کے بعد خطابات کا سلسلہ شروع ہوا۔ شام ساڑھے 5 بجے تک پنڈال میں کرسیاں ختم ہوچکی تھیں، بعدازاں مردوں والے حصے میں مزید کرسیاں بچھائی گئیں۔ کانفرنس میں علامہ اقبال بہشتی، علامہ مقصود ڈومکی، علامہ امین شہیدی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ برکت مطہری، علامہ اظہر نقوی، علامہ علی رضوی، علی حسین نقوی، علامہ ظہیر الحسن نقوی آف امریکہ، علامہ اقتدار نقوی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

شام ساڑھے پانچ بجے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جلسہ گاہ میں آمد ہوئی جن کا عوام اور علماء نے کھڑے ہوکر استقبال کیا۔ 6:30 بجے شام کانفرنس کا مرکزی خطاب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا۔ اس موقع پر پنڈال کے باہر گلیوں میں بھی عوام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا خطاب سننے کیلئے موجود تھی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ظہور امام مہدیؑ کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہیں، یہ پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکی ہیں، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ اور استقامت نہیں چھوڑی، ہمارے دشمن پاکستان کو ایک نئی دلدل میں لے جانا چاہتے ہیں، آمر جنرل ضیاء جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا، ملک کو تباہ و برباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا، اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جا یا جارہا ہے، ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلا رہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں، پاکستان میں ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے۔

اذان مغرب کے ساتھ ہی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کےخطاب کا اختتام ہوا، جس کے بعد شرکاء نے نماز مغربین ادا کی۔ نماز کی امامت بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین نے کی۔ نماز مغربین کے بعد جشن ولادت امام مہدی (عج) کا آغاز ہوا۔ جشن میں دستہ امامیہ کے صاحب بیاض عاطر حیدر، علی دیپ رضوی، شاہ رخ حسین، راجہ یاسر عباس نے امام مہدی (عج) کی شان میں کلام پیش کئے۔ جشن سے خطاب معروف ذاکر اہل بیت (ع) علامہ ڈاکٹر ماجد رضا عابدی، علامہ احمد اقبال رضوی اور علامہ حسن ظفر نقوی نے کیا۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض علامہ مختار امامی اور علامہ مبشر حسن نے انجام دیئے۔ جشن کے اختتام پر امام مہدی (عج) کی ولادت کی خوشی میں شاندار آتشبازی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس کی سیکورٹی کیلئے رضاکاروں کے ساتھ ساتھ سندھ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی بھی بڑی تعداد جلسہ گاہ کی حفاظت پر مامور تھی۔ کانفرنس کے آخر میں علی حسین نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کی جانب سے پولیس، رینجرز اور سول انتظامیہ کے افراد کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree