عوام یوم علی ؑ اور یوم القدس میں بھرپور شرکت اور سکیورٹی ادارے تحفظ کو یقینی بنائیں، علامہ باقرعباس زیدی

20 اپریل 2022

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ یوم شہادت امیر المومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام سندھ بھر میں مذہبی عقیدت اور احترا م کے ساتھ منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب میں دیگرشیعہ رہنماوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہادت امام علی ؑ کے موقع پر مجالس او ر عزاداری کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علی ؑ کے موقع پر سندھ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ امام علی علیہ السلام کو شدت عدل کی وجہ سے شہید کر دیا گیا، امام علی ؑ نے عدالت کے قیام کے لئے اپنی جان قربان کی اور اسی طرح کربلا میں بھی عدالت کے قیام کے لئے امام حسین ؑ نے بے مثل قربانی دیکر اسلام اور عدالت کو تحفظ فراہم کیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے حکمران امام علی ؑ کے طرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں۔ ہم پاکستان میں عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن یہ اسی صورت قائم ہو سکتی ہے جب حکمران امام علی ؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوں اور نظام حکومت میں امام علی ؑ کے طرز حکمرانی کو سیرت قرار دیں۔

علامہ باقر زیدی نے حالیہ دنوں میں فلسطین میں ہونے والی صہیونی جارحیت اور مسلسل ستر سالوں سے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور مسلم امہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے عرب دنیا کے اسرائیل کے ساتھ تعلقا ت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنا فلسطینی قوم اور عالم اسلام کے ساتھ بد ترین خیانت ہے جسے مسلم امہ کبھی معاف نہیں کرے گی۔مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ستائیس رمضان کو جمعۃ الوداع یوم القدس منایا جائے گا۔ امام خمینی کے فرمان کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے سندھ بھر میں یوم القدس کے احتجاجی مظاہرے ہوں گے جبکہ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر کیا جائے گاجس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شیعہ لاپتہ افراد کے معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لا پتہ افراد کو بازیاب کریں اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ موجودہ ملکی  صورتحال پر انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی و استحکام اور آئین کی حقیقی بالادستی کے لیے انتخابات کا بلاتاخیر انعقاد ناگزیر ہے۔ ایک صاف شفاف منتخب جمہوری حکومت ملک و قوم کی ضرورت ہے۔اس کے قیام کے لیے مقتدر قوتوں کو مخلصانہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے ایسا جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیا جانا چاہئیے جو اصل صورتحال اورحقائق کا تعین کرکے عوام کو حقیقت سے آگاہ کرے۔پاکستان کے داخلی و خارجی معاملات میں امریکی مداخلت اور سابق وزیراعظم کو لکھے گئے خط پر چہ مگوئیوں کا خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایک غیر جانبدار عدالتی کمیشن حقائق کو کھول کر عوام کے سامنے رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار ریاست میں کسی بھی ملک کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔ ارض پاک کے معاملات میں امریکہ کی دخل اندازی کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے۔امریکی ڈکٹیشن کی تابعداری ملک و قوم کے وقار کے منافی اور غیرت و حمیت کے تقاضوں کے برعکس ہے۔''امریکہ کا جو یار ہے وہ غدار ہے غدار ہے '' ہمارے اس نعرے کی گونج اب ایوانوں میں بھی سنی جا رہی ہے۔امریکہ کے خلاف ہم اپنے پہلے دن کے موقف پر آج بھی اٹل ہیں اور مستقبل میں بھی اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مزا یوسف حسین، رہنما علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،مولا رضا جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا علی انور،مولانا ملک غلام عباس، میر تقی ظفر، شہزاد علی رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree