Print this page

ایم ڈبلیوایم کی جانب سے کراچی پریس کلب پر فلسطینی شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد ، شیعہ سنی رہنماؤں کی شرکت

29 اپریل 2022

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی شہداء کی یاد میں کراچی پریس کلب پر چراغاں و تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما راؤ کامران، جماعت اسلامی کے رہنما محمد اسماعیل، فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

رہنماؤں نے مظلوم فلسطینی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمع روشن کی اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ فلسطینی عوام بلخصوص شہداء مسجد الاقصٰی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستانی عوام اپنے مظلوم فلسطینی غیور مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل ایک غیر آئینی غاصب ریاست ہے، اسے ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عالمی برادری کا کردار مجرمانہ ہے، کشمیر و فلسطین میں بے گناہ عوام کو جارحیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ او آئی سی و عرب لیگ صہیونی مظالم پر چپ سادے ہوئے ہیں، چند عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرکے امت مسلمہ کی پیٹھ پر خنجر گھونپا ہے، فلسطین فلسطینیوں کی سرزمین ہے، اگر ان کا حق نہ دیا گیا تو ان خائن ممالک کی بادشاہتوں کو بھی صہیونی گرا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی غیور عوام کشمیر و فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے دن ملک بھر میں غاصب اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، آئمہ جمعہ و جماعت اسرائیلی جارحیت و دہشتگردی کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں خطبہ جمعہ دیں گے اور ان کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جبکہ بعد نماز ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، اضلاع میں احتجاجی ریلیاں و مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شر قائد میں ایم ڈبلیو ایم کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے سامنے کیا جائے گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree