Print this page

ہم سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن ایک حد تک ان کی مشکلات میں کمی کرسکتے ہیں،علامہ صادق جعفری

05 ستمبر 2022

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کے ساتھ مالی تعاون ہم سب کا شرعی اور قومی فریضہ ہے، مشکل کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ خاندانوں کی امداد کرکے دنیا و آخرت کی زندگی کو سنوارنے کا خدا نے موقع فراہم کیا ہے لہٰذا اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بھائیوں کی مدد فرمائے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مکتب میں ایثار و قربانی کی انتہائی اہمیت بیان کی گئی ہے، انسانی ہمدردی کا جو جذبہ پاکستانی قوم میں بدرجہ اتم موجود ہے اور اس قوم نے جب بھی مشکل پڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اس مرتبہ بھی اس ملت نے اپنا جذبہ دکھا دیا ہے اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں اور اداروں نے سیلاب زدگان اور متاثرین کی مدد کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے ہم ان کے ممنون ہیں اور دعا گو ہیں کہ رب جلیل مخیر حضرات کی تمام جائز خواہشوں کی اجابت فرمائے، نیز جس طرح مصیبت زدگان کی مشکلات کو آسان بنانے کی کوشش کی ہے خدا وند تعالی ان کی مشکلات کو حل فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں  و سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوگئے ہیں، ہم ان کے نقصانات کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن ایک حد تک ان کی مشکلات میں کمی کرسکتے ہیں، میری تمام مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ نقد و جنس (کپڑے، کمبل، رضائی، کھانے پینے کی اشیاء وغیرہ) کی صورت میں تعاون فرمائے، خداوند تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree