Print this page

سانحہ مستونگ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے تحت نمائش چورنگی پر دھرنا

25 جنوری 2014

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے سانحہ مستونگ کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں خواتین و بچوں سمیت شرکاء کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔ شرکائے دھرنا کا مطالبہ ہے کہ فی الفور خانوادہ شہداء کے مطالبات کو پورا کیا جائے اور مستونگ سمیت دیگر علاقوں میں طالبان دہشت گردوں کیخلاف فوجی آپریشن کیا جائے۔ احتجاجی دھرنے میں شرکاء لبیک یا حسین ع کے شعار بلند کررہے ہیں۔ اس موقع پر شرکاء سے مختلف مواقعوں پر علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ شیخ حسن صلاح الدین، علامہ اصغر حسین شہیدی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ موسیٰ کریمی، علامہ علی انور جعفری، حسن ہاشمی، آل علی، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔

 

رہنماوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے طالبان کی کٹھ پتلی ہونے کا ثبوت دیدیا ہے، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اگر حکومت وطن کی وفادار ہے تو فی الفور ملک بھر میں طالبان دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا اعلان کرے۔ رہنماوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس معاملے پر اپنی بے بسی کا ثبوت دیتے ہوئے یہ اشارہ دیا ہے کہ بلوچستان میں صاحب اختیار قوتیں نہیں چاہتیں کہ صوبے سے طالبان دہشت گردوں کا خاتمہ ہو لیکن پاکستان بھر کے مظلوم اب یہ بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشت گردوں کے آگے ضرور بند باندھیں گے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی ایجنسیوں نے افغان جہاد کے موقع پر جن لوگوں کی پرورش کی تھی، آج وہ ہمارے ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں لہٰذا وطن کے تحفظ کیلئے ان خوارج کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree