Print this page

قائداعظم کے پاکستان کو بچانے کیلئے تمام دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکانا ضروری ہے، آغا علی رضوی

26 دسمبر 2014

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور بابصیرت حکمت عملی سے ایک خود مختار اسلامی ریاست وجود میں آئی جہاں بسنے والے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اپنے اپنے عقائد کے مطابق زندگی کر سکیں۔ پاکستان قائداعظم کا ایک عظیم خواب تھا جس سے دنیا میں موجود تمام اسلامی ممالک کو پشت پناہی ملے اور پاکستان اسلام کا قلعہ بنے۔ اس خواب کی تعبیر کے لیے برصغیر کے پرعزم مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کر کے پاکستان کو آزاد کرایا لیکن سوئے قسمت سے آزادی کے بعد وطن عزیز کی مخالفت کرنے والے گروہ اقتدار کی دوڑ میں سب سے آگے چلے گئے اور ملکی وسائل دونوں ہاتھوں سے لوٹ لیے۔ قائداعظم اور پاکستان کے مخالفین نے وطن عزیز میں فرقہ واریت کو ہوا دی، بےگناہوں کے خون سے پاکستان کی سرزمین کو سرخ کر دیا اور حقیقی محب وطنوں کو دیوار سے لگا دیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری دہشتگردی اور انتہا پسندی در اصل اس سوچ کا تسلسل ہے جس سوچ کے تحت قائداعظم کو غیر مسلم قرار دیتے رہے اور پاکستان کی مخالفت کرتے رہے۔ آج بانی پاکستان کی روح یقیناً زخمی ہوگی۔ ملک میں جاری تمام دہشتگردوں کے حملے دراصل بانی پاکستان کی روح پر حملہ ہے۔ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لیے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنا ہوگا اور امن، محبت، ترقی و استحکام کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کو تختہ دار پر لٹکا کر ہی قائداعظم کے پاکستان کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree