Print this page

اگر امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے پر یکجا ہوئی ہوتی تو آج کشمیری مسلمانوں کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے،علامہ تصور جوادی

10 اکتوبر 2020

وحدت نیوز(مظفرآباد) ملی یکجہتی کونسل آزادکشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سمینار کمیٹی روم ہاسٹل قانون ساز اسمبلی  آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل آزادکشمیر کے صدر عبدالرشید ترابی نے کی جب کہ اجلاس کے مہمان خصوصی لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور علامہ ثاقب اکبر نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و عمائدین کے علاوہ ملی یکجہتی کونسل کی ممبر تنظیمات کے ذمہ داران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وفد کے ہمراہ شرکت کی جبکہ جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیر کا وفد علامہ سید فرید عباس نقوی کی سربراہی میں شامل اجلاس ہوا اسی طرح شیعہ علماء کونسل آزادکشمیر کا وفد سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر حافظ علامہ سید کفایت حسین نقوی کی زیر قیادت پروگرام میں شریک ہوا۔

 اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم کشمیر کاز پہ اکٹھے ہیں کشمیر کے مسئلے پر بھارت نے جس طرح کشمیر کی ڈیموگرافی چینج کرنے کی کوشش کی ہے جس طرح وہاں پر کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہم کشمیریوں نے انڈیا کے اس کالے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے جس کے ذریعے ہندوستان نے کشمیر کی آيئنی حثیت میں تغیروتبدل کیا اور کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے جوخطے میں مسلم اکثریتی آبادی کا توازن بگاڑنے کی سازش ہے ۔

علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ خطہ کشمیر میں لیاقت بلوچ اور علامہ ثاقب اکبر نقوی کو خوش آمدید کہتے ہیں اور عبدالرشید ترابی اور ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل مولانا امتیاز صدیقی نے جو خوبصورت گلدستہ سجایا ہے اس میں اگرچہ ہر پھول کا رنگ الگ الگ ہے پر سب کی خوشبو ایک جیسی ہے۔ اللہ کرے یہ محبتیں امن کا پیغام اور اتحاد و وحدت کا سفرجاری رہے انشاء اللہ تعالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو فرقہ واریت کی لہر اٹھی ہے اس پر ملی یکجہتی کونسل نے پاکستان میں فعال اور مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی ہم ستائش کرتے ہیں خاص کر جو کراچی میں کانفرنس منعقد کی گئی وہاں جو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا وہ ایک مشعل راہ کی حثیت رکھتا ہے۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ آج کے اجلاس میں جو قراردادیں پیش کی جا رہی ہیں ان میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اور فرقہ وارانہ  ہم آہنگی کے قیام کے لیے جامع قرارداد شامل کی جا ئے گی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ سپریم کونسل کے سینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے پر یکجا ہوئی ہوتی تو آج کشمیری مسلمانوں کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔

 انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا ادارہ مسلم قوم کی مشکلات   اور دردوں کے مداوے کے لیے بنا تھا وہ کہاں ہے او آئی سی کا ادارہ  خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قضیہ کے حل کا حق  گلگت بلتستان کے عوام کو دیا جائے وہی اس پر بات کرنے کا حق رکھتے ہیں ہمارا موقف یہ ہےکے جی بی کی عوام کو آئینی حقوق دیے جائیں کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے حافظ سید کفایت حسین نقوی, سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر مولانا معصوم علی سبزواری ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل مظفر آباد ڈویژن, سید طالب حسین ہمدانی ڈویژنل وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل مظفرآباد ڈویژن, سید عارف حسین نقوی ایڈوکیٹ انچارج سیاسی امور شیعہ علما کونسل, سید عامر علی نقوی سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے علاوہ جمعیت علماء پاکستان آزادکشمیر , جماعت اسلامی, جمیعت اہل حدیث, جمیعت علمائے اسلام , جموں کشمیر تحریک جوانان پاکستان,ھدیۃ الھادی ,شاہ ہمدان ویلفیئر ٹرسٹ ،تنظیم مساجد آزادکشمیر اور دیگر مذہبی و سیاسی ملی جماعتوں کے عمائدین شامل ہوئے۔

کانفرنس کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر جناب سردار مسعود خان کی طرف سے ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و ذمہ داران شریک ہوئے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree