Print this page

ایم ڈبلیوایم اور انجمن حسینیہ خواجگان نارووال کی جانب سے مزید سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیرکاآغاز، دوسومتاثرین گرم رضائیاں تقسیم

26 جنوری 2023

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اور انجمن حسینیہ خواجگان نارووال کے زیر اہتمام مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں متاثرین سیلاب کے مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی تقریب میں متاثرین سیلاب بیوہ مستحقین اور سادات شریک ہوئے۔ اس موقع پر گیارہ متاثرین سیلاب کو تعمیر مکان کی پہلی قسط دی گئی جبکہ دو سو مستحقین میں رضائیاں تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ،مجلس علمائے شیعہ کے رہنما علامہ ارشاد علی سولنگی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنما سید رضوان علی شمسی ،برادر عبدالرشید ،مولانا عبد الخالق منگی، مولانا منور حسین سولنگی ،حافظ غلام عباس بھٹی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ انجمن حسینیہ خواجگان نارووال اور مجلس وحدت مسلمین کے باہمی تعاون سے متاثرین سیلاب کی خدمت اور تعمیرات کا سلسلہ قابل ستائش ہے۔ خدمت خلق اور دکھی انسانیت کی خدمت پر اللہ تعالیٰ کی توفیق پر ہمیں خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ سیلاب نے ہزاروں گھر اجاڑ دیئے کھڑی فصلیں اور زراعت تباہ ہوئی مگر اہل خیر نے جس ہمت اور خلوص کے ساتھ متاثرین سیلاب کا ساتھ دیا وہ لائق صد تحسین ہے۔ بدقسمتی سے اس مصیبت میں حکومت کہیں نظر نہیں آئی اور حکومتی کارکردگی صفر رہی  انہوں نے متاثرین سیلاب کی مدد پر انجمن حسینیہ خواجگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین روز اول سے اب تک متاثرین سیلاب کے ساتھ رہی اور ہم ان کی مکمل بحالی تک حسب استطاعت ان کی مدد کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اور انجمن حسینیہ خواجگان نارووال کی جانب سے ڈیرہ غازی خان کے سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کا آغاز بھی کیا جاچکا ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree