Print this page

مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی آرپی او ملتان سے ملاقات ،خانیوال میں گرفتار کیے گئے بے گناہ مومنین کی رہائی کا مطالبہ

20 اکتوبر 2016

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری سے ملاقات کی، وفد میں مولانا غلام جعفر انصاری، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، انجینیئر سخاوت علی،مظہر عباس کات اور سید علی زیدی موجودتھے ، ملاقات کے دوران علامہ اقتدار حسین نقوی نے آرپی او ملتان کو محرم الحرام کے دوران امن وعامہ برقرار رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملتان ریجن کی پولیس ایک قابل اور فرض شناس پولیس آفیسر کی قیادت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے اس موقع پر گزشتہ رات خانیوال میں پولیس کی جانب سے تھانہ سرائے سدھو کی حدود میںگرفتار کیے جانے والے20سے زائد بے گناہ مومنین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب میں انتظامیہ کے ساتھ ہر طرح کا مکمل تعاون کیا ہے خانیوال انتظامیہ کی جانب سے گھروں پر چھاپے، چادر وچاردیواری کی پامالی اور خواتین کی بے حُرمتی ناقابل قبول ہے، ہم انتظامیہ کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے متعصبانہ سلوک کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ اس موقع پر آرپی او ملتان نے وفد کو یقین دلایا کہ میں اس حوالے سے ڈی پی او خانیوال سے بات کروں گا اور اس واقعہ کی خود جانچ پڑتال کروں گا اور ملت جعفریہ کے تحفظات کو دور کروں گا۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح محرم الحرام پُرامن طور پر گزرا ہے آگے بھی مشکلات پیش نہ آئیں لیکن خانیوال انتظامیہ کے اس اقدام کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور اشتعال پایا جارہا ہے، ہم خانیوال انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار مومنین کو فی الفور گرفتار کیا جائے ورنہ حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree