وحدت نیوز (اسلام آباد) مفسر قرآن کریم، بزرگ عالم دین اور استادالعلماء علامہ شیخ محسن علی نجفی رحمت اللہ علیہ کی تشیع جنازہ ادا کردی گئی، مرحوم ومغفور کو آہوں اور سسکیوں میں سپردلحد کردیا گیا، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ سمیت ملک بھر سے جید علمائے کرام، اسلامی ممالک کے سفراءاور مذہبی، سیاسی وسماجی شخصیات کی شرکت ۔
تفصیلات کے مطابق مہتمم جامعتہ الکوثر وجامعہ اہل بیت،ؑ عالم ربانی استاد العلماءعلامہ شیخ محسن علی نجفی رحمت اللہ علیہ جو کہ گذشتہ روز داعی اجل کو لبیک کہہ گئےتھےان کی نماز جنازہ آج جامعتہ الکوثر اسلام آباد میں علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی زیر اقتداءادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے ایم ڈبلیوایم کےمرکزی وصوبائی قائدین وجامعہ الولایہ کے اساتیذکے وفد کے ہمراہ اپنے استاد ِ بزرگوار کے تشیع جنازہ میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنا زمانہ طالبعلمی اور مرحوم استاد بزرگوار کی شفقت ومحبت پر مبنی ایام کویاد کرتے ہوئے زاروقطار گریہ کرتے رہے ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرحوم ومغفور مفسر قرآن شیخ محسن علی نجفی کے فرزندان ارجمند علامہ شیخ انوار علی نجفی ، علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی ، مرحوم کے رفیق خاص علامہ شیخ محمد حسن جعفری ودیگر احباب ورفقاءسے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سربراہ شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ محمد امین شہیدی، عراق کے سفیر حامد عباس لطفا، ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سمیت ملک کے گوش وکنار سے علمائے کرام، اسلامی ممالک کے سفراءاور مذہبی، سیاسی وسماجی شخصیات و عوام کی ہزاروں کی تعداد شریک تھی۔
بعد ازاں علامہ شیخ محسن علی نجفی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں میں جامعتہ الکوثر کے احاطے میں ہی سپرد خاک کردیا گیا۔