وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کے حق میں اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اللہ کا محبوب عمل ہے۔مظلوموں کے حق میں نکلنا کسی پر احسان نہیں بلکہ ایک شرعی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔
امریکہ دنیا کو ایک “یونی پولر ورلڈ” کے ساتھ ہم آہنگ کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے اسرائیل کو ایک بڑی قوت بنایا جا رہا ہے۔ عالمی سازش کے تحت چھوٹی ریاستوں کو اسرائیلی تسلط میں دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
یہ جنگ محض فلسطین کی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی جنگ ہے۔ امریکہ اور مغربی طاقتیں کسی صورت مسلمانوں کے حق میں “شفٹ آف پاور” نہیں ہونے دینا چاہتیں۔ترکی، شام، ایران اور سعودی عرب کو تقسیم کرنا صیہونی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
عالم کفر نے شام میں حکومت گرائی، اس کی نیوی، آرمی اور ایئرفورس کو تباہ کر دیا، لیکن کوئی آواز نہیں اٹھائی۔
آج اسرائیل کو خطے میں وسعت دی جا رہی ہے اور مسلمان ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عالم اسلام پر اسرائیلی تسلط بڑھ رہا ہے، مگر کوئی مزاحمت نہیں کر رہا۔
ایک طرف حق پرست ہیں اور دوسری طرف عالم کفر برسرپیکار ہے۔ فلسطین کے حق میں نکل کر دنیا کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم حق کے ساتھ ہیں۔ جو ظلم کے ساتھ ہوتا ہے، اسے نوازا جاتا ہے اور جو حق کا ساتھ دیتا ہے، اسے سزا دی جاتی ہے۔
ہم پاکستان کو آزاد اورخود مختار دیکھنا چاہتے ہیں۔ وطن کے بیٹے ظلم سے نجات چاہتے ہیں، لیکن انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر پاکستان کی سالمیت کا دفاع کریں گے۔ عالمی استعمار کے عزائم کے خلاف ہم ہر سطح پر معترض ہیں۔
یمنی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں مزاحمت کے راستے پر چلنے والے لوگ ہی حق اور باطل کے درمیان لکیر کھینچ رہے ہیں۔ عالمی استعمار مسلمانوں کا سامنا کرنے کی جرات نہیں رکھتا، اس لیے سازشوں کے ذریعے امت کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مقاومت کے رہبر شہید راہ قدس سید حسن نصراللہ نے شہادت کو قبول کر لیا لیکن ظلم کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا۔پاکستان میں شیعہ سنی لڑائی کروانے کی سازش ہو رہی ہے، جسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
بلوچستان میں قتل و غارت اور بسوں سے اتار کر بے گناہ مسافروں کو مارنے کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
ماہرنگ بلوچ کی گرفتاری اور نہتے پر امن بلوچستان کے مظاہر ین پر پولیس گردی بھی قابل مذمت ہے،بلوچستان کے آئینی و قانونی جدو جہد کرنے والے مظلوم عوام سے مکمل اظہاریکجہتی کرتا ہوں۔
ہم ہر طرح کی دہشت گردی اور لاقانونیت کی مذمت کرتے ہیں۔ ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے اور ہر مظلوم کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہر ظالم کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے والے ہم ہوں گے۔