وحدت نیوز(سکردو) ملک بھرکی طرح یوم القدس پر سکردو میں بھی عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر یاد گار شہداء پر امنڈ آیا ۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کو مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوںکے مقدس لہو نے شکست دے دی ہے ۔اسرائیل کا لائیو قتل عام انسانیت کے خلاف عالمی جرم ہے ۔امریکا اور اسرائیل کےناپاک عزائم کی راہ میں مقاومت پہلے سے زیادہ قوی تر ہوچکی ہے، پاکستان کی سرزمین پروحدت اسلامی سے عالمی امریکی عزائم کو شکست دیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار میں حالات کی خرابی عالمی استعماری ایجنڈے اور امریکی گریٹ گیم کا حصہ ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا پورا پاکستان مقروض ہے، دریا، معدنیات وسائل سب یہاں سے حاصل ہوتے ہیں، ہم آپ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلتستان کے غیور عوام کو ظلم کے مقابل اتنے بڑے اجتماع پر مبارکبادپیش کرتا ہوں ۔