وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس پر میرا دل افسردہ اور روح مغموم ہے۔ میں اس بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شدت پسند عناصر ان جری اور نڈر مبلغین سے خوفزدہ ہیں جو اتحاد، اخوت اور حق کی شمع روشن کیے ہوئے تھے۔مفتی منیر شاکر اتحاد بین المسلمین کے ایک عظیم علمبردار تھے، جنہوں نے اپنی زندگی امت کے اتحاد، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے وقف کر دی تھی۔
مفتی منیر شاکر کی شہادت نہ صرف علمی و روحانی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے بلکہ معاشرے کے ان عناصر کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہے جو نفرت کے بیوپاری ہیں اور امن کے پیامبروں سے خائف رہتے ہیں۔میں حکومتِ وقت سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سفاکانہ جرم میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور ایسے جید علماء و مبلغین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جو اخوت، محبت اور ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔اللہ تعالیٰ مفتی منیر شاکر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ الٰہی آمین۔