The Latest
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی قیادت میں پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد کی چیئرمین سید جواد حسین کاظمی کے ہمراہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ان کے دفتر میں ملاقات۔
ملاقات کے دوران پاک آفغان سرحدات خرلاچی، طورخم، غلام خان اور انگور آڈہ پر تاجروں کو درپیش مشکلات و بنیادی سہولیات کےفقدان، دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ سمیت تجارتی بارڈر خرلاچی اور کرم کے امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی، پاک آفغان سرحد خرلاچی پر افغانستان کی جانب سے سبزی و فروٹ کی گاڑیوں کو اجازت اور لوکل مارکیٹ تک رسائی کیلئے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے وفد کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے کےعزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں امن وامان کی تازہ صورتحال سمیت حکومت پاکستان کی جانب سے جاری فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں بارے گفتگو میں افغان سفیر کو ان شدت پسند عناصر جو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں کو افغان سر زمین استعمال نہ کرنے کی بات کی گئی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے پارہ چنار میں ڈاک نہ پہنچنے کا مسئلہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کمیونیکیشن میں اٹھا دیا۔
انکا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ سے راستے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں ڈاک نہیں پہنچ رہی، جہاں عوام کو اشیائے خورد ونوش اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا وہاں خط و کتابت اور ڈاک کا سلسلہ بھی بند ہو چکا ہے اور موبائل نیٹ ورکس میں بھی خلل ہے، جس پر اسٹینڈنگ کمیٹی نے سنجیدگی کے ساتھ ایکشن لیتے ہوئے اس ایشو پر فوری عملی اقدامات کا حکم دیا تاکہ کمیونیکیشن کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے جو کہ کئی روز سے مشکلات کا شکار ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علماء مکتب اہلبیت پنجاب کا سرگودھا میں اجلاس مجلس عاملہ و دفاع ولایت کانفرنس زیر صدارت حجةالاسلام والمسلمین علامہ سید ثمر علی نقوی مرکزی مسئول تبلیغات و مولانا گلزار حسین فیاضی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پنجاب منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ کے عہدیداران و اضلاع کے صدور و جرنل سیکٹریز نے 2024 کی کارکردگی پیش کی اورآخر میں صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پنجاب مولانا گلزار حسین فیاضی صاحب نے آئیندہ کے 3 ماہ کا ایجنڈا پیش کیا۔
دفاع ولایت کانفرنس میں مرکزی رہنماء علامہ سید ثمر علی نقوی صاحب، مرکزی رہنماءعلامہ عیسی امینی صاحب، مرکزی رہنماء علامہ سید نعیم الحسن نقوی صاحب اور صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پنجاب جناب مولانا گلزار حسین فیاضی صاحب نے خصوصی خطاب کیا۔
دفاع ولایت کانفرنس میں علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، کانفرنس کے آخر میں ملک عزیز پاکستان کی سلامتی اور شہداء پاکستان و جملہ شہداء ملت اسلامیہ کی بلندی درجات کے لے خصوصی دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت بلتستان) اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی و رہنماء مجلس وحدت مسلمین کاظم میثم اور صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید علی رضوی نے سکردو میں اہم شاہراہ کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر سید علی رضوی، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم محکمہ تعمیرات عامہ کے ایکسیئن یاور عباس اور دیگر عمائدین نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے. یولتر ہائی وے پچیس سال قبل سابق رکن اسمبلی سید عباس رضوی کے دور حکومت میں بنا اس کے بعد سے اب تک اس اہم شاہراہ کے اوپر کسی نے بھی ایک اینٹ رکھنے کی زحمت نہ کی، روڈ کی عدم میٹلنگ کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
علاقے کے منتخب نمائندے صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم نے روڈ کو میٹل کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور منصوبے کیلئے ساڑھے پندرہ کروڑ روپے مختص کئے۔ یولتر ہائی وے کی میٹلنگ سے جہاں یولتر کے عوام کو فائدہ ہوگا وہیں یہ سکردو شہر کیلئے متبادل شاہراہ بھی ہوگی، شاہراہ بلتستان کسی وجہ سے بند ہونے کی صورت میں لوگ سکردو شہر جانے کیلئے یولتر ہائی وے کا استعمال کر سکیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہاکہ یولتر ہائی وے کی میٹلنگ سے سکردو شہر کی خوبصورتی میں بڑا اضافہ ہوگا۔ علاقے میں تعمیر ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جمہوری دور میں پرامن احتجاج پر تشدد کرکے گولیاں چلائی گئیں۔ ایسی ظلم اور بربریت تو کبھی ضیاء اور مشرف کے مارشل لاء میں نہیں ہوئی۔
ووٹ کو عزت دو کے دعویدار عوامی مینڈیٹ اور عوام کی طاقت سے شدید خوفزدہ ہیں۔ مقبول جماعت پر پابندی کی باتیں افسوسناک ہیں۔ یہ بات انہوں نے دورہ بلوچستان کے تیسرے روز جھل مگسی کے علاقے کوٹ بچل شاہ میں سید زاہد حسین شاہ کی رہائش گاہ پر عوام سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ، ضلعی صدر حبیب اللہ اور دیگر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت کو فتنہ قرار دے کر اس پر پابندی کی باتیں کرنا افسوسناک ہے۔ ملک پر غیر قانونی طور پر قابض وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ جعلی مینڈٹ کے ذریعے ملک پر قابض ہیں۔ آٹھ فروری کے الیکشن میں پاکستان کے عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔ مینڈیٹ چوروں کی جانب سے مقبول ترین عوامی جماعت کے خلاف الزامات حیرت انگیز ہیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جمہوری دور میں پرامن احتجاج پر تشدد کرکے گولیاں چلائی گئیں۔ ایسی ظلم اور بربریت تو کبھی ضیاء اور مشرف کے مارشل لاء میں نہیں ہوئی۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے کہا کہ مینڈیٹ چور آج الیکشن کا اعلان کر دیں، انہیں لگ پتہ جائے گا کہ عوام ان سے کس حد تک نفرت کرتے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کے دعویدار عوامی مینڈیٹ اور عوام کی طاقت سے شدید خوفزدہ ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیوایم کے انجینئر حمید حسین کی کاوشوں سے ضلع کرم میں جنگ بندی، حالات کو معمول پر لانے اور پائیدار قیام امن کیلئے اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، مجلس وحدت مسلمین کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین، سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، کمشنر کوہاٹ، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، آئی جی خیبر پختونخوا پولیس، ایم پی اے کوہاٹ شفیع جان، ایم پی اے داؤد آفریدی اور کوہاٹ ڈویژن کے تمام پارلیمنٹرین سمیت شیعہ، سنی عمائدین و علماء شریک ہوئے۔
جرگے میں کئی اہم فیصلے اور اعلانات ہوئے، اس موقع پر امن کو برقرار رکھنے، شہداء اور دیگر نقصانات کے ازالہ کے لئے ہر قسم کی امداد کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف سخت کاروئی کا بھی اعلان کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ نشست میں آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ڈی چوک، اسلام آباد میں کھلے عام گولیاں چلانے اور قتل عام کرنے پر بھی عدلیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا کیونکہ عدلیہ کے ہاتھ باندھے جاچکے ہیں۔
عدالتیں عوام کیلئے بند ہوچکی ہیں، احتجاج کے راستے بند ہوچکے ہیں، احتجاج کیلئے نکلیں تو بےدریغ فائرنگ کی جاتی ہے، ایسے حالات میں پاکستان کی عوام کہاں جائے؟
سانحہ ڈی چوک کے دوران ڈی چوک میں 6 گھنٹوں میں شاہراہیں خالی کرانے والے سیکیورٹی اداروں کی اہلیت کا یہ عالم ہے کہ 6 ماہ ہوگئے لیکن یہ پاراچنار کے راستے میں امن قائم نہیں کرسکے ہیں، وہاں دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے کہ جب چاہیں عوام کا قتل عام کریں۔ پاکستان کی مظلوم عوام کو ایک طرف دہشتگرد قتل کرتے ہیں تو دوسری جانب ہماری ریاست گولیاں مارتی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں سے پیدا شدہ حالات سے آگاہ کردیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم انجینئر حمید حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز سے ملاقات میں ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں اور اس میں ہونے والے جانی نقصان و عوامی مشکلات سے تفصیل سے آگاہ کردیا ہے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور ضلع کرم میں ہونے والے جانی نقصانات کا سخت نوٹس لیا ہے۔
انجینئر حمید حسین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے پائیدار امن کے قیام کے لئے فوری اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ انجینئر حمید حسین نے کہا ہے کہ بد امنی کے واقعات سے ضلع کرم میں جہاں عوام مشکلات کا شکار ہیں وہاں علاقے کی تعمیر و ترقی پر بھی برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں عوام مل کر شرپسند عناصر کی کوشسوں کو ناکام بنائیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پر امن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے،نہتے عوام پر شیلنگ اور گولیاں برسائیاں گئیں یہ اقدامات قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عمل کے برے نتائج سامنے آئیں گے حکومت ہوش کے ناخن لے۔ لوٹا گیاعوامی مینڈیٹ واپس کیاجائے،نہتی عوام پر مظالم کو روکا جائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اورقائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نہتے عوام پر گولیاں برسا کر نئی نسل کو وہ سبق دیا ہے کہ جس کے بھیانک نتائج آئیں گے۔ احتجاج کرنا، دھرنا دینا، لانگ مارچ کرنے کی اجازت آئین پاکستان دیتا ہے اور جمہوری حق ہے۔ لیکن ان پر گولیاں برسا کر لاشیں گرا کر فتح کا جشن منانا انسانیت سے گری ہوئی حرکت ہے۔
کوئی کتنا طاقتور کیوں نہ ہو بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا۔ عوامی مینڈیٹ چھین کر حکومت پر قابض غاصب یہ حکومت کتنے دن مزید اقتدار کو طول دے پائیں گے۔ وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتیں اگر جمہوریت پر یقین رکھتیں تو اس حکومت سے الگ ہوجاتیں۔ اس وفاق حکومت کی بنیاد جبر زور زبرستی کے بعد اب بے گناہوں کے خون پر قائم ہے۔
طاقت اور ظلم و جبر کے ذریعے قائم حکومتیں کا انجام بھی عبرت ناک ہوگا۔ جو اس ظلم پر جواز فراہم کرنے کے لیے سانحہ پارا چنار کا سہارا لے وہ بھی اس قتل کے شریک ہیں۔ جہاں بھی ظلم ہو جو بھی ظلم کرے ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہم نے روز آخرت پر یقین رکھنا ہے اور ذمہ داری سے نظریں نہیں چرانی۔ سانحہ ڈی چوک وفاق کے ماتھے پر وہ بدنما داغ ہے جسے کبھی مٹایا نہیں جاسکتا۔ اس عوام نے اپنے لیڈر کی رہائی اور اپنے ووٹ کو مانگا تھا۔ ان کا یہی جرم تھا کہ حق کی آواز بلند کیوں کی۔
اس سانحے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جی بی سمیت تمام دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ کل کے واقعے کے بعد گلگت بلتستان کے جوانوں کو ہم وفاقی سیاسی جماعتوں کے کارکنان کیسے سمجھائیں کہ ہم آئینی حقوق مانگیں گے، ہم کیسے سمجھائیں کہ اس ملک میں جمہوری نظام ہے،ہم کیسے سمجھائیں کہ ہمیں ہمارے حقوق ملیں گے اور ہمارا مستقبل روشن و تابناک ہوگا اور ہم کیسے یقین کریں کہ اسلامی نظریہ حیات کے سبب ڈوگروں سے آزادی حاصل کی تھی تاکہ قرآن و سنت کی بالادستی ہولیکن چشم فلک نے فلسطین کے مناظردیکھے۔