The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کے وفد کے ہمراہ شہید علامہ حسن ترابی کی رہائش گاہ پر حاضری دی اور گزشتہ دنوں روڈ حادثے میں شہید ہونے والے زین ترابی کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید زین ترابی کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہید علامہ حسن ترابی کے فرزندان سے اظہارِ افسوس کیا۔

 اس تعزیتی ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی، ڈویژنل صدر کراچی علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ رہنماؤں نے شہید زین ترابی کی ناگہانی شہادت کو ملتِ تشیع کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور کہا کہ شہداء کا مشن ہمیشہ زندہ رہے گا۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان اللہ کا مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی عبادت بندگی اور عبودیت کا مہینہ ہے۔ حکومت ماہ مبارک رمضان کے دوران احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان دین اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا لہٰذا اس میں دینی اور اسلامی شعائر کا احترام اور ماہ مبارک رمضان کا احترام ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی زیر صدارت ماہ مبارک رمضان کے حوالے سے منعقدہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اہل سنت کے صوبائی رہنماء قاضی شہر پیر سید اعجاز علی شاہ، جمیعت علمائے اسلام کے ضلعی رہنماء مولانا وزیر علی، ہندو پنچایت کے صدر لال چند سیتلانی مسیحی رہنماء پادری شیرون یوسف و دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایک اسلامی ملک میں سرعام ہوٹلوں کا کھلنا روزہ اور ماہ مبارک کے تقدس کی پامالی کسی طور درست نہیں۔ ماہ مبارک رمضان میں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ گران فروشی اور مصنوعی مہنگائی کے سیلاب کو روکتے ہوئے دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور دو نمبری کا سدباب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بالخصوص جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ اغواء برائے تاوان، چوری اور ڈکیتی کی مسلسل وارداتیں لمحہ فکریہ ہیں۔ ایسے میں ایس ایس پی جیکب آباد کی طرف سے دینی مراکز، مساجد، امام بارگاہوں اور علماء کرام کی سیکیورٹی کلوز کرنا افسوسناک عمل ہے۔ اگر ایس ایس پی جیکب آباد نے ضلع میں مثالی امن قائم کیا ہے تو اپنی سیکیورٹی بھی کلوز کریں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ بدقسمتی کے ساتھ بعض با اثر وڈیرے مجرموں کی حوصلہ پشت پناہی کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔

وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر آغا سید علی رضوی نے دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے نمائندے معروف عالم دین مولانا فرمان ولی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس موقع پر آغا علی رضوی نے مولانا فرمان ولی سے کہا کہ ہم دیامر میں جاری دھرنے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ان تمام مطالبات کی بھی حمایت کرتے ہیں، ہم ہمیشہ مظلوم کے حامی اور ظالم کے خلاف کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ میں نے شروع دن ہی اپنے موقف سے سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے دیامر میں دھرنے میں موجود مظاہرین کے حوالے سے آگاہ کیا ہے، ہم اپنے حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنے حق کے لئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔ دیامر عوام حکم کریں تو ہم سکردو سے پیدل مارچ کرنے کیلئے تیار ہیں، یا یہ کہیں کہ ہم سکردو میں دھرنا دیں تو ہم دھرنا دینے کیلئے تیار ہیں، ہم دیامر کے عوام کے حکم کے منتظر ہیں، وہ جو کہیں گے ہم کریں گے۔

اس موقع پر مولانا فرمان ولی نے آغا سید علی رضوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ گلگت بلتستان کے مظلوم و محکوم عوام کی توانا آواز ہیں اور ہمیشہ مظلوموں کا حامی رہے ہیں اور عوامی حقوق کے لئے مہینوں دھرنوں پر بیٹھے رہے ہیں، ہم اپنی کمیٹی سے صلاح مشورہ کر کے بتائیں گے اور عوام جو مشورہ دیں اس سے آگاہ کیا جائے گا ہمیں آپ سے اور بلتستان کے عوام سے امید ہے کہ آپ ہمارا ساتھ پہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے پشاور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم کی مخدوش صورتحال سے آپ آگاہ ہیں، وقتا فوقتا دل خراش خبریں آپ کے علم میں آتی رہتی ہیں، ضلع کرم کے مئی 2023 سے اب تک حالات خراب سے خراب تر ہوتے گئے ہیں، 12 اکتوبر 2024 سے تاحال چھپری تا تری مینگل تک روڈ بند ہے، جسکی وجہ سے غذائی اجناس اور ادویات کی شدید کمی ہے، جس سے بہت سی اموات ہوئی ہیں، ضلع کرم کے دونوں فریقین امن کے خواہاں ہیں مگر تیسری قوت جو مختلف شکلوں میں اچانک  فعال ہوتی رہتی ہے امن کے لئے کی گئی مہینوں کی کوششوں کو چند لمحوں میں برباد کر دیتی ہے مگر افسوس حکومت انکے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لانے سے گریزا ہے، ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے انکی سرپرستی حکومتی حلقوں سے کی جارہی ہو۔

گذشتہ بروز پیر سرکاری فورسز کی موجودگی میں چند دہشت گردوں نے کانوائے پر حملہ کیا ڈرائیور حضرات کو زخمی کیا ایک کے زندگی ہارنے کی بھی اطلاعات ہیں کچھ گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی کچھ کو لوٹ کر لے گئے، ہیلی کاپٹر اوپر نگرانی کررہے تھے مگر دہشت گرد گاڑیاں جلانے میں کامیاب ہوگئے، لوٹنے والے لوٹ رہے تھے مگر حکومتی اہلکار برائے نام کاروائی کرکے چلے گئے۔افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ کئی جوان شہید ہوئے مگر دہشت گرد پھر بھی آزادگھوم رہے ہیں۔ایک ویڈیو میں سرکاری گاڑی میں لوٹا ہو سامان لوڈ کیا جارہا ہے جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں لہذا تحقیقات کی جائیں کہ کون سرکاری گاڑی میں لوٹا ہوا سامان لوڈ کررہا ہے، شرپسند اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جہاں بھی ہوں شیعہ سنی عمائدین نے حکومت کو کاروائی کرنے کا پورا اختیار دیا ہے مگر افسوس پچھلی بار بھی بگن میں آپریشن ہوا۔چند غریب خاندانوں کو بے گھر ضرور کیا گیا مگر وہی دہشت گرد مورچے بنا کر پھر سے دھمکی آمیز پیغامات کی ویڈیوز جاری کررہے ہیں۔جس سے ثابت ہوا کہ آپ کے آپریشن کے دعوے بالکل جھوٹے تھے، آپ نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے، کیا اس کانوائے پر ہونے والے حملے کے بعد بھی آپ آپریشن کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکیں گے یا کانوائے کو ٹارگٹ کرنے والے اصلی دہشتگردوں پر ہاتھ ڈالیں گے۔

ہم نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ شیعہ سنی عوام ملکر امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، ہمیں دور کرنے کی بجائے ایک دوسرے کے ساتھ قریب ہونے کا موقع فراہم کریں مگر افسوس بہت سے مسائل آج بھی حکمرانوں کے بدنیتی اور بے حسی پر مبنی رویے کی وجہ سے حل طلب ہیں۔ بہت سے پارلیمنٹیرینز تیار ہیں ضلع کرم کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے مگر ریاست کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے۔ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو کسی بڑے المیہ کے رونما ہونے میں کوئی دیر نہیں لگے گی، کئی بار کانوائے پر حملوں سے  محسوس ہورہا ہے کچھ قوتیں علاقے میں پھر سے جنگ و جدال چاہ رہی ہیں مگر کرم کے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں وہ لڑنا نہیں چاہتے خدارا اب کرم کے عوام کو امن سے رہنے دیا جائے، آج دونوں فریقین مندرجہ ذیل مطالبات کرتے ہیں۔

1۔ضلع کرم کے چھپری سے تری مینگل تک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے محفوظ بناکر کھول دیا جائے۔
2۔ فریقین کے طے شدہ امن معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے۔کسی بھی واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کسی بھی جانبداری کے بغیر کاروائی کی جائے۔
3۔مری معاہدے کے مطابق زمینوں کے تنازعات کو کاغذات مال اور رواج کرم کے مطابق حل کیا جائے۔
4۔مذہبی توہین آمیز کلمات آدا کرنے والے اور عوام کے جذبات یا نفرتیں پھیلائے والی ویڈیوز بنانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
5۔ابھی تک جتنے قافلوں پر حملے ہوئے ہیں صاف شفاف تحقیقات کرکے ملوث دہشتگردوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بارکھان میں 7 بے گناہ افراد کی شہادت المناک واقعہ ہے۔ جس میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کیا جائیں۔ بلوچستان میں گذشتہ دو دہائیوں سے بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ اس خون ریزی کا سد باب ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے جاری بیان میں بارکھان بلوچستان میں پنجاب جانے والی مسافر کوچ کے بے گناہ مسافروں کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو بلاوجہ قتل کرنا مجرمانہ فعل ہے۔ ایسا ظلم کسی بھی مذہب میں روا نہیں۔ ان المناک واقعات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتا ہوں، جس میں 7  معصوم افراد کی جانیں چلی گئیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدامنی عروج پر ہے۔ سندھ میں ڈاکو راج اور اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں۔ جبکہ بلوچستان اور کے پی میں معصوم انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ نہ عام شہری محفوظ ہے، نا ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز۔ پورا ملک جنگل بن چکا ہے۔ جہاں نہ کوئی قانون ہے نہ ہی قانون کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد اور ان کے سہولت کاروں کو ضرور سزا ملنی چاہئے۔ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا مسلسل تعاقب کرے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے کے لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ پاکستان میں رہنے والے سب آپس میں بھائی ہیں۔ یہ کون ہیں جو پاکستان کے امن اور معشیت کو تباہ کرنے کے لئے ایک بار پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں؟ علامہ مقصود علی ڈومکی نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالٰی غمزدہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ اور جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس عطا فرمائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے لوئر کرم کے علاقے اوچت اور مندوری میں اشیائے خوردونوش کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت دشمن کاروائی قرار دیا ہے، پارا چنار سامان لے جانے والے قافلے پر حملہ اور لوٹ مار انتہائی افسوس ناک ہے، اس دہشت گردانہ کاروائی کا ان علاقوں میں دوبارہ ہونا جہاں سیکورٹی فورسز آپریشن کر چکی ہیں زیادہ تشویشناک ہے اور یہ سب حکومتی نگرانی میں چلائے جانے والے قافلے پر ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹل پارا چنار مرکزی شاہراہ کی چار پانچ ماہ سے بندش اور غیر محفوظ ہونا حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے، طویل عرصے سے سنگین صورتحال سے دوچار پرامن اور قانون کا احترام کرنے والے لوگوں کو مشکلات سے نہ نکالنا ریاستی ناکامی، انتظامی بدنیتی اور حکمرانوں کی نااہلی و بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وحدت نیوز(کوٹ مومن) مجلس  وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ نے کوٹ مومن،ڈیرہ مرمانہ میں معروف عزادار ،متولی امام بارگاہ ولی العصر ،محلہ جہان خنا نہ غلام شبیر گوندل کے انتقال پر ملال پراہل خانہ سےاظہار تعزیت کے لئے آمد۔

 اس موقع پر سید قمر شیرازی اور ایڈووکیٹ اظہر نٹھر بھی سید ناصرشیرازی کے ہمراہ تھے، سید ناصرشیرازی نے شاہد عمران گوندل ،غلام رضا گوندل ،کاظم گوندل ،اکبر گوندل ،اصغر گوندل ودیگر پسماندگان اور لواحقین سے ملاقات کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کریمُ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ مرحوم کی علاقہ میں عزاداری سید الشہدا کے لئے بے مثال خدمات  ہیں۔

وحدت نیوز(پشاور) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری صاحب کی نئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ سید شہاب علی شاہ سے انکے آفس میں ملاقات۔

☆ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری صاحب نے چیف سیکرٹری کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

☆اس موقع پر ضلع کرم کے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

☆ایم این اے حمید حسین نے کہا کہ پچھلے پانچ مہینوں سے پارہ چنار کے محاصرے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

☆لوئرکرم میں ٹل پارہ چنار مین شاہراہ پر پے در پے دہشتگردی کے واقعات حکومتی و ریاستی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔

☆دونوں شخصیات کی جانب سے لوئرکرم میں دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا گیا۔

☆جبکہ ٹل پارہ چنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

☆ایم این اے حمید حسین نے چیف سیکریٹری سے مطالبہ کیا کہ پارہ چنار کی تاجر برادری اور ٹرک ملکان کے نقصانات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وحدت نیوز (نجف اشرف) سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹرسید شفقت حسین شیرازی کی جوار جناب امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام نجف اشرف میں وفد کے ہمراہ مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی حافظ شیخ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ) سے ملاقات

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان وعالمی ادارہ الباقر ومجلس علماء امامیہ پاکستان کے بانی و سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی ایم ڈبلیو ایم شعبہ نجف کے صدر علامہ سید خاور عباس نقوی ہمراہ اعضاء کابینہ و حوزة علمیہ امام باقر (ع) دمشق سيدة زينب (ع) کے مدير حجت الاسلام علامہ ڈاکٹر شیخ محمد حسن تقی ومدرس حوزہ شیخ عبدالغنی جابر کے ساتھ مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمى شيخ حافظ بشیر حسین نجفی صاحب سے انکے دفتر نجف اشرف میں ملاقات۔

اس ملاقات میں شام سے تشریف لانے والے مہمانان گرامی نے مرجع عالیقدر کی خدمت میں شام کے موجودہ حالات اور وہاں تشیع کے مسائل کی وضاحت کی اور سربراه عالمی ادارة الباقر نے انہیں بتایا کہ شام میں رجیم چینج کے بعد دمشق میں موجود حوزہ علمیہ امام باقر (ع) کا تدریسی عمل اب نجف اشرف جوار اقدس أمير المؤمنين علیہ السلام میں آپکے زیر سرپرستی کرنا چاھتے ہیں ۔ جس پر مرجع عالیقدر نے حوصلہ افزائی فرمائی اور دعائیں دیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی ضلع کرم انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز پارا چنار جانے والے اشیاء خوردونوش کے قافلے پر حملہ افسوس ناک اور انتہائی تشویش کا باعث ہے، ٹل پارہ چنار قومی شاہراہ پچھلے پانچ ماہ سے بند ہے اور روڈ پر کانوائے کا فیصلہ سکیورٹی اداروں اور سول انتظامیہ کا مشترکہ فیصلہ ہوتا ہے، اس لیے سکیورٹی کی ذمہ داری بھی انکی بنتی ہے، لیکن افسوس صد افسوس سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں دہشتگرد کانوائے میں موجود ٹرکوں کو لوٹتے ھیں اور گاڑیوں کو جلایا جاتا ہے، ڈرائیورز کو بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے لیکن موقع پر موجود انتظامیہ کے اہلکار انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں، یہ سب دہشت گردانہ کاروائیاں روز کا معمول بن چکا ہے، میرا ریاست سے سوال ہے کہ حکومتی رٹ کہاں ہے اور ریاستی ادارے کہاں ہیں۔؟ سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں نقاب پوش لوٹ مار کر رہے ہیں لیکن سب تماشائی بنے ہوئے ہیں اس انداز سے کیا پیغام اور تاثر دیا جا رہا ہے، پیٹرول ڈیزل ناپید ہے، گزشتہ اور آنے والی فصل نہیں بوئی جا سکی جس کے علاقے کی عوام پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے کشمیریوں کی ہندوستان سے آزادی اور انکی حمایت میں قرارداد پاس کی ہے جو کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ ہم مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز بلند کریں چاہے وہ کشمیری ہوں یا فلسطینی، لیکن پارا چنار کرم کا علاقہ گزشتہ پانچ ماہ سے محاصرے کا شکار ہے اور راستوں کی بندش سے اب تک سینکڑوں معصوم شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں، پیٹرول چودہ سو روپے لیٹر اور چینی پندرہ ہزار روپے فی بوری مشکل سے میسر ہے، دوائیاں ناپید ہیں، یہ غیر آئینی سلوک اور رویہ کیوں روا رکھا جا رہا ہے، کیا یہ محب وطن پاکستانی نہیں ہیں اور اس مادر وطن کا حصہ نہیں ہیں، اس پر سب ارباب اختیار چپ کیوں سادھے ہوئے ہیں اور کرم پارا چنار کے امن و امان کو ترجیح بنیادوں پر حل کیوں نہیں کیا جا رہا، کشمیر جو بھارتی تسلط کا شکار ہے اسے اپنے ساتھ ملانے کی کوشش ہو رہی ہے اور جو حساس علاقے سنگین صورتحال سے دوچار ہیں اور وہاں کی عوام میں ریاست کی بے حسی پر شدید احساس محرومی کا شکار ہیں ان کے مسائل اور مشکلات کا حل نہیں نکالا جاتا یہ کہاں کی دانشمندی اور حب الوطنی ھے۔

ط

Page 10 of 1543

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree