The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی والدہ مرحومہ کی نماز جنازہ امام بارگاہ سامرہ نیورضویہ سوسائٹی اسکیم 33 کراچی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ خود آغائے احمد اقبال رضوی کی زیر اقتداءاداکی گئی۔

نماز جنازہ اور تدفین میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی، مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی، صوبائی صدر سندھ مولانا سید باقرعباس زیدی،نائب صدر مولانا مختاراحمد امامی، جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما علامہ باقر حسین زیدی وشبر رضا رضوی،مرکزی رہنما شیعہ علماءکونسل مولانا ناظرعباس تقوی ،خطیب حسینیتؑ علامہ محمد نقی نقوی ، ہیئت آئمہ مساجد وعلمائےامامیہ کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی ، مجلس ذاکرین امامیہ کے رہنماعلامہ ڈاکٹر جواد حیدرزیدی، مولانا صادق جعفری، مولانا حیات عباس نجفی ، علامہ مبشر حسن ، رضی حیدررضوی،علی احمرزیدی،آصف صفوی، علی نیئرزیدی ، حسن رضا ، زین رضا رضوی ، کاظم عباس، احسن عباس رضوی، قیصرعباس زیدی ودیگر رہنماؤں سمیت مختلف علمائے کرام، ذاکرین عظام، مذہبی، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، مرحومہ ومغفورہ کو آہوں اور سسکیوں میں وادی حسینؑ میں سپرد لحد کردیا گیا۔

وحدت نیوز(کندھ کوٹ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے سات کروڑ شیعہ مسلمانوں کے بنیادی عقائد کو نظرانداز کرتے ہوئے متنازعہ نصاب تعلیم مرتب کیا گیا ہے۔ جس پر کروڑوں اہل سنت محبان اہل بیت بھی معترض ہیں۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کشمور کے ضلعی صدر میر فائق علی خان جکھرانی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کشمور کے ضلعی صدر میر فائق علی خان جکھرانی، ضلعی نائب صدر مولانا سید باقر شاہ شمسی، تعلقہ صدر کندہ کوٹ بابر علی ملک، صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی، جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ ونگ تعلقہ کندہ کوٹ زبیر احمد بلوچ، میر نجم الدین خان جکھرانی و دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو تحفظات ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے سات کروڑ شیعہ مسلمانوں کے بنیادی عقائد کو نظرانداز کرتے ہوئے متنازعہ نصاب تعلیم مرتب کیا گیا ہے۔ جس پر کروڑوں اہل سنت محبان اہل بیت بھی معترض ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ 1975 کے نصاب تعلیم کو بحال کرتے ہوئے متنازعہ نصاب تعلیم پر نظرثانی کرے۔

 انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے صوبائی سطح پر نصاب تعلیم کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ جس میں ماہرین تعلیم علماء کرام اور سینیئر تنظیمی رہنماء شامل ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اغواء برائے تاوان، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے سبب عام شہری پریشان ہیں اور تاجر طبقہ خود کو غیر محفوظ سمجھتا ہے۔ ملکی ترقی، تعمیر اور استحکام کے لئے امن و امان بنیادی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کچے کے اضلاع کشمور، شکار پور، گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی بہتری کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اوراپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کے تابناک ماضی کی یاد تازہ کرتا ہے، جب یہاں کے غیور عوام نے اس خطے کو آزاد کرایا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ اپنے پرکھوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام نے یکم نومبر پر الگ ریاست کا جھنڈا اس وقت کے سامراج سے نبرآزما ہوکر ابتدا میں گلگت میں لہرایا بعد میں مرحلہ وار پورے گلگت بلتستان میں آزادی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ جنگ آزادی گلگت بلتستان ہمارے جوانوں کو حوصلہ دیتی ہے کہ عزائم بلند ہو اور ٹھان لی جائے تو کوئی بھی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کا ستتر سال بعد بھی صلہ نہیں ملتا اور آج بھی حقوق اور تشخص سے محروم ہے۔
 
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ یکم نومبر کا دن تقاضا کرتا ہے کہ اس خطے کے عوام کو انکی امنگوں کے مطابق تشخص دیا جائے۔ قومی اداروں میں نمائندگی دے کر بیگانوں کا سا سلوک ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنی تفریق کو ختم کریں اور شعوری سفر کو مزید تیز کریں تو یہاں کے حقوق اور تشخص کو کوئی روک نہیں سکتا۔ یکم نومبر اجداد کی قربانیوں سے تجدید عہد اور اس خطے کو تعمیر و ترقی کے لیے تعصبات کو ختم کرنے کے لیے عزم نو کا دن ہے۔

وحدت نیوز(سکردو) جی بی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ آف بلتستان کے زیر اہتمام یوم آزادی گلگت بلتستان کے پروگرام سے رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری، رہنما مجلس وحدت مسلمین شیخ محمد جان حیدری،پرنسپل کالج سید کامران اور دیگر نے خطاب کیا۔

رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری نے کہا کہ ہم نے جس خلوص کیساتھ گلگت بلتستان کو آزاد کرکے الحاق کیا کیا ریاست پاکستان نے ہمیں اس کا صلہ دیا؟گلگت بلتستان بائی چوائس پاکستانی ہے باقی بائی چانس پاکستانی ہیں۔آج تک گلگت بلتستان کو نہ تعلیمی حقوق ملیں۔نہ آئینی نہ شہری اور نہ ہی دیگر شعبوں میں۔آج یکم نومبر 2024 کو ریاست سے ہمارا سوال ہے کہ 76 سالوں میں ہمیں حقوق سے محروم کیوں رکھا گیا ہے؟بجلی صحت پانی تعلیم سمیت کوئی بنیادی حقوق نہیں ہے۔اسٹبلشمنٹ بیوروکریسیمافیاز کو سہولیات دیا لیکن آزادی دلانے والے عوام کو نہیں۔الحاق سے آج تک ریاست نے ہم سے وفا نہیں کیا۔دریائے سندھ کی رائلٹی ریاست کے رہی ہے۔لیکن ہمیں بجلی میسر نہیں اب زمینوں اور پہاڑوں پر قبضہ کرکے نئے ڈوگرے راج کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔ہمیں آج بھی آزادی کی جنگ لڑنے کی ضرورت ہےکل ہم ڈوگروں اور ہندوستان کے غلام تھے آج ظالم ستمگر ریاست کے غلام ہیں۔

شیخ محمدجان حیدری نے کہاکہ باقی تمام صوبے بائی چانس پاکستانی ہیں ہم گلگت بلتستان والے بائی چوائس پاکستانی ہیں1948 میں ہم نے مقپون داس سے دشمنوں کو بھگایا تھا 1988 میں ہم پر اسی جگہ لشکر کشی کی گئی آج 2024 میں 76سال ہونے کے باوجود نہ ہمیں آئینی حقوق دیں ہیں اور نہ  بنیادی انسانی حقوق۔گلگت بلتستان کے سٹوڈنس میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے ٹینیکل سائنس،سوشل سائنس کیساتھ آنے والے چلنجز سے نمٹنے کےلئے آرٹیفشل انٹلیجنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے رکن کردار سازی کونسل شیخ محمدجان حیدری نے کہا کہ ہمیں بلتستان یونیورسٹی سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں بلتستان کے مثالی دینی ثقافت کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم کیساتھ تربیت پر توجہ دینا نہایت لازمی ہے۔آج دشمن فیملی اخلاق اور خواتین کی شخصیت کو فمینزم کے نا پر متاثر کرنے کے درپے ہیں ہمیں اسلامی تربیت کی مادر گرامی حضرت خدیجہ الکبری ع اور سیدہ کائنات حضرت زہرائے مرضیہ کی پاکیزہ زندگی سے درس لینے کی ضرورت ہے ۔تعلیم کیساتھ تہزیب اور تربیت نہایت ضروری ہے۔تزکیہ اور تربیت کے بعد آرٹیفشل ایجوکیشن انسانیت کش ہے عصر حاضر کی ماڈرن جاہلیت پر مشتمل تہزیب یعنی صہیونیزم اپنی تعلیم کے بل بوتے انسانیت کا قاتل ہے بچوں اور خواتین کا قاتل ہے لہذا ہمیں تعلیم کیساتھ اپنی نسل نو کی تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز (سیہون شریف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے دانشگاہ امام علی رضا علیہ السلام سیہون شریف میں مدیر مدرسہ اساتذہ اور طلاب کرام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کرام سے گفتگو کی اور طلاب سے خطاب کیا۔ جناب علامہ غلام قاسم تسنیمی نے انہیں مختلف کتب میزان الحکمہ، الکافی، تفسیر نمونہ نہج البلاغہ کے حوالے سے اردو سافٹ وئیر سے متعلق خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر دانشگاہ جعفریہ، واگھریجی کے پرنسپل بزرگ عالم دین علامہ محمد محسن مہدوی بھی موجود تھے۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق علوم قرآن کریم اور تعلیمات آل محمد ﷺ کی ترویج اور اردو ترجمہ کے ساتھ اردو سافٹ وئیر کا اجراء احسن اقدام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مدراس دینیہ علوم قرآن اور تعلیمات اہل بیت کا مرکز ہیں۔ ہر دور میں حوزات علمیہ میں ایسے عظیم انسانوں نے تربیت پائی جو عالم اسلام اور انسانیت کا سرمایہ قرار پائے۔ عصر حاضر میں حضرت امام خمینی رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای آیت اللہ شہید سید محمد باقر الصدر آیت اللہ شہید مرتضیٰ مطہری جیسی نابغہ روزگار شخصیات مدارس دینیہ کے فارغ التحصیل ہیں۔طلاب کرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایک طالب علم کو علم و تقوی کے حصول کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ سے آگاہ رہنا چاہیے ۔ موجودہ حالات میں حق و باطل کی درست شناخت کرتے ہوئے ہمیں حق اور اہل حق کا ساتھ دینا چاہیے اور باطل اور اہل باطل کے شیطانی عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر انہوں نے دانشگاہ امام علی رضا علیہ السلام کے موسس بزرگ عالم دین مرحوم علامہ اصغر نجفی کی دینی اور تعلیمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی والدہ محترمہ مختصر علالت کےبعد داعی اجل کو لبیک کہہ کر خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔ مرحومہ و مغفورہ کے انتقال پر ملال پر ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی ، تمام اراکین مرکزی کابینہ ،صوبائی صدور ، ضلعی ویونٹ مسئولین نے علامہ سید احمد اقبال رضوی و دیگر اہل خانہ سے دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری تعزیتی پیغام میں قائدین نے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا فراق سب سے بڑا نقصان تصور کیا جاتا ہے، یہ انسان پر مصیبتوں ، بلاؤں ، پریشانیوں کو ٹالنے والی سب سے بڑی ڈال ہوتی ہے ۔ لیکن مشیت الہیٰ کے آگے کسی کا زور نہیں چلتا۔ اس دنیا میں جوآیا ہے اس نے ایک دن ضرور جانا ہے ۔

مرحومہ ومغفورہ ایک انتہائی مومنہ اور مجاہدہ خاتون تھیں، وہ زمانے سے باخبر حالات کا ادراک رکھتی تھیں، پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے مسائل سے آگاہ خاتون تھیں، مظلومین جہاں کے لیئے اپنے دل میں درد کا احساس رکھتی تھیں، انہوں نے اپنے اولاد کی اسلامی و انقلابی خطوط پرتربیت کا شاندار فریضہ بھی بحسن وخوبی انجام دیااور لائق اور قابل نسل کی پرورش کی ۔

خدا وند متعال سے دست بادعاہیں کہ وہ مرحومہ کو جوار جناب صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا میں جگہ عنایت فرمائے، ان کے تمام گناہان کبیرہ و صغیرہ کو معاف فرمائے اور آقائے احمد اقبال رضوی سمیت تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے۔ آمین

 

وحدت نیوز (پشاور) قومی اسمبلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلع کرم کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم این اے انجینئر حمید حسین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ضلع کرم کی اہم شاہراہوں پر مسافروں کے قتل و غارت کے واقعات رونماء ہو رہے ہیں، جن میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں، جن میں بچے و خواتین شامل ہیں۔ ایسے واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہو رہے ہیں۔ ان دہشتگردی کے واقعات کے بعد ٹل، پاراچنار مین شاہراہ سمیت ضلع کرم کی اہم سڑکیں بند ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹل پاراچنار روڈ پچھلے 18 دنوں سے بند ہے۔ چونکہ یہ ضلع کرم کی آمدورفت کی واحد شاہراہ ہے، اس کی بندش کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، گھریلو سلنڈر وغیرہ ناپید ہو چکے ہیں۔ تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں، ضلع کرم کے طلباء جو ملک کے دوسرے علاقوں کے کالجز و یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، باہر ممالک جانے والے مسافروں کے ویزے ختم ہو رہے ہیں، شدید مریضوں کو علاج کے لئے پشاور منتقل کرنا ناممکن ہے۔

چیف سیکرٹری نے ایم این اے انجینئر حمید حسین کو یقین دلایا کہ ضلع کرم کے عوام کی مشکلات جلد از جلد حل کی جائیں گی، ٹل، پاراچنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن کے اثرات ایک دو دن میں نظر آئیں گے۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے ضلع کرم کے زمینی تنازعات و دیگر مسائل کے حل کے لئے طریقہ کار و تجاویز طلب کیں۔ واضح رہے کہ ملاقات کے شروع میں چیف سیکرٹری کے آفس کے مطابق ضلع کرم میں حالات بالکل نارمل بتائے گئے اور یہ بھی کہا گیا کہ ٹل پاراچنار مین شاہراہ آمدورفت کے لئے مکمل طور پر کھلی ہے اور عوام کو ضلع کرم میں آنے جانے میں کوئی مشکل نہیں ہے اور نہ ہی ضروریات زندگی کی کوئی کمی ہے۔ ایم این اے انجینئر حمید حسین نے ضلع کرم سے غلط رپورٹنگ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور چیف سیکرٹری سے کہا گیا کہ ضلع کرم میں جاری بدامنی و دہشتگردی کے واقعات میں مقامی انتظامیہ مکمل طور پر ملوث ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملت جعفریہ پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی مجلس عزاء بسلسلہ چہلم شہید مقاومت سردار سید حسن نصراللہؒ کے حوالے سے مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم پاکستان برادر ناصر عباس شیرازی کی زیر صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع راولپنڈی و اسلام آباد وومن ونگ کی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میںفلسطین، لبنان اور پاراچنار کی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور سوال جواب کئے گئے اس موقع پر 10 نومبر مرکزی مجلس عزاء کے حوالے سے وومن ونگ کو زمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے بھرپور عزم کا اظہار کیا اور اب تک کی فعالیت سے آگاہ کیا۔


وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل و دیگر رہنماؤں کے خلاف جعلی مقدمات اور سابق رکن اسمبلی اختر حسین لانگو کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر صوبے بھر میں 30 اکتوبر کو شٹر ڈاؤن اور 2 نومبر کو پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ اپنے مشترکہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنماؤں علامہ علی حسنین حسینی اور علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ناقص پالیسیوں پر تنقید کرنے والی جماعتوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکمران بخوبی جانتے ہیں کہ بی این پی رہنماؤں نے کوئی غیر قانونی فعل سرانجام نہیں دیا ہے، تاہم جمہوری دور میں آمرانہ رویہ اختیار کرکے جمہوریت کی ساکھ کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی سیاسی و آئینی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ آئین کی بحالی ہی ملک کے مسائل کا حل اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کا راستہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مخالف جماعتوں کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی پر دباؤ ڈالنے اور طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے سیاسی کارکنوں اور قائدین کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان صوبے بھر میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تیس اکتوبر کو ہونے والے شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دو نومبر کو پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کرتی ہے۔

Page 8 of 1517

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree