The Latest
وحدت نیوز(لندن) بمناسبت برسی ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی ودیگر شہدائے اسلام کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئےتکریم شہداء سیمینارلندن میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین برطانیہ و امامینز یو کے ، کے زیر اہتمام تکریم شہداء سمینار بمناسبت برسی بانی آئی ایس او ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں برطانیہ بھر سے علماء کرام، دانشوران و مومنین و مومنات و تنظیمی افراد و زعماء نے بھرپور شرکت فرمائی۔
اس سیمینار میں نظامت کے فرائض ایم ڈبلیو ایم لوٹن کے آرگنائزر جناب غلام عباس صاحب و مولانا ہاشم الحسینی نے احسن انداز میں سرانجام دیئے اور مولانا ہاشم الحسینی نے تلاوت قرآن پاک سے سیمینارکا آغاز کیا۔
تکریم شہداء سمینار سے حجت الاسلام مولانا ہادی شبیری صاحب نے استقبالیہ خطاب فرمایا۔ اس کے علاوہ حجت الاسلام مولانا سید قمبر عباس صاحب، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر رضوی صاحب، ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر جناب حجت الاسلام مولانا ابرار حسین حسینی صاحب، حجت الاسلام والمسلمین مولانا غلام حر شبیری صاحب، نے خطاب فرمایا جناب شجاعت حسین صاحب نے ترانہ پیش کیا۔ شہداء کی یاد سے شرکا کی انکھیں اشکبار اور روح پرور مناظر تھے۔
آخر میں پینل ڈسکشن کے حجت الاسلام مولانا جناب مشرف حسین الحسینی صاحب، جناب ملک تبرید حسین صاحب، جناب ڈاکٹر حماد نقوی صاحب، جناب ڈاکٹر سید رضا حسین صاحب نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی زندگی پر گفتگو فرماتے ہوئے سامعین کے سوالات کے موثر جواب دیئے۔ سمینار کا اختتام دعائے وحدت سے ھوا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) فارم 47 کی مسلط شدہ نااہل اور متعصب پی ڈی ایم 2 حکومت سیاسی انتقام سے باز نہ آئی،سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کے حق و سچ کا ساتھ دینے ، آئین کی بالادستی ، پارلیمان کی مضبوطی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کے جرم میں ایک بار بھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے 2014ء میں دھرنوں کے کیس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کیجانب سے 2014ء میں دھرنوں سے متعلق کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کی۔
دوران سماعت غیر حاضری پر عدالت نے ایم این اے خرم شہزاد، سربراہ ایم ڈبلیوایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت نے ڈاکٹر طاہر القادری کی اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کیسز کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
عمران خان متعلقہ مقدمات میں حاضری سے مستقل استثنیٰ پر ہیں، بانی پی ٹی آئی ودیگر کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں 2 مقدمات درج ہیں۔
واضح رہے کہ یہ وارنٹ گرفتاری ایسے وقت میں جاری کیئے گئے ہیں کہ جب سربراہ ایم ڈبلیوایم سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری ان دنوں لبنان کے دورے پر ہیں جہاں وہ سید مقاومت شہید حسن نصراللہ ؒ کی آخری رسومات میں شریک ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کے زیراہتمام دختران ملت اسلامیہ کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، دانشور، ڈاکٹرز، وکلاء اور سول سوساٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں مرکزی وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، صوبائی صدر پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی، علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے خصوصی شرکت کی۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کے دوران علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہاکہ ہم آج خدا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کہ پاک پروردگار نے آج ہم سے اہم کام سرانجام کروایا اور ملت کی دختران کی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ درحقیت جو سکون اور راحت خدمت انسانیت میں ہے، وہ اور کہیں نہیں، اللہ پاک اپنی مخلوق کی خدمت میں مصروف عمل رہنے والوں سے راضی اور خوش ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اول دن سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہم دکھی انسانیت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ ملت کیلئے خدمات سرانجام دے سکیں اور ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ اجماعی شادیوں کی تقریب رنگ نسل کے بغیر تمام مکاتب فکر کی بیٹوں کی شادی انجام پذیر ہوئی اور اپنے گھر کو رخصت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ اگلے سال یہ تقریب اور بھی شایان اور اضافہ کیساتھ منعقد ہوگی، جس میں جوڑوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا اور ان شاءاللہ جہیزپیکچ کے علاوہ سلامی دی جائے گی، ہم آپ سب کے شکرگزار ہیں کہ آپ نے ہم پراعتماد کیا اور ہم کامیاب و کامران ہوئے اور آپ کے اعتماد پر پورا اترے جس پر خدا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) سید حسن نصر اللّہ کو اسرائیل نے 27 ستمبر 2024 کو شہید کر دیا تھا، اسرائیل نے اس بمباری میں تقریباً دو ٹن کے 85 مورچہ شکن بم استعمال کیے، پانچ ماہ بعد آج انکی بیروت میں لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی، یہ بلاشبہ دنیا کی تاریخ کے چند بڑے جنازوں میں ایک تھا جس کی کوریج کیلئے دنیا بھر سے صحافی موجود تھے، میں بھی اس بین الاقوامی صحافتی وفد کا حصہ تھا۔
لبنانی قوم نے خون جما دینے والی سردی میں کمال عشق، بہتے اشکوں، فلک شگاف نعروں، پرچموں اور عہد وفا کے ساتھ اپنے مزاحمتی لیڈر کو شایان شان انداز سے سپرد خاک کیا ہے، نماز جنازہ سٹیڈیم میں ادا کی گئی جہاں لوگ رات پہنچنا شروع ہو گئے تھے، سٹیڈیم بھر جانے پر دروازے بند کر دیئے گئے اور پھر سٹیڈیم کی طرف جانیوالی تمام شاہراہوں پر انسانی سر ہی سر تھے، اہل لبنان پورے پورے خاندان اور چھوٹے بچوں کو بھی ساتھ لائے، لوگ ایران، امریکہ، یمن، عراق، بھارت، بیلجئیم، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا، بُرکینا فاسو، یورپ، ایتھوپیا، مصر، کیوبا، تیونس سمیت کئی ملکوں سے شریک ہوئے، بغداد سے تو بیروت کی پروازوں کے تمام ٹکٹ ہی فروخت ہو چکے تھے۔
حسن نصر اللہ کو 2000 میں 22 سال کے بعد اسرائیلی قبضے سے جنوبی لبنان کی آزادی اور 33 روزہ جنگ کی فتح میں کردار کی وجہ سے "سیدِ مُقاومت" کا لقب دیا گیا۔ انہوں نے حزب اللہ کے اہم ترین کمانڈر کے طور پر اس مزاحمتی تنظیم کو نہ صرف دفاعی طور پر مضبوط کیا بلکہ لبنان کی سیاست میں بھی اہم کردار دلوایا، وہ 1992 سے حزب اللہ کے سربراہ رہے۔
اُن کا بڑا بیٹاسید ہادی نصراللہ1997 میں 18 برس کی عمر میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گیا تھا۔
زندگی میں کئی مشاہدات بالخصوص آج کے مشاہدہ کے بعد میرا حاصل زندگی یہ ہے کہ زندگی وہی ہے جو ظلم، ناانصافی، فسطائیت کے خلاف اور انسانی عزت و وقار کے حق میں مزاحمت کرتے ہوئے گزاری جائے، جو زندگی اسکے برعکس ظلم و بربریت اور طاقتور حکمرانوں کے دلال اور ٹاوٹ بن کر گزرے تو ایسی زندگی پر نہ صرف لعنت بلکہ وہ دھرتی پر بوجھ ہے۔
موت تو ویسے ہی برحق ہے
لہذا موت ہو تو حسن نصراللہ جیسی ہو
امیر عباس (بیروت)
وحدت نیوز(بیروت) شہدائے راہ القدس، سید مقاومت سید حسن نصراللہ ؒ ان کے جانشین اور حزب اللہ لبنان کے نامزر سیکریٹری جنرل سید ہاشم صفی الدینؒ کی نماز جنازہ اور تدفین کی مراسم آج بیروت میں ادا کردی گئیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی زیر قیادت پاکستانی وفد نے بھی اس عظیم الشان اجتماع میں خصوصی شرکت کی اور شہدائے راہ قدس کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی وفد میں سربراہ ایم ڈبلیوایم سمیت مرکزی سیکریٹری امور خارجہ ایم ڈبلیوایم علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی، معروف عالم اہل سنت مفتی گلزار حسین نعیمی ،مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان فخر عباس نقوی، سیکریٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابومریم، معروف صحافی اور تجزیہ نگار امیر عباس ودیگر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سرداران شہدائے مقاومت کی آخری رسومات بیروت شہر کے نیشنل اسٹیڈیم میں رہبر انقلاب کے لبنان میں موجود نمائندے کی زیر اقتداء ادا کی گئی جس میں دس لاکھ سے زائد افراد نے کئی درجن ملکوں سے شرکت کی ہے اس اجتماع کو دنیا کے بڑے جلوس جنازہ میں سے قرار دیا جارہا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جی ڈی اے کی اعلی سطح میٹنگ میں مشترکہ سیاسی جدوجہد کے بنیادی نکات اور لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ایک اہم کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں جی ڈی اے سے سائیں زین شاہ، صفدر عباسی، سردار رحیم اور حسنین مرزا جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جانب سے سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا،جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصرعباس شیرازی، حلیم عادل شیخ، ساجد ترین اور اخونزادہ حسین یوسفزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔جی ڈی اے نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی دو روزہ قومی کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے اعلی سطح پر شرکت کا وعدہ کیا۔
علاوہ ازیں کمیٹی کا آئین کے تحفظ اور سیاسی استحصال کے خاتمے اور مشترکہ سیاسی جدوجہد کے نکات طے کرنے کے لئے اگلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں سندھ میں اپوزیشن کو منظم طریقے سے دیوار کے ساتھ لگانے کی حکومتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے دھاندلی زدہ الیکشن پر مبنی جعلی اسمبلی کو تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا۔ پورے ملک بشمول سندھ میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت سندھ سے مرتضی جتوئی اور دیگر سیاسی کارکنان شامل ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری کا کہنا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ گزشتہ چند سال کے دوران غزہ کے مسئلے اور پاراچنار کے مسائل سمیت دیگر مواقع پر مثبت کردار ادا کئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ اور سنی اتحاد کو برقرار رکھنے میں ملی یکجہتی کونسل کا کردار اہم ہے۔ بعض عناصر ملک میں تفرقہ پھیلانے کی کوششیں کرتے ہیں، تاہم ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے ان کی سازشیں ناکام کرتے ہوئے اتحاد کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسئلے کے موقع پر متحد ہوکر فلسطین کے لئے آواز اٹھائی۔ شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر دو تقریبات منعقد کیں اور فلسطین کے حق میں متعدد بار پریس کانفرنس اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے آواز بلند کی۔
وحدت نیوز( بنگل خان چانڈیو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تشیع نے ملت اسلامیہ کی بیداری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ عصر حاضر میں حضرت امام خمینی رحمہ اللہ علیہ نے قوموں میں شعور بیداری اور قیام و استقامت کے پرچم کو بلند کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنگل خان چانڈیو میں "بیداری ملت میں تشیع کا کردار" کے عنوان سے منعقد اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے 37 ویں مرکزی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کنونشن کے آخری روز یوم حسین علیہ السلام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ 23 فروری یوم سوگ اور یوم تجدید عہد ہے۔ اس عظیم انسان کی شہادت اور جدائی پر کہ جو پوری زندگی حق اور صداقت کا علم لے کر وقت کے فرعون اور یزید کے خلاف برسر پیکار رہا۔ سید مقاومت اتحاد بین المسلمین کے علمبردار، تحریک آزادی فلسطین کے نڈر رہنماء اور عالم اسلام کا ناز تھے۔ آج پوری دنیا کے مسلمان اور حریت پسند اس عظیم مجاہد کی جدائی پر سوگوار ہیں کہ جس نے فلسطین کے مسلمانوں سے اور اپنے اہل سنت بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ جو امریکہ اور اسرائیل کے لئے خوف کی علامت تھا اور پوری دنیا کے مظلوموں کے لئے امید کی کرن تھا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید حسن نصر اللہ کا راستہ جاری رہے گا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید کے مشن کو ان کی قربانی کو اور ان کے پیغام کو پائے تکمیل تک پہنچائیں گے۔
وحدت نیوز(پاراچنار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پاراچنار نے پارہ چنار مرکزی دھرنے سمیت ضلع کرم کے علاقے سلطان لوئر مڈل کرم اور گوساڑ لوئر مڈل لوئر کرم دھرنوں کے منتظمین پر کرم پولیس کی جانب سے کاٹی گئی FIR میں ضمانت منظور کر لی گئی۔ دھرنوں کے منتظمین اور ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے ایڈووکیٹ سید عرب شاہ قاضی، سید علی شاہ شیرازی، کرم بار کونسل کے صدر عامر عباس طوری، ایڈووکیٹ ریاض بنگش اور ایڈووکیٹ سید فدا حسین کا شکریہ ادا کیا۔ دھرنوں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ جن کے تعاون سے مرکزی دھرنا پارہ چنار سٹی، لوئر مڈل کرم سلطان اور لوئرمڈل کرم گوساڑ دھرنے کے منتظمین و شرکاء پر کاٹی گئی FIR میں ضمانت منظور ہوئی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے شہید مقاومت، شہید راہ قدس سید حسن نصراللہ و شہید ہاشم صفی الدین کی تشیع نماز جنازہ کے موقع پرامام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر لائیو تشیع جنازہ دکھایا گیا۔ شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی، مجلس عزا اور شہدا سے ایفائے عہد کے لیے شمعیں روشن کی گئیں، مقررین نے کہا کہ آج یوم عہد ہے ہم فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، ہم ہر خیانت کا بھرپور جواب دیں گے، شہید سیدحسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کا مقدس خون رنگ لائے گا، فلسطین اور بیت المقدس فلسطینیوں کو مل کر رہے گا، پوری دنیا سے حریت پسندوں نے شہدا کا نماز جنازہ پڑھ کر امریکہ اور اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
اس موقع پر صوبائی صدر مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، پرنسپل جامعة العباس علامہ ڈاکٹر غضنفر علی حیدری، علامہ غلام مصطفی انصاری، ریجنل صدر آئی ایس او پاکستان جنوبی پنجاب احتشام اظہر نے شرکا سے خطاب کیا، سید کاشف زیدی، عاصم گیلانی نے منقبت پڑھی۔ علامہ سلطان احمد شاہ، علامہ احسان رضی، یافث نوید ہاشمی، ملک اظہر کھوکر، سید وسیم زیدی، غلام حسین انصاری، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم فخر نسیم، ضلعی صدر آئی ایس او علی مصدق، عرفان چاون سمیت صوبائی و ضلعی کارکنان نے شرکت کی۔