The Latest

وحدت نیوز(اصفہان)مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے موقع پر جامعہ المصطفی کے کانفرنس ہال میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر قربانی مقدم نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔  ڈاکٹر قربانی مقدم نے اپنے خطاب میں شب رحلت حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہ کی مناسبت سے کہا کہ جس طرح حضرت خدیجہؑ ام المومنین کی یاد منائی جاتی ہے، اسی طرح شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسی عظیم شخصیات کی یاد کو بھی زندہ رکھنا چاہیے اور ان کی خدمات کو نئی نسل تک پہنچانا چاہیے۔

 انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے لیے اسوہ خیر معین کرنا چاہیے اور شہید ڈاکٹر نقوی جیسی شخصیات سے کو یاد کرنا چاہیے،انہوں نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی یاد کو زندہ رکھنے کے دو اہم طریقے بتائے: پہلا، ان کا نام ہر کسی کو معلوم ہو اور فراموش نہ کیا جائے، اور دوسرا، ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے۔ ڈاکٹر قربانی مقدم نے کہا کہ جس طرح قرآن کو پڑھنا عبادت ہے، اسی طرح ان شخصیات کی یاد کو زندہ رکھنا بھی ہماری زندگیوں میں برکت اور تاثیر پیدا کرے گا۔

 پروگرام میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شخصیت کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے مسابقات اور دیگر تعلیمی پروگرامز کے انعقاد پر بھی زور دیا گیا۔ ڈاکٹر قربانی مقدم نے کہا کہ شہید ڈاکٹر نقوی کی یاد کو صرف ایک دن تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ سال بھر زندہ رکھنا چاہیے، تاکہ وہ ہمیں نہ صرف راستہ دکھائیں، بلکہ ہدف تک پہنچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔  شہداء کی یاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب کے فرمان کے مطابق، "شہداء کی یاد منانا شہادت سے کم نہیں ہے۔
" انہوں نے کہا کہ شہداء کی یاد منانا درحقیقت معاشرے کو شہید کی طرح زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔  پروگرام کے اختتام پر حاضرین کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی۔یہ پروگرام مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسی عظیم شخصیات کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کی خدمات کو نسل نو تک پہنچانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں ایک اہم قدم ثابت رہا۔

وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے صدر اور تشکل سلمان فارسی کے مسئول، مولانا سید محسن رضا نقوی نے اپنے ایم-فل کے مقالے کا اچھے نمبروں کے ساتھ کامیابی سے دفاع کیا۔ یہ جلسہ علمی و تحقیقی حلقوں میں خصوصی اہمیت کا حامل تھا، جس میں معروف اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  جلسے میں قبلہ محترم کے استادِ رہنما، عالی جناب استاد محترم آقای محمد ابراھیم اخوان، اور استادِ داور، عالی جناب ڈاکٹر ماجد نجاریان نے شرکت کی۔ دونوں بزرگوں نے مولانا سید محسن رضا نقوی کی بہترین کارکردگی پر شاباشی دی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

ڈاکٹر نجاریان نے قبلہ محترم کو "استاد" اور "محقق" کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ "یہ پایان نامہ میرے دل کو لگا ہے اور طالب علم نے اپنے مربوط رشتے کا حق ادا کیا ہے"۔  جلسے میں تشکل سلمان فارسی ہیئت طلاب سندھ کے اراکین اور مجلس وحدت المسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

تمام شرکاء نے قبلہ محترم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے حق میں دعائے خیر کی۔  آخر میں، مسؤول تشکل سلمان فارسی و صدر مجلس وحدت المسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے افطاری کی پذیرائی کی گئی۔  یہ کامیابی نہ صرف مولانا سید محسن رضا نقوی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، بلکہ مجلس وحدت مسلمین اور تشکل سلمان فارسی کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ ان کی یہ علمی کاوش مستقبل میں بھی تحقیقی میدان میں ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جس میں معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا اور سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر جوانوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ یہ سفاکانہ کارروائی انسانیت اور امن کے دشمنوں کی گھناؤنی سوچ کا عکاس ہے۔بلوچستان میں بگڑتی ہوئی صورتحال ہم سب کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ تمام سیاسی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور قومی سلامتی کے لیے متحد ہو کر عملی اقدامات اٹھائے۔میں اہلِ پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ افطار کے وقت یرغمالیوں کی سلامتی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پر اپنا خاص رحم فرمائے اور ہمیں امن و استحکام نصیب کرے۔ الٰہی آمین!

وحدت نیوز (اسلام آباد) پارہ چنار میں جنم لیتے بدترین انسانی المیہ ،راستوں کی بندش سے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، تیزی سے بڑھتی غربت اور بنیادی صروی اشیاء کے فقدان پر صوبائی اور وفاقی حکومت کی بے حسی اور مناسب اقدام نہ کرنے پر سیاسی روابط کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وفد کی خیبر پختون خواہ سے تعلق رکھنے والے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور ایم این اے اسد قیصر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔اس موقع پر ان کے بھائی اور صوبائی وزیر بھی ہمراہ تھے ۔

وفد کی قیادت وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ظہیرعباس نقوی بھی ہمراہ تھے ۔مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نےعزہ پاکستان پارہ چنار کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے راہنما سے صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے اور مسائل کے فوری حل کے لئے راستوں کو کھولنے پر زور دیا ۔

اس موقع پر کرم سے ممبر قومی اسمبلی اور مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر انجنئیر حمید حسین نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے پارہ چنار کی ضرورت حال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں پارہ چنار کا محاصرہ وطن کے تمام مراکز قوت کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے اور اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اتنا مختصر روٹ نہیں کھلوا سکتے تو وہ  ملک میں امن و امان کیسے قائم کر سکتے ہیں۔

آخر میں محترم اسد قیصر نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس صورت حال میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔۔یاد رہے کہ مجلس وحدت کے وفود پارہ چنار کے اکابر کی ہم آہنگی سے  بلا تفریق تمام سیاسی و انتظامی اداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس نے سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں تمام مراکز قوت کو جھنجھوڑا اور اپنی ذمہ داری کی ادائیگی پر توجہ دلائی ہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے غزہ اور فلسطین میں جو مظالم ڈھائے ہیں۔ اس پر عالم انسانیت اور پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔ ایسے میں کچھ خائنین امریکہ اور اسرائیل کی خوشنودی کے لئے فلسطین بیت المقدس اور امت مسلمہ کا سودا کر رہے ہیں۔ غزہ پر قبضے کا امریکی منصوبہ ناکام ہوگا، کیونکہ غیرت مند فلسطینی عوام حماس، حزب اللہ اور انصار اللہ کے ہوتے ہوئے اسرائیل کا فلسطین اور غزہ پر قبضہ ایک خواب رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے زیر اہتمام ماہ مبارک رمضان اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سید علی عمران نقوی و دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام میں اسرائیلی ایجنٹ جولانی کے آتے ہی اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ اسرائیل شام کے وسیع رقبے پر قابض ہو چکا ہے، مگر جولانی اور عرب حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کٹھ پتلی جولانی حکومت کے خلاف عوامی بغاوت شروع ہو چکی ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار 9 مارچ کو کوئٹہ میں فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام سالانہ فلسطین کانفرنس منعقد ہوگی۔ جس میں بلوچستان کے سیاسی مذہبی اور قبائلی رہنماء شریک ہوں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ عالمی یوم القدس کو سرکاری طور پر منائے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتیں اور پاکستان کے عوام فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دو ریاستی حل کا فارمولا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے اس وقت مسترد کر دیا تھا، لہٰذا پاکستان کے عوام دو ٹوک الفاظ میں اس موقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ پورے کا پورا فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور سرزمین فلسطین کا ایک انچ بھی ہم غاصب اسرائیل کو دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےاپنے مزمتی بیان میں کہا کہ میں سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی کے بے رحمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ المناک واقعہ انسانیت سوز اور قابلِ مذمت ہے۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔‏ریاست کی اولین ذمہ داری اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، اور ایسے واقعات کا تدارک کرنا ضروری ہے تاکہ کوئی اور خاندان اس طرح کے صدمے سے دوچار نہ ہو۔‏میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔الٰہی آمین۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ان کے حقوق فراہم کیے ہیں اور اگر ہم خواتین کے وراثتی حق کو سلب کرتے ہیں تو ہم ظالم ہیں۔ خواتین پر ہونے والے مظالم کی بنیادی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے۔ تاریخ میں بدترین ظلم اس وقت غزہ کی مظلوم خواتین پر ہو رہا ہے اور ان پر ظلم ڈھانے والے وہی ہیں جو خود کو خواتین کے حقوق کے علمبردار کہتے ہیں۔ یاد رکھیں، کبھی بھی ظالموں پر اعتماد نہ کریں۔ امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے ہمیں استعمال کرتا ہے، اور ہمیں اپنی خودمختاری اس کے ہاتھ میں نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کا ایک بڑا المیہ منافقت ہے۔ ضلع کرم کی صورت حال دیکھیں آج بھی وہاں ظلم ہو رہا ہے۔ 1500 دہشت گردوں نے وہاں کی خواتین اور عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ پاراچنار کی موجودہ صورت حال پاکستان میں ایک اور غزہ کی مانند ہے۔ ضلع کرم میں مجلس وحدت مسلمین کے تحصیل چیئرمین، مزمل فصیح، جو امن اور بھائی چارے کے سفیر تھے، کو جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات میں قید کر دیا گیا ہے۔ ہمیںتمام مظلوموں کے حق میں بولنا چاہیے، چاہے وہ کسی بھی مکتبۂ فکر سے تعلق رکھتے ہوں ۔پاراچنار کے محاصرے کو چھ ماہ ہو چکے ہیں، لیکن صوبائی و مرکزی حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس ظلم و بربریت کے ذمہ دار ہونے کے باوجود خاموش ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سفیرانقلاب ،بانی آئی ایس او پاکستان شہید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ کی 30ویںبرسی کے موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنےسماجی رابطے کے ایکس اکاؤنٹ سے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس کا متن پیش خدمت ہے ۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

‏“وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ”

‏“اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کیے گئے انہیں ہرگز مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے ہاں رزق پا رہے ہیں۔” (آل عمران: 169)

‏آج 7 مارچ، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے موقع پر ہم اس عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی اسلام، حق و صداقت، اور مستضعفین کی خدمت کے لیے وقف کردی۔ شہید نقوی ایک فکر، ایک مشن، اور ایک نظریہ تھے، جو آج بھی نوجوانوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

‏انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھ کر نوجوانوں کو بیداری، خودسازی اور سماجی خدمت کا درس دیا۔ وہ نہ صرف ایک مثالی انقلابی تھے بلکہ اتحادِ امت کے سچے داعی بھی تھے۔ ان کی شہادت ہمارے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم بھی اپنی زندگی کو دینِ حق کی خدمت، علم کی روشنی پھیلانے، اور مظلوموں کے دفاع میں وقف کریں۔

‏شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا، بلکہ وہ ایک ایسی روشنی ہے جو رہنمائی کرتی ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے چراغ راہ بنتی ہے۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ شہید محمد علی نقوی کے مشن کو جاری رکھیں گے ان شااللہ وطن عزیز کی سربلندی اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

‏اللّٰہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔ الہی آمین!

‏شہداء کی یاد ہمیشہ زندہ رہتی ہے!

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے اور قرآن کریم نے ماہ مبارک رمضان کا تعارف نزول قرآن مجید سے کرایا ہے۔ ہمیں قرآن مجید اور آل محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے متمسک رہنا چاہئے یہی راہ نجات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں ماہ مبارک رمضان اور شہدائے آزادی فلسطین سے تجدید عہد کے عنوان سے منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں حاجی شاہ مراد ڈومکی، انجینیئر عید محمد ڈومکی، احمد علی ٹالانی، زوار دلدار حسین گولاٹو، علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، استاد عبدالفتاح، صحافی محمد صدیق ٹالانی و دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان یوم القدس کے طور پر مناتے ہیں۔ پوری دنیا کے مسلمان مسجد اقصٰی اور فلسطین کے وارث ہیں۔ ہم کسی غدار کو غزہ، مسجد اقصیٰ اور فلسطین کا سودا کرنے نہیں دیں گے۔ امریکا غزہ کے 47 ہزار مسلمانوں کے قتل عام کا براہ راست ذمہ دار ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر قبضے کا شیطانی منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل، برطانیہ و دیگر شیطانی طاقتوں نے شیعہ سنی کو لڑانے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے۔ مگر شیعہ سنی کو لڑانے کا شیطانی منصوبہ ناکام ہو گیا۔ آج بھی شیعہ سنی مسلمان متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے راہ حق شہید اسماعیل ہانیہ، سید حسن نصر اللہ اور شہید یحیٰ سنوار سے عہد کرتے ہیں کہ ان کے راستے پر چلیں گے۔ ان کا راستہ عزت و وقار اور کامیابی کا راستہ ہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچ من حیث القوم آل رسول (ع) کے طرف دار اور وفادار رہے ہیں۔ اہل بیت پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق اور محبت ایمان کی نشانی ہے۔ حضرت امام مہدی علیہ السلام پر ایمان امت مسلمہ کے درمیان متفقہ عقیدہ ہے۔ حضرت محمد مصطفیٰ (ص) نے منجی عالم بشریت حضرت امام مہدی علیہ السلام کے آنے کی بشارت دی۔ جس کا تذکرہ شیعہ اور سنی دونوں کتب احادیث میں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادر پور میں ایک وفد کے ہمراہ کھوسہ قبائل کے سردار سخی عبدالرزاق خان کھوسہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے ان کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دینی امور پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر سردار سخی عبدالرزاق خان کھوسہ کو دیوبندی عالم دین مفتی نظام الدین شامزئی کی کتاب عقیدہ ظہور مہدی کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، گل محمد خان ٹالانی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام اپنے 313 اصحاب کے ساتھ آئیں گے۔ اصحاب بدر رضی اللہ عنہم اور حضرت طالوت علیہ السلام کے مخلص اصحاب کی تعداد کے برابر، ایسے 313 کہ زمین اور آسمان نے ایسے تین سو تیرہ انسان نہیں دیکھے ہوں گے۔ یہ اصحاب امام مہدی علیہ السلام تاریخ انسانی کے بے عیب اور بے مثال انسان ہوں گے، جو اپنی عظمت کردار حکمت دانائی شجاعت بہادری میں بے مثال اور اعلیٰ انسانی صفات کا عملی مظہر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔ سیاسی، سماجی، قبائلی، مذہبی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو چاہئے کہ وہ عوامی مسائل پر آواز بلند کریں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سخی عبدالرزاق کھوسہ نے کہا کہ ہم آل محمد (ص) کے غلام اور پنجتن پاک (ع) سے محبت کرنے والے ہیں۔ آل رسول کا احترام ہمیں آباء و اجداد سے میراث میں ملا ہے۔ ہم حضرت غازی عباس علمدار علیہ السلام کے علم پاک سے عقیدت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کی سیاست میں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت کے ساتھ اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Page 6 of 1543

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree