The Latest

وحدت نیوز(کراچی) اصل امتحان سیاسی میدان ہے،پاکستان کے شیعہ آل محمدؑ کے سیاسی نظریہ کو کیوں نہیں اپناتے،اس محرم میں اہل منبر امامت کے اسلوب حکومت و سیاست لوگوں کے سامنے بیان کریں۔چودہ سو سالوں سےدنیا بھرمیں نواسئہ رسول ؐ امام حسینؑ کی یاد میں عزاداری منعقد ہوتی ہے، لیکن افسوس ہمارے ملک میں یزیدی طرز پر عزاداری کے خلاف مقدمے درج ہوتے ہیں، ایسے ایسے علماء و ذاکرین پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں ، ان کی زبان بندی اور ضلعی بدری کے احکامات جاری ہوتے ہیں جہیں فوت ہوئے بھی دہائیاں گذر چکی ہیں،ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں منعقدہ عزاداری کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔

کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سبیلوں کے اہتمام پر ایف آئی آر ، جلوس ومجلس کے انعقاد پر ایف آئی آر، جلوس میں چند منٹ کی تاخیر کے سبب بانی کے خلاف مقدمے کا اندراج یہ سب یزیدی اور شمری طرز حکومت کے انداز ہیں، عزاداری ہماری آئینی ، قانونی اور شہری حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔وفاقی وصوبائی حکومتیں عزاداران امام حسینؑ کو ہرممکن سہولیات کو یقینی بنائے، جلوس ومجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے موثر انتظامات کی ضرورت ہے، نیپرا کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم الحرام میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ اس محرم میں پہلے سے زیادہ مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند ہوگی، شیعہ سنی مل کر نواسہ رسول ؐ کی یاد منائیں گے۔ یہ ہماری مشترکہ میراث ہے اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔

 انہوں نے کہا خطہ میں ایرانی حکومت و شہداء نے جرائت اور جواں مردی کی جو مثال قائم کی ہے اس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ، انہیں طویل استقامت کے نتیجے میں ظالم اسرائیل کے سامنے سر نا جھکا کر خود کو بے مثال بنا دیا ہے ۔ خطہ میں موجود تمام اسلامی ممالک اور عالم انسانیت صہیونی جرائم کے خلاف متحد ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا محرم بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔امام علی ؑ کہتے ہیں جو اپنے زمانے کو پہچان لے وہ محفوظ ہوجاتا ہے اس دور کو پہچاننے کی ضروری ہے ۔ہمیں دیکھنا ہوگا کہ معرکہ ء حق و باطل میں آج ہم کہاں کھڑے ہیں؟غاصب اسرائیل کے مقابلے پر ملت ایران و رہبر معظم کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔غاصب اسرائیل سے جنگ حق و باطل کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیادت سب سے اہم معاملہ ہے دوسرا مسئلہ منشور ہے جو اہلیبیت ؑ نے ہمیں بیان کیا ہے تیسرا عوام کا ساتھ دینا ضروری ہے ۔سب سے مشکل امتحان سیاسی میدان ہے.ظالموں کی سیاست محض اقتدار کے لئے ہوتی ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان کو پاور پولیٹکس نے برباد کیا۔عزاداری کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ہے۔امام حسینؑ کا سجدے میں سر کٹانا خدا کے ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے۔پنجاب حکومت نے مشی کو روکنے کی حماقت کی تو سینوں پر گولیاں کھاکر جلوسوں میں شرکت کریں گے۔

کانفرنس سےعلامہ باقر عباس زیدی، ڈویژنل صدر مولانا صادق جعفری، صدر مجلس ذاکرین امامیہ کراچی علامہ نثار احمد قلندری، رہنما مرکزی تنظیم عزاداری عباس حیدر زیدی، صدر جعفریہ آرگنائزیشن پاکستان حسن صغیر عابدی، رہنما آئی ایس او کراچی غیور عباس،رہنما بوتراب اسکاؤٹس مہدی عباس، رہنما پاک حیدری اسکاؤٹس حسن مہدی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری جعفریہ الائنس پاکستان سیّد شبر رضا، رہنما ضمیر الحسن ٹرسٹ طحہ زیدی ، صدر عزاداری وِنگ ایم ڈبلیوایم کراچی رضی حیدر رضوی، مولانا نشان حیدر ساجدی ، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، مولانا سفیر علی نقوی، آئی ایس او ، پیام ولایت پاکستان کے وفودمساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز، مجالس و جلوس عزا کے بانیان، منتظمین اور پرمٹ ہولڈرز، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران ، علمائے کِرام، ذاکرین عُظّام سمیت ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور عہدیداران بڑی تعداد میں شریک تھے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب تعلیم کونسل کے زیراہتمام المصطفیٰ ہاوس لاہور میں صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت کنویئنر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ کانفرنس میں ممتاز علماء کرام، ماہرین تعلیم، پروفیسرز، اساتذہ، خطباء، مدارس دینیہ کے اساتذہ، وکلاء، تنظیمی نمائندگان اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں موجودہ متنازعہ نصاب تعلیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہلِ تشیع، اہلسنت اور محبانِ اہلبیتؑ کے تحفظات کو واضح کرتے ہوئے اصلاحِ نصاب کیلئے متفقہ سفارشات بھی پیش کی گئیں، تاکہ یکساں قومی نصاب کو تمام مکاتب فکر کیلئے قابلِ قبول اور متوازن بنایا جا سکے۔

کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ جانبدارانہ طرز عمل نہ صرف مذہبی امتیاز بلکہ فرقہ واریت کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ یکساں قومی نصاب کی موجودہ شکل کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ متنازعہ نصاب تکفیری سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور یہ دین اسلام کی متفقہ تعلیمات اور ملت جعفریہ کے عقائد و نظریات کیخلاف ہے۔ کانفرنس کے دوران برادر ہمسایہ اسلامی ملک، اسلامی جمہوریہ ایران پر غاصب اور دہشتگرد ریاست اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور فلسطین اور ایران کے مظلوم عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ پریس بریفنگ میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے گذشہ ماہِ محرم میں عزادارانِ امام حسین علیہ السلام کی مجالس اور جلوس ہائے عزاداری کیخلاف پنجاب کے متعدد مقامات میں قائم کیے گئے بلاجواز غیرآئینی متعصبانہ مقدمات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ آنیوالے ایامِ عزا کے دوران عزادارانِ امام حسینؑ، بانیانِ مجالس و جلوس کیساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے اور مذہبی آزادی کا احترام کرتے ہوئے ان کیخلاف کسی بھی قسم کے غیرآئینی و غیرقانونی اقدامات سے باز رہے۔ نصاب تعلیم کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ علی اکبر کاظمی، سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین منیر حسین گیلانی، امامیہ آرگنائزیشن کے سابق چیئرمین لعل مہدی خان، آئی ایس او سنٹرل پنجاب ریجن کے صدر ارتضیٰ باقر، ماہر تعلیم سجاد رضوی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا حسن رضا ہمدانی، مولانا غلام مصطفی علوی، مولانا سلمان نقوی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا ظہیر الحسن کربلائی اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نصاب پر ملت جعفریہ کے تحفظات کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نصاب تعلیم تشکیل دیا جائے جو پاکستان کے تمام طبقات کو منظور ہو۔ کسی ایک مکتبہ فکر کے نظریات اور عقائد کو دوسروں پر مسلط کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس میں مختلف قراردادوں کی منظوری دیتے ہوئے قرار دیا گیا کہ پاکستان کثیر المذاہب اور کثیر المکاتب اسلامی ریاست ہے، جہاں آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔ تعلیم ایک قومی فریضہ ہے، جو نہ صرف علم کی ترویج بلکہ قومی وحدت و ہم آہنگی کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ لیکن افسوس حالیہ برسوں میں جو یکساں قومی نصاب متعارف کرایا گیا ہے، وہ ایک مخصوص مکتب فکر کی ترجمانی کرتا ہے اور دوسرے مکاتب فکر بالخصوص ملت جعفریہ کے عقائد، آئمہ اہلبیتؑ، اور ان کے علمی و روحانی مقام کو جان بوجھ کر نظر انداز کرتا ہے۔ اس لئے حکومت پاکستان، وفاقی وزارت تعلیم اور صوبائی وزارتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ نصاب تعلیم کو فی الفور واپس لیا جائے۔ تمام مکاتب فکر کی نمائندگی کیساتھ نئی نصاب ساز کمیٹی قائم کی جائے۔ نصاب میں آئمہ اہل بیتؑ، حضرت فاطمہ زہراؑ، کربلا کے شہداء کے حالات زندگی اور صحیفہ سجادیہ اور دعائے کمیل جیسی اہم علمی و روحانی روایات کو شامل کیا جائے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ درود ابراہیمی کو مکمل اور مستند الفاظ کیساتھ شامل کیا جائے۔ یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ نصاب میں موجود تکفیری، نفرت انگیز اور جانبدارانہ مواد کو فی الفور نکالا جائے۔ کانفرنس نے دو ٹوک الفاظ میں باور کروایا کہ ملت جعفریہ پاکستان کا ایک پرامن، باشعور اور آئینی طور پر برابر کا شہری حصہ ہے۔ ان کے عقائد، دینیات اور تشخص کو پامال کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شرکائے کانفرنس نے تمام مکاتب فکر، صحافتی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ نصاب تعلیم میں اس تعصب کیخلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس قرارداد کو جلد وفاقی اور صوبائی حکومتوں، وزارت تعلیم اور نصاب ساز اداروں تک پہنچائیں گے اور اگر مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جس میں آئینی اور جمہوری احتجاج بھی شامل ہو سکتا ہے۔

وحدت نیوز(بہاولپور)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی موت کے قریب تر ہے، صیہونیت کے خاتمے کا سورج جلد ہم دیکھیں گے، اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت نے ثابت کردیا ہے اُمت مسلمہ کی قیادت کون کر سکتا ہے، ہم شہدائے ایران کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری ایرانی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بہاولپور میں دورے کے دوران ضلعی کابینہ کے رہنمائوں سے ملاقات میں کیا۔

 اس موقع پر صوبائی صدر عزاداری ونگ جنوبی پنجاب انجینئر سخاوت علی سیال، اراکین ورکنگ کمیٹی ثقلین نقوی، سید ندیم عباس کاظمی، احسان حیدر، سید جاوید حسینی، ڈاکٹر نوید محسن چوہان، جاوید حسین کلاچی ایڈووکیٹ، سید عماد اور دیگر رہنما موجود تھے۔

 علامہ قاضی نادر حسین علوی نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ اُس کا باپ امریکہ بھی ڈوبے گا، آج مسلم اُمہ جاگ چکی ہے اور باضمیر حکمران اسرائیل و امریکہ کو ناپاک عزائم کو بھانپ چکے ہیں، جو ممالک ابھی بھی خواب غفلت میں ہیں جلد اُن کی بھی باری آئے گی۔

وحدت نیوز(علی پور)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی ارگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے وفد کے ہمراہ تحصیل علی پور کا دورہ کیا اس موقع پر صوبائی صدر عزادی ونگ انجینیئر مہر سخاوت علی سیال، اراکین ورکنگ کمیٹی ثقلین نقوی سید ندیم عباس کاظمی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ علی پور دورہ کے موقع پر انہوں نے عید غدیر کی مناسبت سے منعقدہ جشن میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر شاکر کاظمی، تصور حسین بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(لاہور)اتحاد امت فورم کے زیر اہتمام لاہور میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اسرائیلی جارحیت اور امریکی سرپرستی میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور شہدائے مدافعانِ القدس، خصوصاً اسلامی جمہوریہ ایران کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔یہ ریلی چیرنگ کراس لاہور سے شروع ہو کر امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی جس میں تمام مکاتبِ فکر، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 خواتین، بچے اور بزرگ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے فلسطینی و ایرانی شہداء کے ساتھ اپنی محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری شعبہ نشر و اشاعت و نصاب، حجت الاسلام والمسلمین علامہ مقصود احمد ڈومکی نے ریلی میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "فلسطین اور القدس کا دفاع امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے۔ اسرائیل کی جارحیت اور امریکہ کی پشت پناہی ناقابلِ قبول ہے۔"ریلی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی قیادت اور لاہور ریجن کی کابینہ کے نمائندوں، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے وفد، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے جناب حسنین جعفر زیدی، افسر رضا خان، لال مہدی خان اور قاسم رضوی نے بھی شرکت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی قیادت میں بھی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جن میں:جناب حسین زیدی (صوبائی سیکرٹری سیاسیات)جناب فصاحت علی بخاری (صوبائی سیکرٹری مالیات)نجم عباس خان (ضلعی صدر، لاہور)برادر نقی مہدی (ضلعی جنرل سیکرٹری، لاہور)حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید شمس الحسن نقوی (ضلعی آفس سیکرٹری، لاہور)شیعہ علماء کونسل کے نمائندے قاسم علی قاسمی اور دیگر مکاتبِ فکر کے افراد بھی شریک ہوئے، جنہوں نے اتحادِ امت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

ریلی کے شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور اپنے پُرعزم جذبات کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ امت مسلمہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی ظلم پر خاموش نہیں رہے گی۔ریلی کو وحدت یوتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جوان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے اسکاوٹس بڑے منظم انداز میں چلاتے رہے اور کنٹرول کیے رکھا ۔

وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے سیکرٹری حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوری ایران پر فلسطین کی غاصب صیہونی ریاست کی بزدلانہ جارحیت اسکے جنگی جنون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسرائیل کہ جس کے ہاتھ فلسطینی، لبنانی ویمنی وشامی ودیگر عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ یہ ریاست اب مشرق وسطی ہی نہیں بلکہ دنیا کے لیے سکیورٹی رسک بن چکی ہے ۔ حال میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اس اسرائیلی جارحیت کے پیچھے شیطان بزرگ امریکہ کا مکمل کردار ہے اور اس جارحیت میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔

ہم اسرائیلی و امریکی کھلی جارحیت کی بھرپور مزمت کرتے ہیں اور جمہوری اسلامی ایران کو مکمل حق ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے۔ ہماری ہر قسم کی حمایت ملت ایران کے ساتھ ہے۔اور ہم تمام عالم اسلام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی کھلی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات کریں اور سفارتی، اخلاقی اور عسکری سطح پر برادر اسلامی ملک ایران کی حمایت کی جائے۔اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والی ایرانی فوجی قیادت و ایٹمی سائنسدانوں و عوام الناس کی شہادتوں پر ولی امر مسلمین حضرت ایت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای و خانوادہ شھداء اور ایرانی غیور عوام کی خدمت ہدیہ تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں ۔ اور ان حملوں میں زخمی ہونے والے عوام کی شفایابی کے لئے دعا گو ہیں۔

وحدت نیوز(گلگت)چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد ایوب شاہ،چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی جی بی کونسل اقبال نصییر،ممبر جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری،،سید شبیہ الحسنین،حشمت اللہ اور عبد الرحمٰن نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسرائیلی حملہ میں شہید ایرانی قیادت اور دیگر شہریوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اقوام متحدہ،او آئی سی اور مسلم دنیا اسرائیل کی اس بزدلانہ جارحیت کا نوٹس لے اور فوری کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل اور اس کا سرپرست امریکہ نے  مشرق وسطیٰ کو بدامنی، تباہی اور جنگ کی آگ میں دھکیل دی ہے ۔ یہ ناپاک سازش صرف ایران نہیں، بلکہ ہر آزاد اور غیرت مند مسلم ملک کے خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر حملہ پورے عالم اسلام پر حملے کے مترادف ہے،ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ایرانی بہن بھائیوں کی ہر محاذ پر بھرپور حمایت کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فتح و شکست واضح ہے کہ جنہوں نے جارحیت کی ہے وہ بنکروں اور بلوں میں چھپے ہوئے ہیں اور جن پر حملہ ہوا ہے وہ سڑکوں پر اللہ اکبر کی صدائیں بلند کر رہے ہیں،

حکومت پاکستان کا برادر اسلامی ملک ایران کے موقف کے ساتھ کھڑا ہونا لائق تحسین اور جراتمندانہ اقدام ھے، پاکستان اور سعودی عرب کی طرح دیگر اسلامی ممالک کو بھی اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کرنی چاہئے، ایران اور پاکستان اسرائیل کیلئے بڑا خطرہ ہیں، ایران جنگ نہیں چاہتا اور ایرانی قیادت نے جنگ سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کی ہے لیکن جب اس پر تمام تر عالمی قوانین کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بزدل اسرائیل نے  جنگ مسلط کر دی ہے تو اب اختتام بھی ایران کرے گا،

امریکہ واسرائیل موت سے ڈرتے ہیں جبکہ ایرانی راہ حق میں موت کو فخر سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے اندر سے منافقین گروہ دشمن کا ساتھ نہ دیتے تو اسرائیلی حملے مکمل ناکام رہتے، جونہی ایرانی حملوں نے زور پکڑنا ہے اسرائیلی چیخیں سب سنیں گے، امریکہ اور اس کے حواری ممالک بھی اسرائیلی دفاع کے لیے سلامتی کونسل کا رخ کرتے نظر آئیں گے، پھر دنیا دیکھے گی کہ سلامتی کونسل کس بھونڈے انداز سے صہیونی ریاست کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کرتی نظر آئے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم سے کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ متنازع نکات کی اصلاح ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن بزرگ عالم دین علامہ سید افتخار حسین نقوی اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

 انہوں نے اسلام آباد میں امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین، بزرگ عالم دین اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید افتخار حسین نقوی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

 ان ملاقاتوں میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں 18 جون 2025 کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم سے کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل جڑا ہوا ہے۔ یکساں قومی نصاب تعلیم میں موجود متنازع نکات کی فوری اصلاح کی ضرورت ہے تاکہ ملت جعفریہ کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں مجالس اور جلوس ہائے عزاداری کے خلاف عزاداران امام حسین علیہ السلام پر بلاجواز سینکڑوں مقدمات قائم کئے جاتے ہیں، جو نہ صرف آئین پاکستان میں دی گئی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے، بلکہ بنیادی شہری حقوق کی بھی سنگین پامالی ہے۔ اس موقع پر علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ نصاب تعلیم کے موضوع پر تسلسل کے ساتھ مستقل، منظم اور تحقیقی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں باہمی مشاورت اور عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ جبکہ علامہ عارف حسین واحدی نے نصاب تعلیم کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت اہم اور بروقت اقدام ہے۔ ایام عزاء اور محرم کے دوران عزاداروں کے خلاف بلاجواز مقدمات کا اندراج افسوسناک ہے۔ عزاداریٔ امام حسین علیہ السلام کے تحفظ کے لئے ہم سب کو مل کر مشترکہ اور متفقہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع پاراچنار کے زیرِ اہتمام اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین علامہ سید معین الحسینی، مجلس علمائے مکتبِ اہلبیت کے صوبائی صدر علامہ سید احمد علی روحانی، اور ایم ڈبلیو ایم کے نائب صدر علامہ سید سرفراز علی شاہ حسینی نے مشترکہ طور پر کی۔یہ احتجاجی ریلی وحدت چوک سے آغاز لے کر کشمیر چوک تک نکالی گئی، جہاں یہ ایک پرجوش جلسے میں تبدیل ہو گئی۔

 اس اجتماع میں تحریک حسینی پاراچنار، انجمن حسینیہ پاراچنار، اور علماء اہلبیت کے جید رہنما بھی شریک تھے، جنہوں نے شرکائے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید معین الحسینی نے کہا:"اسرائیل نے ایران پر بزدلانہ حملہ کرکے اپنے ناپاک وجود پر آخری ضرب خود ہی لگا دی ہے۔ یہ حملہ محض ایران پر نہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام پر حملہ ہے۔ ہم پاراچنار کے باشعور عوام، اسلامی جمہوریہ ایران سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، اور ان مسلم ریاستوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جو اس نازک موقع پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

۔"انہوں نے اس امر پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ پاراچنار کے نمائندہ ایم این اے حمید حسین کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد نہ صرف اسمبلی بلکہ سینیٹ سے بھی منظور کی گئی، جو ملتِ تشیع کے جذبہ وفا اور حمیت اسلامی کا مظہر ہے۔انجمن حسینیہ کے ڈپٹی سیکرٹری، علامہ تجمل حسین فخری نے اپنے خطاب میں کہا:"اسرائیل کا حملہ تمام اسلامی ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ہم حکومتِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ اس نے اسرائیل کے خلاف قومی سطح پر آواز بلند کی۔" تحریک حسینی پاراچنار اور سپریم لیڈر سید عابد حسین حسینی کے فرزند علامہ صادق حسینی نے فرمایا:"ایران وہ واحد قوت ہے جو اسرائیل کو شکست فاش دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، کیونکہ ایرانی قوم شہادت سے خوفزدہ نہیں بلکہ اسے اپنے لیے باعثِ افتخار سمجھتی ہے۔"علماء اہلبیت کے نائب صدر علامہ باقر حیدری اور برادر سید نبی حسینی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ کو بیداری، اتحاد اور مقاومت کا پیغام دیا۔

Page 5 of 1568

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree