The Latest
وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیو ایم پنجاب اورآئی ایس او لاہور ڈویژن کے زیراہتمام اسلامپورہ سے پنجاب اسمبلی تک مرکزی القدس ریلی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شرکاء نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ جن پر اسرائیل کے ظلم ستم کیخلاف اور غزہ کے مسلمانوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادتایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی نائب صدر ثاقب علی، ممتاز عالم دین علامہ سید جواد موسوی، سابق مرکزی صدر حسن عارف، مولانا اسد نقوی، ، مولانا ظہیر کربلائی، ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی سمیت دیگر رہنماوں نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے شہید مقاومت سید حسن نصراللہ، شہید ہاشم صفی الدین، شہید سردار قاسم سلیمانی، شہید اسماعیل ہنیہ اور شہید یحیٰ سنوار سمیت شہدائے مقاومت کی تصویریں اور فلسطین کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔
ریلی کے روٹ پر جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکاء ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل سے اظہار برائت کرتے رہے۔ ریلی کے شرکاء حماس، حزب اللہ، یمنی مجاہدین انصاراللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا ساڑھے 5 گھنٹے تک مسلسل مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ قدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ یوم القدس فلسطین، کشمیر، عراق، شام، یمن اور پارہ چنار کے مظلومین کی داد رسی کا دن ہے۔ حضرت امام خمینی ؒنے دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور کی مانند ہے۔ عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔ انہوں ںے کہا کہ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اس کا خاتمہ ہے، ان شاءاللہ یہ سال اس سرطانی پھوڑے کے خاتمے کا سال ہوگا۔
مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان کا فلسطین کاز کیساتھ ایک تاریخی رشتہ ہے، جسے کسی کو ختم کرنے نہیں دیا جائے گا، قائداعظم محمد علی جناح ہم پاکستانیوں کے قائد ہیں، جنہوں نے یہ بتایا کہ اسرائیل ایک جعلی ریاست ہے اور پاکستان اسے تسلیم نہیں کرے گا، پاکستان میں اسرائیل کیلئے کام کرنیوالے ملک دشمن عناصر ہیں، اُن کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ حکومت پاکستان نظریہ قائداعظم کے مطابق مسئلہ فلسطین پہ اپنا اصولی موقف واضح کرے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، ارضِ پاکستان میں سے نعرہ مسلسل گونج رہا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے اور پاکستان اسے ہرگز تسلیم نہیں کرے گا۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے پاکستان کے عوام فلسطینی اور کشمیری عوام کے پشتیبان ہیں۔ یوم القدس کی ریلیوں میں ہزاروں روزہ دار افراد نے شرکت کرکے ثابت کر دیا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ہمدردوں کی سرگرمیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عرب دنیا کی حکومتوں نے اسرائیل کے سامنے اپنی عزت گروی رکھ دی ہے، یوم القدس کا احیاء ان عرب حکمرانوں کو اس تباہی اور بدبختی سے نکالنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیائے اسلام کے عرب و غیر عرب حکمران غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کیساتھ اپنے تعلقات منقطع کر دیں، مسلم ممالک غاصب صیہونی حکومت کی غاصبانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور اس کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہونے دیں۔ فلسطینی مجاہدین کا طوفان الاقصیٰ آپریشن جاری ہے۔ سید حسن نصراللہ ہمارے درمیان نہیں لیکن شہدائے مقاومت کی یاد، فکر اور مزاحمت کا راستہ زندہ ہے، حماس اور حزب اللہ کی فکر نے آج بھی دنیا بھر کے حریت پسندوں کو متحد کر رکھا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جنگ کے آغاز جیسا جاری رکھیں۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پارہ چنار کے لاکھوں عوام سات ماہ سے محصور ہیں۔ ملک دشمن عناصر کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کرکے محاصرین پارا چنار کو امن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ٹل پارا چنار راستے کو فی الفور کھولا جائے اور بے گناہ اسیران کو رہا کیا جائے۔ ریلی کے آخر میں شرکاء کی طرف سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی و صیہونی جارحیت کی بھرپور مذمت اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ او آئی سی میں شامل تمام اسلامی ممالک مسئلہ قدس کو حل کرانے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، اقوام متحدہ اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ قدس پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔ ہم شہدائے مقاومت سے عہد اور عزم کا عہد کرتے ہیں کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مسئلہ فلسطین کیخلاف ہونیوالی صیہونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
وحدت نیوز (ملتان) عالمی یوم القدس کے موقع پر قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر وحدت یوتھ، عزاداری ونگ، مجلس علمائے مکتب اہلیبیت، مجلس اتحاد بین المومنین، جامعہ شہیدمطہری کے زیراہتمام امام بارگاہ چوک کمہارانوالہ سے قبلہ اول کی آزادی اور مظلومین فلسطین و غزہ ،یمن و پاراچنار کی حمایت میں مرکزی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، انجینئر مہر سخاوت علی سیال، سید نوید عباس شاہ، علامہ طاہر عباس نقوی، جواد رضا جعفری، علامہ امیر حسین ساقی، علامہ مجاہد جعفری، سید ثقلین نقوی نے کی۔
جبکہ خواتین ریلی کی قیادت خانم تصدق زہرا قاضی اور خانم ساجدہ بتول گردیزی نے کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا یہ احتجاج فقط ایک اجتماع نہیں بلکہ اللہ کے دین کی حمایت اور مظلوموں کے حق میں ایک آواز ہے، یوم القدس مظلومین جہان کی حمایت اور صیہونی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ القدس محض ایک شہر نہیں بلکہ امت مسلمہ کے ایمان، غیرت اور اسلامی تشخص کی علامت ہے۔
علامہ غلام مصطفی انصاری نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی استقامت نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، اسماعیل ہانیہ، یحیی السنوار اور سید حسن نصر اللہ امت مسلمہ کے ہیرو ہیں جنہوں نے امت کو مقاومت، مزاحمت اور عالمی استکبار سے ٹکرانے کا درس دیا ہے، اسرائیل یہ جنگ ہار چکا ہے، آج پوری دنیا اسرائیل کو ایک ظالم فرعونی ریاست کے طور پر جانتی ہے۔ انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا غزہ کے مظلوموں نے اپنے صبر و استقامت سے پوری دنیا کو فلسطین کی تحریک مزاحمت کی طرف متوجہ کیا ہے، آج فلسطین عالم انسانیت کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور آزادی فلسطین و مسجد اقصی کی منزل قریب آ چکی ہے۔
علامہ طاہر عباس نقوی نے کہا امریکہ و اسرائیل نے مل کر غزہ و فلسطین میں 50 ہزار بے گناہ انسانوں کا قتل کیا ہے، لہذا اُمت مسلمہ کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے غاصب اسرائیل اور امریکہ کے ظلم و بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے، خانم تصدق زہرا قاضی اور خانم ساجدہ گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کنیزان سیدہ زینب کبری کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ہر دور میں ظالم کے خلاف اور مظلوم کے حق میں آواز بلند کرتی رہیں گی، غزہ کی مظلوم ماں بہنوں کی جرات و بہادری اور صبر کو سلام پیش کرتی ہیں۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ عالم اسلام یکجا ہو کر اسرائیل سے قبلہ اول اور بیت المقدس کو بحال کروا کر یہودیوں سے آزاد کروائیں۔ ریلی میں علامہ غلام جعفر انصاری، علامہ ہادی حسین، حسنین انصاری، زاکر صابر خان، ملک عمران، ناصر گردیزی سمیت بچوں، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں اسرائیل و امریکہ کے پرچم اور ٹرمپ اور نیتن یاہو کے پتلے نذرآتش کیے گئے۔
وحدت نیوز(نصیر آباد)عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ضلع نصیرآباد اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور سیاسی کارکنوں سمیت عوام نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطین کی حمایت میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید قادر شاہ و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے ظلم و ستم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ عالمی اداروں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے، مسلم امت کو یکجاں ہوکر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنی ہوگی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور مجلس علمائے مکتب اہلبیت کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں القدس ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت علماء کرام کر رہے تھے۔ جبکہ بچوں اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین کا پرچم لہراتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
امام جمعہ کوئٹہ و مجلس علماء مکتب اہلبیت کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، امام جمعہ علامہ غلام حسنین وجدانی اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطین میں جاری مظالم کا تذکرہ کیا اور بیت المقدس کے لئے قربانی دینے والے شہداء سید حسن نصر اللہ، اسماعیل ھنیہ، ہاشم صفی الدین اور یحیٰ سنوار سمیت دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار وقت کی ضرورت ہے۔ ہمیں مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مذمت کی تاکید کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمرانوں کو عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے فلسطین کی کھل کر حمایت کرنی چاہئے۔
وحدت نیوز(لاڑکانہ) رہبرِ کبیر آیۃ اللہ روح اللہ الموسوی الخمینی کے حکم پر پوری دنیا کی طرح لاڑکانہ میں بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ مرکزی امام بارگاہ جعفریہ لاڑکانہ سے االقدس ریلی برآمد ہوئی جو پریس کلب لاڑکانہ پر اختتام پذیر ہوئی۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام ریلی میں شیعہ علماء کونسل لاڑکانہ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان ضلع لاڑکانہ، المنتظر ویلفیئر ٹرسٹ لاڑکانہ، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ ڈویژن لاڑکانہ کے سربراہان جن میں محترم طارق حسین بدوی، دانشور عبدالرزاق بلوچ، مولانا عمران علی چانڈیو، سید فیاض حسین جعفری، مولانا غلام اصغر جنتی، محترم فضل حسین اصغری، محترم عبد الفتاح، طارق رسول انڑ، اعجاز علی سولنگی، آغا سہراب علی میرانی، سعید علی میرانی، مشتاق علی میمن، علی رضا چانڈیو، فیاض حسین حسینی، معشوق علی مفکری، مولانا سید رضا علی نقوی، مولانا مولا بخش مرتضائی، مولانا افضل علی کھٹیان، اور دیگر مومنین نے دینی فریضہ سمجھتے ہوئے بھرپور شرکت کی اور مسلمانوں کے قبلۂ اول بیت المقدس پر اسرائیلی ناجائز قبضے اور مظلوم فلسطینیوں پر گذشتہ 77 سالوں سے اسرائیلی ظلم و جور خلاف آواز بلند کی۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں قم المقدس و نجف اشرف سے برائے تبلیغ تشریف لانے والے علماء و طلاب کے ساتھ ایک ملاقات و دعوت سحر کا اہتمام کیا گیا۔ ملاقات میں شہر کراچی میں مبلغین کی ضرورت سمیت اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین علامہ باقر عباس زیدی نے مبلغین کی خدمات کو سراہا۔ ڈویژنل صدر کراچی علامہ صادق جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کی کراچی میں فعالیت اور پیش آنے والے مسائل پر گفتگو کی۔ مبلغین نے مجلس وحدت مسلمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ملاقات میں ڈویژنل ذمہ داران علامہ حیات عباس نجفی، زین رضوی، ہادی شہیدی، محمد عباس، آصف صفوی اور کاظم عباس موجود تھے جبکہ عزاداری ونگ کراچی کے صدر رضی حیدر رضوی اور وحدت یوتھ کراچی کے صدر حسن رضا بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)رمضان المبارک کا آخری جمعہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور مظلومین فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس کو بھرپور طور پر منایا جائے گا، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ریلیاں، مظاہرے اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا، امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے یوم القدس کو یوم اللہ اور یوم اسلام قرار دیتے ہوئے دنیا کے تمام حریت پسندوں اور باضمیر انسانوں کو مظلومین کی حمایت میں نکلنے کا حکم دیا تھا۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے فلسطین صیہونیت کے ناجائز قبضہ میں ہے، بین الاقوامی لابیاں فلسطینیوں کو نابود کرنے کے درپے ہیں، ظلم و ستم کم نہیں ہوا، بڑھتا چلا گیا، اس وقت سرزمین فلسطین سراپا احتجاج ہے، ظلم ہے کہ کم ہی نہیں ہو رہا، اسرائیل کو روکنے کا کوئی نام نہیں لیتا، فلسطینیوں کا اپنی سرزمین کا دفاع انکا حق ہے، فلسطینیوں کو انکی سرزمین سے بے دخل کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، فلسطین کے مسئلے کو یوم القدس کے ذریعے عوام کے کندھوں پر ڈال دیا گیا، عالمی طور پر منایا جانے والا یوم القدس عوام کے اظہار کا دن ہے، کل ہم یوم القدس منائیں گے، ہم فلسطینیوں کو پیغام دیں گے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، کل کا دن ظلم کے خلاف وحدت کا دن ہو گا، فرزندان اسلام فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ بھی یوم القدس کے موقع پر بھرپور ٹرانسمیشن چلائے، عوام نے مسئلہ فلسطین کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لی ہوئی ہے، جو بھی فلسطین کے خلاف جائے گا رسوا ہو گا، اسرائیل کے موقف کو ماننا بھارت کے کشمیر پر موقف کو ماننے کے مترادف ہے، اسرائیل کا سفر کرنے والوں کے خلاف سینیٹ میں آواز اٹھائیں گے، ایف آئی اے کو اسرائیل کا سفر کرنے والوں کی انکوائری کر کے سزا دینی چاہیئے، پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کی ملکیت ہے، خلاف ورزی قابل مزمت ہے، ہم اسرائیل کا سفر کرنے والوں کی شدید مزمت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے مل کر غزہ اور فلسطین میں 50 ہزار بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا ہے۔ لہٰذا امت مسلمہ کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے غاصب اسرائیل اور امریکہ کے ظلم اور بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی چینل کے پروگرام میں غزہ اور فلسطین کی صورتحال، عالمی یوم القدس اور کینالز پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنماء حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر اعلان کیا لہٰذا تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ 27 رمضان المبارک بروز جمعہ عالمی یوم القدس کے موقع پر غزہ اور فلسطین کے مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خیانت اور نااہلی کی وجہ سے آج اسرائیل جنگ بندی کے باوجود غزہ پر حملہ آور ہو چکا ہے۔ 70 لاکھ مسلم افواج غزہ کے بے گناہوں کے قتل عام کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ جبکہ یمن کے جنگ زدہ مظلوم عوام اسرائیل اور امریکہ کے خلاف میدان عمل میں موجود ہیں۔ یمن، لبنان اور اسلامی جمہوریہ ایران آج بھی مظلوم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر غیر قانونی کینالز سندھ دھرتی کو بنجر بنانے کی سازش ہے۔ دریائے سندھ پر چھ نئے کینالز پر سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا حصہ ہے۔ پیپلز پارٹی سرکوں پر احتجاج کی بجائے ایوانوں میں کردار ادا کرے۔ اگر شہباز حکومت کینالز کی ناجائز تعمیر نہ روکے تو پیپلز پارٹی حکومت سے الگ ہو جائے۔
وحدت نیوز(لاہور)یوم القدس صرف فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کا دن نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا موقع ہے۔ اس سال جمعتہ الوداع، 27 رمضان المبارک، 28 مارچ کو یہ دن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، تاکہ دنیا کو یاد دلایا جا سکے کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم کے خلاف خاموشی جرم ہے۔مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی صدر علامہ علی اکبر کاظمی اور سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حسن عارف نے اس موقع پر کہا کہ فلسطین کی آزادی صرف مسلمانوں کا نہیں، بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بربریت کسی سے پوشیدہ نہیں۔ غزہ میں ہزاروں معصوم شہری، جن میں بچے، عورتیں اور بزرگ شامل ہیں، صیہونی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں۔ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر کے نسل کشی کی جا رہی ہے، اور جو بھی ان کے حق میں آواز بلند کرتا ہے، اسے امریکہ اور اسرائیل کی دھمکیوں اور حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مگر فلسطینی عوام کی مزاحمت جاری ہے، اور دنیا بھر کے باضمیر انسان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد ان عظیم شخصیات کے خون سے سینچی گئی ہے جنہوں نے القدس اور فلسطینی بھائیوں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید سید حسن نصراللہ، جنہوں نے ہمیشہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی قیادت کی، شہید قاسم سلیمانی، جنہوں نے القدس کی آزادی کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی، شہید یحییٰ السنوار، جنہوں نے فلسطینی مزاحمت کو نئی قوت دی، اور شہید اسماعیل ہانیہ، جو ہمیشہ فلسطینی عوام کے دفاع میں سرگرم رہے—یہ سب تاریخ میں امر ہو چکے ہیں۔ ان کا خون آج بھی فلسطینی مزاحمت کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کی قربانیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ القدس کی آزادی کا خواب جلد حقیقت میں بدلے گا۔
علامہ علی اکبر کاظمی اور حسن عارف نے مزید کہا کہ حزب اللہ نے ہمیشہ فلسطینی مزاحمت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہے۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی مداخلت کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہی۔ شام میں بھی اسرائیل کی بربریت جاری ہے، جہاں منظم قتل عام کیا جا رہا ہے۔ عالمی استعماری طاقتیں اسرائیل کے جرائم پر خاموش ہیں، مگر مزاحمت کے محاذ پر کھڑا ایران واحد ملک ہے جو کھل کر فلسطینی عوام اور غزہ کی حمایت کر رہا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم القدس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف عربوں یا مسلمانوں کا نہیں، بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ یہ وہ دن ہے جب ہم اپنی اجتماعی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔
پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے اور عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں مؤثر کردار ادا کرے۔یہ عظیم الشان یوم القدس ریلی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ISO)، مجلس وحدت مسلمین پاکستان (MWM) اور دیگر جماعتوں کی سرپرستی میں نکالی جا رہی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سیدہ معصومہ نقوی نے عالمی یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل ایک سرطانی پھوڑا ہے جو نہ صرف فلسطین بلکہ پوری دنیا میں صیہونی و شیطانی نظام کا نفاذ چاہتا ہے ۔یہ ظالم و جابر صیہونی پوری طاقت سے ہمارے عزیز فلسطینی بہن ، بھائیوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر ایسے خاک و خون میں تڑپا رہا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں آج اسرائیل تمام تر شیطانی وسائل کے ذریعے تفرقہ اندازی کررہا ہے اور متاسفانہ ہمارے عرب اسلامی ممالک اس جبر و استبداد میں اپنے مسلمان بھائیوں کے خلاف اسرائیل کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں
ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا ہمیں ہر مظلوم کا حامی اور ہر ظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کی ضرورت ہے ۔ مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں دنیا کے ہر کونے سے آواز بلند کرنا اور انکی طاقت بننا اولین وظیفہ ہے ۔ لہذا بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر ممکنہ طور پر آواز اٹھانا ہم سب کو اپنا شرعی وظیفہ سمجھنا ہوگا ۔