وحدت نیوز(نصیر آباد)عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ضلع نصیرآباد اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور سیاسی کارکنوں سمیت عوام نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطین کی حمایت میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید قادر شاہ و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے ظلم و ستم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ عالمی اداروں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے، مسلم امت کو یکجاں ہوکر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنی ہوگی۔