وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے اپنے بیان کہا ہے کہ ہم حکومت کی جانب سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے خلاف جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ اقدام دراصل حکومت کی بوکھلاہٹ اور ایک گھناؤنی انتقامی کاروائی کا مظہر ہے، جسے پاکستانی قوم کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہر مظلوم اور محکوم طبقے کی آواز ہیں۔ ان کی قیادت میں ہمیشہ امن، اتحاد اور انصاف کا پیغام دیا گیا ہے۔ ملت جعفریہ ایک پرامن اور مہذب قوم ہے، جس نے ہمیشہ قانون و انصاف کی پاسداری کی ہے۔ مگر ناجائز اور مسلط شدہ حکمرانوں کی یہ انتقامی کاروائیاں ان کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گی۔
ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ورنہ اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری خود حکومت پر عائدہوگی۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے خلاف جاری کردہ وارنٹ فوری طور پر واپس لیے جائیں اور ہر قسم کی انتقامی سیاست کو ترک کیا جائے۔ پاکستانی قوم ہر ظالم کے خلاف اور ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، اور رہے گی۔