The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔ بلوچستان کے عوام معیاری تعلیم، روزگار، گیس، بجلی، سفری سہولیات، کاروبار کے مواقع اور بیشتر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، نہ ہی فارم 47 پر قائم جعلی حکومت صوبے کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں عوام الناس کے مسائل پر گفتگو کرنے میں کسی رکن کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ یہ بات علامہ علی حسنین نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے انتخانات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے جعلی نمائندوں کو مسلط کیا گیا۔ نو ماہ گزر جانے کے باوجود جعلی حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے صوبے کی بہتری و ترقی کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدام نظر نہیں آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان مسائل کا انبار بن گیا ہے۔ شہری ایک طرف مہنگائی سے بیزار ہیں، تو دوسری طرف روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ گیس و بجلی کے بل وقت پر آجاتے ہیں، مگر جب ان کی ضرورت ہوتی ہے تو یہ سہولیات میسر نہیں ہوتیں۔ عوام الناس ہر روز کسی نہ کسی مسئلے کے حل کے لئے سڑکوں پر نکلتے ہیں۔ مگر حکومت ان پر کوئی دھیان نہیں دی رہی ہے۔ انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے دوری اور عوامی مسائل سے لاتعقلی کا مظاہرہ کرکے حکومت نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ فارم 47 پر قائم ہے۔ نہ تو انہوں نے عوام سے ووٹ لیا اور نہ ہی عوام کے جوابدہ ہیں۔ قوم پر مسلط شدہ ٹولے کو صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات کی فکر ہے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل قابل حل ہیں، تاہم اس کے لئے ایماندار و غیور قیادت اور ویژن رکھنے والے حکمرانوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم پر جن افراد کو مسلط کیا گیا ہے ان میں بیشتر لوگ ایسے ہیں جن کو اپنے ذاتی مفادات صوبے کے عوام سے زیادہ عزیز ہے۔ ایسی صورتحال میں بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
وحدت نیوز(چنیوٹ) مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ معصومہ نقوی کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم ضلع چینیوٹ کی کابینہ اور خواتین اساتذہ کے لیے چھ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا "نصرتِ الٰہی تک جدوجہد" کے عنوان سے منعقدہ اس ورکشاپ میں جید علمائے کرام نے دروس دیے ، مولانا عمران نواز ، مولانا حسن مہدی کاظمی ، مولانا عمران حیدر اور البعثت ٹرسٹ کے چئیرمین مولاناحافظ محمد حیدر نقوی صاحب اور مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ معصومہ نقوی نے ان چھ دنوں میں عقائد ، دورِ حاضر میں خواتین کی ذمہ داریاں ، شہید سردار حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ملت کی ذمہ داریاں اور دیگر عنوانات پر بہترین دروس دیے ۔
چھ روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر امتحان لیا گیا اور بیس میں سے سولہ مومنات کو امتحان میں کامیابی پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے اسناد دی گئیں ، ان شاء اللہ ہر ماہ شعبہ خواتین کے ایک ضلع کی ذمہ داران کے لیے مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی کی جانب سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی کوارڈینیشن کونسل کا اجلاس مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیرصدارت صوبائی سیکرٹریٹ مسجد ولی العصر ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی سیٹ اپ کے علاوہ مجلس علمائے مکتب اہلیبیت، عزاداری ونگ اور یوتھ ونگ کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی سمیت کوآرڈینیشن کونسل کے اراکین بشمول علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ وسیم عباس معصومی، مرزا وجاہت علی، انجینئر سخاوت علی سیال، زعیم زیدی، عاطف حسین سرانی، تیمور حسن اور ثقلین نقوی نے شرکت کی۔
اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اکثریت رائے سے ثقلین نقوی کو کونسل کا کوآرڈینیٹر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور اس کے تمام ونگز مظلوموں کی آواز ہیں، ہم معاشرے میں اسلامی اقدار کا احیاء چاہتے ہیں، امریکہ و اسرائیل اپنی جارحیت کے ذریعے ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کر چکا ہے، بدقسمتی سے عالم اسلام اس قتل عام پر خاموش ہے۔ اجلاس کے اختتام پر مظلومین غزہ و لبنان کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے صدر و پرنسپل جامعہ شہید مطہری علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جوابی کاروائیاں فلسطینی عوام کا حوصلہ بلند کریں گی۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، صہیونیوں کی دہشتگردانہ کاروائیوں میں لاکھوں بے گناہ فلسطینی شہید ہوئے، امریکہ و اسرائیل اقوام عالم میں فلسطین کو تنہا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ غزہ سمیت کئی فلسطینی علاقے مسلسل اسرائیلی جارحیت کا شکار ہیں، چند عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرکے مسلم امہ کو دھوکا دے رہے ہیں، ملک خداداد پاکستان کی غیور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کی عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ہرسازش کو ناکام بنا دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ملتان پریس کلب میں منعقدہ ''لبیک یافلسطین سیمینار'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ سید احمد اقبال رضوی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین، اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات، علامہ اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر، سلیم عباس صدیقی ڈپٹی جنرل سیکرٹری، ایڈووکیٹ یافث نوید ہاشمی، شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے رہنما غلام شبیر حیدری، جماعت اسلامی کے رہنما صہیب عمار صدیقی، بابو نفیس انصاری، انجینئر سخاوت علی، علامہ خالد فاروقی، علامہ اصغر شہیدی نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نو سال گزر جانے کے باوجود سانحہ شب عاشورا جیکب آباد کے شہداء کے خون سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی نویں برسی کے سلسلے میں نے وارثان شہداء کے ساتھ نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سانحہ شب عاشور کی نویں برسی کی مناسبت سے عظمت شہداء کانفرنس 23 اکتوبر کو مقتل شہداء جیکب آباد پر منعقد ہوگی۔ عظمت شہداء کانفرنس سے علماء کرام اور تنظیمی رہنماء خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء سانحہ شب عاشور کا پاکیزہ لہو یزیدیت کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا۔ شہداء ہمارے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی مثال اس شمع کی طرح ہے جو خود جل کر محفل بشریت کو روشنی عطا کرتی ہے۔ ہم نے شہدائے راہ حق کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو سال گزر جانے کے باوجود سانحہ شب عاشورا جیکب آباد کے شہداء کے خون سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ سانحہ جیکب آباد کے حوالے سے پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں نے دہشت گردوں کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ عظمت شہداء کانفرنس میں جیکب آباد کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماء شریک ہوں گے اور شہداء ملت کی برسی کے موقع پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایوان صدراسلام آباد میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کےلیے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹرعلامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل ایک غیر قانونی ریاست ہے، اہل فلسطین کا اسرائیل کے ساتھ لڑنا ان کا حق ہے۔
سینیٹرعلامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ آپ کے گھر پر کوئی قبضہ کرلے تو اس کو چھڑوانا آپ کا حق ہے، یہ نہیں ہوسکتاہے کہ قابض کو آپ کہہ دیں کہ تم آدھا گھر رکھ لو۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سرشت میں دہشت گردی شامل ہےان کی مذہبی تعلیمات میں ہی قتل و غارت گری ہے وہ اپنے سوا کسی کو حق حیات دینے کے روادارنہیں ۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے قرآنی آیات واحادیث کا حوالہ دیتے ہوئے موقع پر موجود صدر مملکت ، وزیر اعظم اور دیگر حکومتی شخصیات و پارٹی قائدین پر واضح کیا کہ یہود ونصاریٰ کبھی ہمارے دوست نہیں ہوسکتے۔ہمیں اپنے دشمنوں کو پہچاننا چاہئے۔جو لوگ اپنے دشمنوں کو نہیں پہچانتے وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔
قرآن کہہ رہا ہے کہ یہود و نصاریٰ ہمارے دشمن ہیں۔ اگر ہم یہ بات نہیں مانتے تو ہم قرآن کے خلاف ہیںان کے تسلط کو قبول کرنا خلاف قرآن و حکم خدا ہے، بحیثیت اسلامی جمہوری ریاست ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نہر سے بہر تک مکمل فلسطینی ریاست کو سپورٹ کریں۔
اسرائیل جوکہ اپنی وسعت کے منصبوبے پر عمل پیرا ہے اس کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے ، مشرق وسطیٰ خصوصاً غزہ کی موجودہ جنگ عالمی منظر نامے پر اہم اثرات رکھتی ہے ۔
طاقت کا وہ توازن جو مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہورہا ہے امریکا اس کا راستہ روکنا چاھتا ہے اس شفٹ آف پاور کے مرحلے کو سست کرنا چاہتا ہے اور اسی لیئے وہ اسرائیل کی ہر ممکن مدد کررہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک سال سے غزہ میں مزاحمتی تحریک کو ختم نہیں کرسکا۔لبنان میں پہلے بھی وہ مقاومتی محاذ کے ہاتھوں دو مرتبہ بدترین شکست کھا چکا ہے آئندہ بھی اس کے ہاتھ ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک اسپیشل گروپ تشکیل دیا جائے، پاکستان کو امت کو لیڈ کرنا چاہیئےچونکہ یہ سب سے بڑا اسلامی ملک ہے آبادی کے لحاذ سےاور امریکہ، اسرائیل اور آئی ایم ایف سے نہیں ڈرنا چاہیے۔
اس موقع پرصدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف،میاں نوازشریف، بلاول بھٹو،مولانا فضل الرحمٰن، حافظ نعیم الرحمٰن، ایمل ولی خان، سردار ایاز صادق سمیت ایم ڈبلیوایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، ایم ڈبلیوایم کے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےحکومت سے تمام تر نظریاتی و فکری اختلافات کے باوجود وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اسرائیل کے ظالمانہ تسلط کے خلاف ان کی گفتگو جب قران و حدیث کی روشنی میں آگے بڑھنے لگی تو سرکاری ٹی وی ( پی ٹی وی ) نے اپنی نشریات کا رخ نواز شریف کی طرف موڑ دیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو لائیو دکھانا روک دیا جو ایک منافقانہ طرزِ عمل ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی میں حکومت نیک نیت اور شفاف ہے تو پھر اسرائیل کے خلاف بات سننے سے یہ صاحبان اقتدار اور ان کے زیر اثر ادارے کیوں کتراتے ہیں۔ سندھ میں اسرائیل کے خلاف ہونے والے احتجاج کے شرکاء کے خلاف پیپلز پارٹی کے جارحانہ اقدامات اور پی ٹی وی پر نشریات کی فوری تبدیلی سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت کی صفوں میں اسرائیل کے ہمدردوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پرملتان پریس کلب میں لبیک فلسطین سیمینار کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کو ایک سال کی جارحیت کے نتیجے میں ناکامی و ندامت کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا ہے۔ شہید سید مقاومت اور شہید اسماعیل ہنیہ کی عظیم شہادت اسرائیلی نابودی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔
اس موقع پر اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات،علامہ اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر جنوبی پنجاب، سلیم عباس صدیقی ڈپٹی جنرل سیکرٹری،مجلس علمائےمکتب اہل بیتؑ کے مرکزی رہنما علامہ اصغر حسین شہیدی، علامہ قاضی نادر حسین علوی صوبائی صدر مجلس علما ءمکتب اہلبیت، یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کراچی)غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور بربریت کو ایک سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے شاہراہ فیصل کراچی پر الاقصیٰ ملین مارچ کا عظیم الشان انعقاد کیا گیا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد میں صوبائی صدر علامہ باقرعباس زیدی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ ملک غلام عباس و دیگر شامل تھے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عصبیت و لسانیت، مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے اسے ناکام بنایا جائے، اتفاق کے نکات اختلاف سے زیادہ ہیں، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں۔
حماس ترجمان خالد قدومی نے کہا کہ ایک سال سے زائد اہل غزہ و فلسطین جنگ کا شکار ہیں، 45 ہزار سے زاہد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے، 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں اور ہزاروں فلسطینی شدید زخمی ہیں، حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے لیکن اسرائیل کے آگےجھکے نہیں۔ شہید اسماعیل ہانیہ اور حسن نصراللہ ایک ہی راستے کے راہی تھے اور اسی راہ پر جام شہادت نوش کیا۔ انشاءاللہ اسرائیل کا وجود جلد صفحہ ہستی سے مٹنے والا ہے اور فتح و نصرت مجاہدین اسلام کا مقدر قرار پائے گی۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نثارکھوڑو نے کہا کہ ہم غزہ و لبنان میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالمی جنگ سے بچانے کے لئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
مارچ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری ممتاز حسین سہتو، مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، پیپلز پارٹی کے صوبائی سکریٹری وقار مہدی، فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ صابر ابومریم، تاجر رہنما عتیق میر، محمود حامد اور محمد اسلم اور جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے بھی شرکت کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام غزہ فلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے عظیم الشان یکجہتی غزہ و فلسطین کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس کے موقع پہ شہدائے آزادی فلسطین حماس حزب اللہ کے شہداء اور عالم اسلام کے قابل فخر ہیروز شہید علامہ سید حسن نصراللہ اور شہید اسماعیل ہانیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس سے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی علامہ سید ہاشم موسوی علامہ سہیل اکبر شیرازی اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر عبدالمجید بادینی اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملازئی پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما صابر بلوچ اور سردار سر بلند خان جوگیزئی مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر مولانا حافظ محمد امجد اور محمد ادریس مغل جماعت اہل حدیث بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا سید عتیق الرحمن جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا عقیل انجم اور مولانا سید مومن شاہ جیلانی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حماس نے اللہ تعالی پر توکل کر کے اسرائیل اور امریکہ کا مقابلہ کیا۔ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں۔ دشمن کی طاقت سے بے خوف ہو کر حماس اور حزب اللہ کے جوان عالمی دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل کا مسلسل مقابلہ کر رہے ہیں۔جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اگر طاقت نہیں تھی تو پھر حماس نے حملہ کیوں کیا انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ تن تنہا نمرود اور نمرودی سلطنت کے مقابل آئے۔ جبکہ حضرت موسی کلیم اللہ اپنا ایک سپاہی حضرت ہارون علیہ السلام لے کر فرعون اور فرعون کے لاکھوں سپاہیوں کے مد مقابل آئے۔ حماس اور حزب اللہ کی جرئت اور غزہ کے بہادر عوام کی استقامت نے پوری دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ جنہوں نے جہادی تنظیمیں بنائیں، آج وہ فلسطین میں مظلوم مسلمانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش ہیں۔ ہم فلسطینی اور لبنانی عوام کے ساتھ ہیں۔