The Latest

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے کہا ہے کہ علامہ مزمل حسین فصیح تحصیل چیئرمین ہیں، وہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بھاری اکثریت سے جیتنے والے تحصیل چیئرمین ہیں، ان کی بلاجواز گرفتاری انتہائی شرمناک عمل ہے۔ ہمیں نہیں معلوم تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح کو آخر کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے اور ابھی تک نامعلوم مقام پر رکھ گرفتاری ظاہر نہ کرنے سے عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کی بجائے ضلع کرم کے امن و امان پر توجہ دے۔ ضلع کرم کے روڈ آج 117ویں دن بھی بند ہیں۔ چند گاڑیوں پر مشتمل کانوائے جانے سے وہاں کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں، ابھی تک ایک لیٹر پیٹرول نہیں پہنچایا گیا، لوگ کلومیٹرز کے سفر پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں، عوامی مشکلات کو حل کرنے کی بجائے آپ کو تحصیل چیئرمین کی گرفتاری کی پڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزمل حسین فصیح نے آج تک شیعہ سنی وحدت اور ضلع کرم کے عوامی حقوق کے لئے زندگی وقف کی ہوئی ہے۔ انہوں نے پاراچنار کے حقوق کے لیے دھرنا دیا جس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر دھرنوں کا آغاز ہوا۔ مزمل حسین فصیح نے شیعہ، سنی جوانان کی مشترکہ واک کا دو بار اہتمام کیا تھا جس کی وجہ سے شیعہ، سنی جوان آپس میں قریب ہوئے۔ مگر افسوس ایک طرف بے مقصد کرم پر جنگ مسلط ہے، دوسری جانب امن کے لئے کوششیں جاری رکھنے والے جوانوں کا اٹھایا جانا سراسر ناانصافی ہے۔ ہم حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں تحصیل چیئرمین اغا مزمل حسین فصیح کو جلد سے جلد رہا کرے اور ضلع کرم کے عوام پر رحم کرکے ٹل پاراچنار روڈ کو آمد رفت کے لئے کھول کر محفوظ بنایا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور) ممتاز عالم دین ،خطیب اہل بیت وبانی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے دورہ لاہور کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر رہنماوں کیساتھ ہونیوالی ملاقات میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی، مولانا ظہیر کربلائی، سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن سید حسنین جعفر زیدی، وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رانا کاظم علی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ کراچی میں دھرنے کے دوران استقامت کا بھرپور مظاہرہ کرنے پر رہنماوں نے علامہ حسن ظفر نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ سید علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ حق کیلئے جان کی پرواہ بھی نہ کرنا درس کربلا ہے، اس پر علامہ حسن ظفر نقوی سمیت کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے اہلیان لاہور کی جانب سے مظلومین پارا چنار کیلئے کامیاب دھرنے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی ہیں، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو اور ہم ہر ظالم کیخلاف ہیں، خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں ںے کہا کہ پارا چنار کے مظلوموں پر مظالم کم نہیں ہوئے، حکومت کی جانبداری اور  دہشتگرد نوازی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مٹھی بھر دہشتگرد کنٹرول نہیں ہو رہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ڈاکو اس قدر طاقتور ہوچکے ہیں کہ مغوی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرکے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔ فوج اور رینجرز ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرے۔ یہ بات انہوں نے وزیرانی ہاؤس بختیار آباد ڈومکی میں پاک وطن پارٹی کے سربراہ میر سیف اللہ خان ڈومکی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سندھ کے علاقے کشمور اور کندھ کوٹ کے بدلتے ہوئے حالات سمیت گزشتہ دنوں میر غالب حسین خان ڈومکی پر حملہ اور مغوی میر ہزار خان ڈومکی کی بازیابی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے سندھ کے اضلاع کشمور، شکار پور، گھوٹکی میں بدامنی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ کشمور و شکارپور سمیت صوبے بھر میں امن و امان بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ مسلح ڈاکو پولیس کی سربراہی میں روزانہ لوگوں کو اغواء کرکے بھتہ طلب کرتے ہیں جو کہ سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مسلح ڈاکو اس قدر طاقتور ہوچکے ہیں کہ لوگوں کو اغواء کرکے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرکے بھتہ وصول کر رہے ہیں، جو کہ وہاں کے مقامی پولیس آفیسران اور سندھ حکومت کے منہ پر زوردار طمانچے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور آرمی چیف سے کشمور اور کندھ کوٹ میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف فوج اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز(لاہور) ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب نے 5 فروری کو یوم کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کر دیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں کو این جی اوز کو دینے کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں پارا چنار میں ہونیوالے معاہدے پر عملدرآمد کروانے پر بھی زور دیا گیا۔ ماڈل ٹاون لاہور میں ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے کی۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، جمعیت علماء پاکستان نورانی گروپ کے جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد قادری، اسلامی تحریک پاکستان کے نائب صدر سید ساجد حسین نقوی، تحریک حرمت رسول کے نائب صدر مولانا محمد اویس فاروقی، البصیرہ کے نائب صدر مولانا امتیازعباس کاظمی، جمعیت الحدیث کے نائب صدر میجر (ر)عبدالمجید، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ اکبر علی کاظمی، علامہ محمد ارشد اویسی، مولانا محمد ادریس، مولانا مختار سواتی، چودھری آفتاب اقبال، مولانا مشتاق لاہوری،  ڈاکٹر حافظ نوید، صاحبزادہ عمران بشیر، انجم رضا ترمذی، مرزا تجمل بیگ، قاری وقار چترالی، فاروق چوہان، مفتی عمر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، آج ہمیں اسی جذبہ وحدت کی ضرورت ہےجو قیام پاکستان کےوقت ہمارے اجداد کے درمیان تھا، انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکاچاہتی ہیں، پاراچنار میں عدم استحکام اور کشیدگی بھی اسی سازش کا شاخسانہ ہے، ملی یکجہتی کونسل کو امن معائدے پر عمل درآمد کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب مولانا شبیر احمد قادری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے تمام اداروں میں اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کیا جائے جبکہ اسرائیل کی پاکستان میں مصنوعات کا حکومتی سطح پر بائیکاٹ کیا جائے اور فلسطین کی عوام کی بحالی کیلئے پوری مسلم اُمہ ان کی تعمیر نوء میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کروایا جائے۔ ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب کے صدر جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں 13 جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی ہے، ملی یکجہتی کونسل کا پلیٹ فارم پاکستان کے تمام مسالک کو اکٹھا کرنے کیلئے کوشش کر رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین کے عوام کے جذبے کو کچل نہیں سکا اور اسرائیل اور امریکہ جو ایجنڈا لے کر چلے تھے وہ ناکام ہوگیا۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ 5 فروری کو پوری قوم اہل کشمیر کیساتھ اظہاریکجہتی کرے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت جس طرح سے میڈیا کا گلہ دبانے کی کوشش کر رہی ہے، یہ قابل قبول نہیں۔ کیونکہ پاکستان کا ایک آئین ہے، جس پر سب کو چلنا ہوگا اور تبھی ملک ترقی کرے گا، چند خاندان اپنی مرضی سے ملک کو نہیں چلا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا نئی نسل کو بنانے کیلئے اہم کردار ہے، تاہم حکومت پنجاب سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ کرتی جا رہی ہے، جو قابل قبول نہیں، تعلیم اور صحت حکومت کی ذمہ داری ہے اگر یہ نہیں دے سکتے تو پھر حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ جاوید قصوری نے مزید کہا کہ حکومت سودی نظام کو ختم کرنے کو تیار نہیں اور سودی نظام کے باعث ہر شخص قرضے میں جکڑا ہوا ہے جبکہ معیشت کو بہتر کرنے کیلئے سودی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ممبر قومی جرگہ شبیر حسین ساجدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر و تحصیل میئرآغا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے، ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے ضلع کرم کے راستوں کی بندش کے خلاف دھرنے کی قیادت کی تھی، انہوں نے 5 لاکھ آبادی کے محاصرے میں گھرے ہونے کے خلاف آواز اٹھائی تھی، مولانا مزمل حسین فصیح کی اپیل پر ہی ملک بھر میں عوام نے دھرنے دئیے تھے، آج ان مظلومین کے لئے آواز اٹھانا بھی جرم بن گیا ہے، ایک عوامی نمائندے کو گرفتار کر کے پاراچنار سے نکال کر کسی نامعلوم مقام پر منتقل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، ایسے ہتھکنڈوں سے ہم پہلے بھی نہیں ڈرے آج بھی میدان میں حاضر رہینگے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا مزمل حسین فصیح کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، صوبائی حکومت خصوصا سیکورٹی اداروں کی اس گھناؤنی حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ضلع کرم کے دہشتگردی میں ملوث دہشتگرد آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں مگر اتحاد بین المسلمین کے داعی شیعہ سنی جوانوں کو اکٹھا کرنے والی توانا آواز کو گرفتار کرنا ضلع کرم کی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، ہم علاقے میں امن وامان اور شیعہ سنی وحدت کے علم بردار ہیں اور ہم کبھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 ہمارا  صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مولانا مزمل حسین فصیح کو جلد ازجلد رہا کیا جائے اور کرم امن معاہدے کے مطابق ٹل پاراچنار روڈ کو محفوظ بناکر پاراچنار میں غذائی اجناس، ادویات، پٹرولیم مصنوعات، ایندھن کی کمی کو پورا کیا جائے ان عوامی مطالبات پر عمل نہ کرنا ایسا ہی ہو گا کہ حکومتی ذمہ داران علاقے میں امن لانے کی بجائے حالات کو خراب کرنے کی منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔

وحدت نیوز(سکردو) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی آواز آغا علی رضوی پر پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت کی طرف سے ایف آئی آرزانکی بدترین بوکھلاہٹ اور فیوڈلسٹ طبقے کا جمہوری لبادہ اوڑھنے کا نتیجہ ہے۔ بلاول کی حکومت میزبانی کے آداب سے بھی نابلد ہوکر گلگت بلتستان کے عوام کی آواز پر اپنی راجدھانی میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کرکے ثابت کردیا کہ پورے ملک میں انکی حکومت آجائے تو کیا ارادے رکھتے ہیں۔ پاراچنار کے لیے سندھ سمیت پورے پاکستان جس میں کرم، پشاور، لاہور، اسلام آباداور امریکہ و یورپ میں احتجاج ہوا لیکن سندھ کی حکومت نے ہی گولیاں چلائیں، مظاہرین کو شہید کیے،گرفتاریاں کیں اور دہشتگردی کے مقدمات عائد کیے۔

 ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے بوگس مقدمات واپس لیے جائیں اور جمہوری آداب کو زندہ رکھیں۔ بلاول پچھلی مرتبہ سکردو آیا تو ہم نے خیرمقدم کیا تھا لیکن ہمارے قائد سندھ گئے تو دہشتگردی کی دفعات عائد کیں۔ مہمان، عالم دین،سید سادات اور مذہبی سیاسی جماعت کے رہنماکے ساتھ ایسے سلوک کی توقع بی بی شہید کی جماعت سے ہرگز نہیں تھی۔

 آغا علی رضوی گلگت بلتستان کے ہر مظلوم کی آواز ہے۔ یہ ایف آئی آر ایک جماعت کے قائد پر نہیں بلکہ پورے گلگت بلتستان پر ہے۔ ستتر سالوں سے گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے والی جماعتیں اب یہاں کے رہنماوں پر دہشتگردی کا الزام لگا رہی ہے۔ ہم اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ بلاول کی حکومت ہمارے اوپر میزائل بھی برسائیں ہم نہ مظلوموں کی حمایت سے باز آئیں گے اور حقوق کی جدوجہد سے پیچھے ہٹیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب نے قومی اسمبلی میں ضلع کرم میں مستقل قیام امن اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے قرارداد پیش کی،چالیس سے زائد قومی اسمبلی کے ممبران نے پاراچنار ڈسٹرکٹ کرم کے حق میں قرارداد پر دستخط کردیئے اور ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کی قرارداد کو سپورٹ کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ضلع کرم کے حالات گذشتہ 3 سالوں سے خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں۔عوام غیر محفوظ ہیں۔وحشت ناک قتل عام کیا جا رہا ہے۔املاک کو نقصان پہنچایاجا رہا ہے۔لڑائی اور کشیدگی کی وجہ سے لاکھوں کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہیں۔

لہٰذا قومی اسمبلی پاکستان کا یہ ایوان مندرجہ ذیل مطالبات پر قرارداد منظور کرتا ہے کہ!

1۔ ضلع کرم کے ٹل پاراچنار روڈ کو چھپری تا تری منگل ہر قسم کے ٹریفک کے لئے محفوظ بنایا جائے۔کرم ملیشاء کے چیک پوسٹ بنائے جائیں۔

2۔ضلع کرم کا دیرینہ مسئلہ زمینی تنازعات ہیں اس زمینوں پر قاضبین کے قبضے ختم کر کے کاغذات مال کے مطابق تنازعے حل کئے جائیں۔

3۔جہاں پر دہشتگردی کا واقعہ ہوا وہاں سیکورٹی فورسز ناکہ بندی کر کے دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی کرے۔

4۔اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی بنا دے جو ضلع کرم کے تمام تر دل خراش واقعات پر مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے اور اس رپورٹ کی سفارشات کے تحت اسپیکر حکومت کو ضروری احکامات جاری کرے۔

5۔اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک اور کمیٹی تمام مسالک کے جید معتدل علماءکرام کی بھی بنائے جو تمام قبائل سے ملے اور شرعی حدود بتائے۔

6۔ضلع کرم کے عمائدین نے دسمبر 2024ء معاہدہ اور مری معاہدے کئے ہیں۔حکومت ان معاہدوں کو ایک ٹائم فریم کے مطابق نافذ عمل کرائے۔

7۔یہ مقدس ایوان حکومت پاکستان اور کمانڈر انچیف حافظ سید عاصم منیر سے مطالبہ کرتا ہے کہ بروقت اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے ان سنگین مسائل کا فی الفور حل کیا جائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ نظارت کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بھی ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی سینیئر نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ذاکر حسین درانی اور ضلع کے ذمہ داران و اراکین کابینہ شریک ہوئے۔ جداگانہ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن اور تنظیمی ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کے ساتھ تنظیمی فعالیت اور اہداف کے حصول پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں گزشتہ دو ماہ کے دوران تنظیمی فعالیت اور تعین کردہ اہداف اور ٹارگٹ پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے۔ مظلومین پاراچنار کے حق میں ملک گیر دھرنے اور احتجاج سے لے کر سینیٹ اور قومی اسمبلی تک ہر فورم پر ایم ڈبلیو ایم مظلوم کی آواز بنی ہے۔ ملت کے جوانوں اور بزرگوں سمیت ہر طبقے کو آگے بڑھ کر مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دینا چاہئے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کے رہنماء حاجی الطاف حسین ہزارہ نے مجلس وحدت مسلمین ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کی تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے زیر اہتمام مظلومین پاراچنار کے حق میں دھرنا دیا گیا، جبکہ غزہ اور فلسطین کے شہداء کی یاد میں تعزیتی کانفرنس منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یونٹس کی فعالیت اور تنظیم نو پر توجہ دی جا رہی ہے اور آئندہ ایک ماہ میں مختلف یونٹس کے دورہ جات کئے جائیں گے۔

وحدت نیوز (کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کا تعصب اور انتہا پسندی اپنے عروج پر، شہداء کی وارث ہونے کی دعویدار جماعت فاشزم پر اتر آئی ، مظلومین پاراچنار کے حق میں کراچی میںپر امن دھرنا دینے پر مجاہد ملت ،مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر علامہ آغا سید علی رضوی کیخلاف کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 31 دسمبر 2024ء کو پاراچنار کے راستے کی بندش اور دہشت گردی کے واقعات کے خلاف کراچی نمائش چورنگی پر دھرنے میں شریک کئی دیگر علماء وایم ڈبلیوایم قائدین سمیت مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی پر بھی تھانہ سولجر بازار میں پولیس کی جانب سے دہشت گردی ایکٹ سمیت کئی دیگر دفعات کے تحت دو مختلف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

 درج مقدمات میں آغاسید علی رضوی سمیت دیگر علماءکیخلاف نفرت انگیز تقریر کرنے، کار سرکار میں مداخلت، اقدام قتل، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ آغا علی رضوی کے ساتھ دیگر نامزد علماء میں صدر ایم ڈبلیوایم کراچی علامہ صادق جعفری ، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ علی مبشر زیدی اور علامہ مختار امامی بھی  شامل ہیں۔

علامہ آغا سید علی رضوی کے خلاف بلاجواز مقدمات کے اندراج پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، صدر ایم ڈبلیوایم سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی ، صدر کراچی ڈویژن علامہ صادق جعفری، قائد حزب اختلاف جی بی اسمبلی کاظم میثم، ممبر جی بی کونسل شیخ احمد نوری، صدر کے پی کے علامہ جہانزیب جعفری، ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین و دیگر قائدین نے بھرپور مذمت کا اظہار کیا ہے ۔

ایم ڈبلیوایم قائدین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اسلاف کے راستے کو چھوڑ کر آمریت کے نقش قدم پر چل پڑی ہے ، نہتے اور پر امن مظاہرین پر نام نہاد جمہوری حکومت کے دور میں گولیاں برسانا، درجنوں مظاہرین کو زخمی کرنا، دو جوانوں کو شہید کرنا اور درجنوں کو جیل کے سلاخوں کے پیچھے ڈالنے سے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کی ارواح کیسے شاد ہوسکتی ہیں؟

وحدت نیوز(پاراچنار) وفاقی وصوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ظلم وجبر کی حد پار کردی ہے ۔ ضلع کرم میں امن کی بھیک مانگنے والے شیعہ سنی عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے آواز بلند کرنے والے غریبوں اور محروموں کے مسیحا مجلس وحدت مسلمین ضلع پاراچنار کے صدر اور تحصیل میئر اپر کرم آغا مزمل حسین فصیح کو پر امن دھرنا دینے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آغا مزمل حسین فصیح کو فقط مظلومین پاراچنار کے حقوق، محاصرے کے خاتمے اور شیعہ سنی وحدت کیلئے جدوجہد کرنے کی پاداش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرکے صدہ منتقل کردیا ہے ۔

واضح رہے کہ آغا مزمل حسین فصیح اہلیان پاراچنار کا فخر اور ان کے دلوں کی آواز ہیں، نوجوان رہنما لاکھوں پاراچناریوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔ جنہوں نے ہمیشہ علاقائی ا من، داخلی اور خارجی سازشوں اور عوامی حقوق کیلئے سب سے پہلے مضبوط آواز بلند کی ہے، ہمیشہ خانوادہ شہداء کی داد رسی کی ہے ۔ یہی بات ہماری ریاست کے بعض متعصب ذمہ داروںک و پسند نہیں آئی۔

مزمل فصیح کی بلاجواز اور ظالمانہ گرفتاری پر ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، صدر کے پی کے علامہ جہانزیب جعفری، ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین و دیگر قائدین نے سخت الفاظ میں مذمت کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

قائدین نے کہا کہ کرم پارہ چنار میں ریاستی پہرے میں جانے والے نہتے مسافروں اور عام شہریوں پر دن دیہاڑے حملہ آور دہشت گردوں کی عدم گرفتاری جبکہ قانون کی پاسداری کرنے والے اتحاد بین المسلمین کے داعی پارہ چنار کے عوامی رہنما مولانا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری شرمناک ہے، مطالبہ کرتے ہیں۔

آغا مزمل حسین کی فوری رہائی عمل میں لائی جائے، میں سمجھتا ہوں یہ بھونڈی حرکت دفاعی حوالے سے انتہائی حساس ترین علاقے میں ملک دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو تقویت دینے کی سوچی سمجھی سازش ہے، ساڑھے تین ماہ سے جاری غیر قانونی محاصرے کے خلاف پرامن احتجاجی دھرنا دینا عوام کا آئینی حق ہے۔

انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کا سنگین مشکلات میں گھرے لاکھوں افراد کی داد رسی کرنے کی بجائے الٹا اس ظلم وجبر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والوں کو زیر عتاب لانا اور نامعلوم مقام پر منتقل کرنا کسی صورت درست نہیں، حکومتی ذمہ داران کو چاہیئے کہ ہر اس اقدام سے گریز کریں جو عوامی غم و غصہ کو ابھارنے کا باعث ہو۔

Page 17 of 1543

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree