The Latest
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ سندھ کے ممتاز قوم پرست رہنما اور قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایڈوکیٹ ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدراباد کے ضلعی صدر سید وقار حسین زیدی ،رابطہ سیکرٹری دیباج حیدر ،نشر و اشاعت سیکرٹری زوار دلدار چھلگری، سیکرٹری تنظیم سازی نظام الدین انقلابی اور میڈیا سیکرٹری سید مدثر رضوی ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ ملاقات میں قومی عوامی تحریک کے مرکزی رہنما الطاف حسین خاصخیلی، ایڈوکیٹ حسین بخش چاچڑ و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلع کشمور شکارپور گھوٹکی اور جیکب آباد میں چوری ڈاکے اور اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اور امن و امان کی ابتر صورتحال کا تقاضا ہے کہ فوری طور پر سندھ سطح کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے۔ سندھ کی سیاسی مذہبی اور قوم پرست قیادت کو ہر سطح پہ بدامنی کی آگ میں جلنے والے ان مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے لوگ اغواء ہو رہے ہیں لوگ اپنے گھروں میں محفوظ نہیں ہیں۔ غریب اور مسکین لوگ جن کے پاس کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں ان سے لاکھوں روپئے تاوان مانگا جا رہا ہے، جبکہ جو غریب تاوان کی رقم نہیں ادا نہیں کر سکتا اسے سرعام گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کی اہما پر نہتے مظاہرین پر سیدھی گولیاں چلا کر بدترین تشدد کیا۔ جس کے نتیجے دو مومنین شہید اور 17 زخمی ہوئے۔ شہداء اور زخمیوں کو پولیس نے سیدھی گولیاں ماری تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کے اضلاع شکارپور ،کشمور، گھوٹکی ،جیکب آباد میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ اس بدامنی اور اغواء برائے تاوان میں پولیس، سردار، وڈیرے اور سندھ حکومت کا کردار سوالیہ نشان ہے؟ صوبائی اور وفاقی حکومت اور ریاستی ادارے ان اضلاع میں قیام امن کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمور اور شکار پور میں جاری اس ظلم و ستم کے خلاف سب کو مل کر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس سلسلے میں دوستوں کی مشاورت اور مجلس وحدت مسلمین کے تعاون سے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے تاکہ سندھ کے اندر قیام امن کے لیے مشترکہ سنجیدہ کوششوں کا اغاز ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پارہ چنار اور ضلع کرم میں بے گناہ مسافروں کے گلے کاٹے گئے اور اس علاقے کے عوام کو بدامنی کی آگ میں جھونکا گیا مجلس وحدت مسلمین اور ملت جعفریہ نے مظلوم کی حمایت میں ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی موثر احتجاج کر کے ایک نئی مثال قائم کی۔ کراچی میں پر امن مظاہرین پر پولیس تشدد پر شدید افسوس ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین مولانا مرید کاظم (ڈیرہ اسماعیل خان) کے انتقال پر، خانوادہ گرامی، شاگردان اور آپ سے وابستہ تمام افراد کو دلی تعزیت وتسلیت پیش کرتا ہوں، آپ کی ملی ودینی حوالے سے تدریسی و تربیتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، خدا وند متعال سے دعا گو ہوں صدقہ چہاردہ معصومین علیہ السلام آپ کی مغفرت و درجات بلند فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر کاظم میثم اور آغا علی رضوی کا ہنزہ دھرنا مظاہرین سے رابطہ، دھرنے کی حمایت کا اعلان ، کرنل عبیداللہ اور دیگر ایکشن کمیٹی کے مظاہرین سے رابطہ کرکے مطالبات سنیں ۔
ایم ڈبلیوایم قائد نے کہا کہ بجلی دو تحریک عوام کی جانب سے اہم تحریک ہے۔
ہنزہ سمیت پورا گلگت بلتستان اندھیرے میں ہے اور تاریک نگری بن چکاہے۔
قلیل المیعاد بنیادوں پر بھی لوڈشیدنگ دورانیے کو کم کرنے کے لیے حکومت اقدامات اٹھائے۔
سی پیک پر ٹہٹھرتی سردی میں دھرنا دینے والے عوام کی فوری سنی جائے۔
گلگت بلتستان کو بحرانوں میں دھکیلا ہوا ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔
گلگت بلتستان میں حکومت بنانے والے رجیم چیبج کے بعد بھول چکے ہیں کہ انہیں بجٹ بھی دلانے تھے اور حکومت بھی چلوانے تھے۔
ایم ڈبلیوایم قائدین نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے صبر کے پیمانے لبریز ہو رہے ہیں۔
ہنزہ، غذر، نگر، دیامر اور بلتستان کے عوام تیار رہیں حقوق کے لیے ملکر تحریک چلائیں گے۔
عوامی حقوق کا نام سنتے ہی عوام کے اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش ہوگی، یوتھ ان فرقہ پرور عناصر کو لگام دے گی۔
رجیم چینج کے بعد گلگت بلتستان میں انسانی حقوق کی پامالی اور دیگر بے ضابطیوں پر وائٹ پیپر جاری کریں گے، ان تمام ناکامیوں کے ذمہ داران کو بھی واضح کریں گے۔
وحدت نیوز(گلگت) رہنما مجلس وحدت مسلمین و اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وزیر اعلی کے خلاف حالیہ فیصلے پر خالد خورشید سے یکجہتی کا ظہار کیا اور قانون کی حکمرانی، عدالت کی سپرمیسی و غیرجانبداری کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان نے کہا کہ ایک متنازعہ خطے کے وزیراعلی' کو گرانے کے لیے نظام جس طرح نئی نسل اور عوام کی نظروں سے گرا ہے اسے دوبارہ استادہ کرنے کے لیے کئی برس درکار ہوں گے۔ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اس وقت خطے میں کیا ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ بدترین انتقام میں ریاستی اداروں کی ساکھ جو خراب ہو رہی ہے اسے بحال کرنا بہت مشکل ہوجائے گی۔ پاکستان میں عمران خان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے گلگت بلتستان میں وہی کچھ سابق وزیراعلی' کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اصولی بنیادوں پر کھڑے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں آپ پر ظلم ہوا ہے اور آپکی حکومت کو غصب کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں حق حکومت آپکے پاس تھا لیکن مینڈیٹ رکھنے کے باوجود غیرجمہوری انداز میں حکومت گرا کر گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کی۔ ایسی غیرجمہوری روایت کے فروغ کرنے والی جماعتوں کو جمہوریت کا راگ اپلانے کے مزید ضرورت نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم کاظم میثم نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور جن اصولوں پر عمران خان کھڑے ہیں اس پر پوری قوم کھڑی ہے۔اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے اپوزیشن لیڈر کی آمد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی۔ خالد خورشید نے کہا کہ خدا کے بعد طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور جلد عوامی فیصلے ہی حاکم ہوں گے۔ جبر و فسطائیت اپنی حدوں کو چھوچکا ہے اور اب عدل و انصاف کا سورج طلو ع ہونے کو ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں 460 دنوں سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے ہیں کبھی نہیں جھکیں گے، فلسطینی عوام کا جذبہ اور ان کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے، عالمی برادری ظلم کے خلاف آواز اٹھائے اور غزہ کے عوام کے لیے عملی اقدامات کرے، اسرائیل نے غزہ پر بلااشتعال بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وحشیانہ حملوں میں شب وروز نوزائیدہ بچوں، خواتین، بزرگوں سمیت ہزاروں معصوم فلسطینی شہید ہو رہے ہیں، اس سنگین صورتحال پر اقوام متحدہ، امریکہ، اسلامی کانفرنس، عرب لیگ اور یورپ آنکھیں بند کیئے ہوئے ہیں، اسرائیل نے اسپتالوں پر بھی بمباری کر کے معصوم شہریوں کو شہید کر دیا ہے کوئی ہسپتال ورکنگ حالت میں نہیں رہا، غذائی قلت اور شدید سردی سے بچے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں، اس صورتحال میں امریکہ جو کہ خود کو انسانی حقوق کا عالمی چیمپئن کہتا ہے، بالکل خاموش ہے، حقیقت میں امریکہ، یورپ و اقوام متحدہ صرف اور صرف مسلمانوں کو زیر نگیں کرنے کیلئے انسانی حقوق، خواتین کے حقوق، آزادی اظہار اور دیگر الفاظ کا سہارا لیکر اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اب غزہ پر بمباری کے معاملے میں چپ سادھنے پر کونسا جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شام اور عراق کے معاملے میں راتوں رات ایسے فیصلے کئے جس سے مسلمانوں پر تسلط قائم کیا جا سکے مگر اسرائیل کی درندگی اور سفاکیت پر ایسی گہری خاموشی اختیار کر رکھی ہے جیسے غزہ میں کچھ ہوا ہی نہ ہو، فلسطین و کشمیر کے معاملے میں امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ سمیت تمام اسلام مخالف قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ غزہ کی سنگین صورتحال پر اسلامی ممالک نے بھی استعماری قوتوں کی طرح مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، امریکہ اسرائیل کی ہر لحاظ سے مدد کر رہا ہے اور اپنے اسلحے اور خزانے کے منہ اس پر کھول رکھے ہیں، ناجائز صہیونی ریاست کسی عالمی قانون یا انسانی حقوق کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھلم کھلا جارحیت کر رہی ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کی سلامتی اور جغرافیائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرنے سے باز نہیں آ رہی۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی پہنچ کر سانحہ کراچی کے شہداء کے گھروں پر حاضری دی اور وارثان شہداء سے تعزیت کی۔ جبکہ زخمیوں کے گھر جا کر ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر برادر سید احسن عباس ،ضلعی پولٹیکل سیکرٹری عارف رضا ،یونٹ صدر سید عمران نقوی ، محمد علی زیدی اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر گولیاں چلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کے ایماء پر نہتے مظاہرین کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور ظلم اور بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے خون ناحق کا حساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے نہتے مظاہرین پر گولیاں چلا کر سیاہ تاریخ رقم کی۔ بزرگ عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی کی توہینِ کی گئی جبکہ علماء اور مومنین کو پابند سلاسل کیا گیا۔ اسیر مومنین سنت سید سجاد علیہ السلام ادا کر رہے ہیں۔ نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے والے جلد رسوا ہوں گے۔ اور انہیں اس ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔
وحدت نیوز(لندن) مجلس وحدت مسلمین یو کے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے آج ایک بیان میں کہا۔ پارا چنار کے مظلوم عوام کے لیے بھیجے جانے والے امدادی قافلے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مزید اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے سے سبق لیں اور پارہ چنار کے عوام کو درپیش خطرناک حالات کا ادراک کریں۔ اگر حکومت اپنے سرکاری قافلے کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے تو وہ پارا چنار کے مظلوم عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں کس طرح کامیاب ہوگی؟
بیان میں واضح کیا گیا کہ پارا چنار کے رہائشی پہلے ہی انتہائی غیر محفوظ حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، اور حکومتی اقدامات کی ناکامی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ اس حوالے سےخبردار کیا گیا کہ جب تک حکومت علاقے میں اپنی رٹ قائم نہیں کرتی اور پارا چنار کے ارد گرد موجود دہشت گردوں کا مکمل صفایا نہیں کرتی، عوام سے ان کا اسلحہ واپس لینے کی بات کرنا ناانصافی ہوگی۔ یہ نہ صرف ان کی حفاظت کو خطرے میں ڈالے گا بلکہ انہیں مکمل طور پر بے یار و مددگار کر دے گا۔
بیانیے میں کہا گیا کہ کراچی کے نہتے شہریوں کا مظلومین پارا چنار کی حمایت میں ہونے والے پرامن دھرنوں پر پولیس کے تشدد اور بربریت کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اور کراچی پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والےشہید علی رضا رضوی اور شبیہ حیدر زیدی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ملت کا فخر قرار دیا۔
مزید کہا گیا کہ ملت کے جوانوں نے پولیس کے بہیمانہ تشدد کے باوجود مظلومین پارا چنار کے لیے اپنی حمایت جاری رکھی، جو ان کی قربانیوں اور جرأت کی بہترین مثال ہے۔حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پارا چنار کے عوام کو تحفظ فراہم کرے اور کراچی میں مظاہرین پر ہونے والے تشدد کی شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم بگن میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے بعد دوسرے روز بھی پاراچنار کیلئے امدادی سامان کا قافلہ روانہ نہ ہونا تشویشناک ہے، امن جرگہ کی کامیابی کے بعد ایک گھنٹے میں راستے کھولنے کا دعوی کرنے والے صوبائی عہدیدار اب کیوں چپ سادھے ہوئے ہیں، تین ماہ سے محصور پاراچنار کے عوام خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت پورا علاقہ انتہائی تکلیف دہ حالات سے گزر رہا ہے، آخر کرم پارہ چنار کی محب وطن عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سنگین صورتحال کی بدولت ملکی عزت و وقار بھی داؤ پر لگا ہوا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے کہ ریاست ایک روڈ کو دہشت گردوں سے محفوظ بنانے میں ناکام اور بے بس نظر آ رہی ہے، لہذا علاقے کو بڑے انسانی المیے سے بچانے کیلئے ایک ایک منٹ بہت اہم ہے اور امدادی سامان پر مشتمل گاڑیوں کے قافلے کو فی الفور پارہ پہنچایا جائے، صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری اور ضروری عملی اقدامات کرے تاکہ اشیائے خوردونوش کے بروقت پہنچنے سے عوام کو ریلیف مل سکے، حالات پر قابو پانے کے لیے سنی شیعہ عمائدین کی جانب سے دستخط شدہ معاہدے پر فوری عمل اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے مٹھی بھر شر پسند عناصر کیخلاف موثر اور سخت کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا کو جاری مذمتی بیان میں کہا کہ
ضلع کرم میں سرکاری افسران پر دہشتگردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔دہشتگردوں نے درحقیقت امن معاہدے پر حملہ کیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ مسعود، اور سیکیورٹی اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں ۔زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں ۔
دہشتگردوں کے گھات لگا کر حملہ کرنے نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ علاقے میں امن کے خواہاں نہیں ہیں ۔
ضلع کرم کی عوام سے اپیل ہے کہ امن کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں ۔
عوام ان فتنہ انگیز عناصر کو بے نقاب کریں جو وطن عزیز کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں ۔
پاراچنار میں جاری دھرنے میں شریک محب وطن پاکستانیوں کے صبر، حوصلے، بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں ۔
وحدت نیوز(ڈکھن) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شکارپور، کشمور، گھوٹکی اور جیکب آباد میں امن و امان کی ابتر صورتحال ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ڈاکو راج منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈکھن کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ڈکھن پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے ضلع شکارپور، کشمور، گھوٹکی اور جیکب آباد میں امن و امان کی ابتر صورتحال ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ چوری، ڈاکے اور اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں، جبکہ عام انسان کی زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ آج بھی ضلع شکارپور اور کشمور پر ڈاکوؤں کا راج ہے اور اغواء برائے تاوان مجرموں کے لئے ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ جس میں پیپلز پارٹی کے بااثر وڈیرے اور پولیس کے اندر چھپی ہوئی کالی بھیڑیں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وڈیرے، ڈاکو اور پولیس کے گٹھ جوڑ نے عوام سے امن و سکون چھین لیا ہے۔ ملک کے اور خصوصاً سندھ کے سیاسی مذہبی اور قوم پرست رہنماء اس ظلم اور بربریت کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ اس سے قبل علامہ مقصود ڈومکی نے تعلقہ گڑھی یاسین کی یونین کونسل ڈکھن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شکار پور کے ضلعی نائب صدر دولہہ دریا خان جتوئی، تعلقہ صدر مجلس وحدت مسلمین سید نوید علی شاہ، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ کے رہنماء مستنصر مہدی ابڑو، مولانا احسان علی ابڑو، مولانا نثار علی نجفی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عرفان علی ابڑو کے اغواء کی واردات پر ان کے ورثاء سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا، اور ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی نائب صدر دولہہ دریا خان جتوئی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے گھر سے بھینس کی چوری پر افسوس کا اظہار کیا۔