وحدت نیوز(سکردو) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی آواز آغا علی رضوی پر پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت کی طرف سے ایف آئی آرزانکی بدترین بوکھلاہٹ اور فیوڈلسٹ طبقے کا جمہوری لبادہ اوڑھنے کا نتیجہ ہے۔ بلاول کی حکومت میزبانی کے آداب سے بھی نابلد ہوکر گلگت بلتستان کے عوام کی آواز پر اپنی راجدھانی میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کرکے ثابت کردیا کہ پورے ملک میں انکی حکومت آجائے تو کیا ارادے رکھتے ہیں۔ پاراچنار کے لیے سندھ سمیت پورے پاکستان جس میں کرم، پشاور، لاہور، اسلام آباداور امریکہ و یورپ میں احتجاج ہوا لیکن سندھ کی حکومت نے ہی گولیاں چلائیں، مظاہرین کو شہید کیے،گرفتاریاں کیں اور دہشتگردی کے مقدمات عائد کیے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے بوگس مقدمات واپس لیے جائیں اور جمہوری آداب کو زندہ رکھیں۔ بلاول پچھلی مرتبہ سکردو آیا تو ہم نے خیرمقدم کیا تھا لیکن ہمارے قائد سندھ گئے تو دہشتگردی کی دفعات عائد کیں۔ مہمان، عالم دین،سید سادات اور مذہبی سیاسی جماعت کے رہنماکے ساتھ ایسے سلوک کی توقع بی بی شہید کی جماعت سے ہرگز نہیں تھی۔
آغا علی رضوی گلگت بلتستان کے ہر مظلوم کی آواز ہے۔ یہ ایف آئی آر ایک جماعت کے قائد پر نہیں بلکہ پورے گلگت بلتستان پر ہے۔ ستتر سالوں سے گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے والی جماعتیں اب یہاں کے رہنماوں پر دہشتگردی کا الزام لگا رہی ہے۔ ہم اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ بلاول کی حکومت ہمارے اوپر میزائل بھی برسائیں ہم نہ مظلوموں کی حمایت سے باز آئیں گے اور حقوق کی جدوجہد سے پیچھے ہٹیں گے۔