وحدت نیوز(لندن)مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کی فلسطینی اور غزہ کے مظلوموں کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور حالیہ نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت۔ غزہ میں جاری انسانیت سوزنسل کشی کے بارے میں ایم ڈبلیوایم برطانیہ کا لندن میں ایک اہم اجتماع ہوااس اجتماع میں تمام مرکزی عہدیداران موجود تھے ۔
جس میں ایم ڈبلیوا ایم برطانیہ کے سربراہ حجت الاسلام مولانا ابرار حسینی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطین اور غزہ کے معصوم عورتوں اور بچوں پر حملے غیر انسانی اور غیر قانونی ہیں۔ جس میں پچاس ہزار سے زیادہ سویلین افراد کا قتل عام روکنے میں عالمی برداری بری طرح ناکام نظر آتی ہے آج تمام مسلم ممالک اور انسانی حقوق کے دعویداروں کے سامنے غزہ میں جاری حالات ایک کھلا سوالیہ نشان ہیں۔
ایم ڈبلیوایم برطانیہ کے اس اجتماع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں عورتوں اور بچوں پر ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوا مسلسل بمباری ہورہی ہے،جہاں اس وقت غذائی قلت اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اور عالمی اداروں کے مطابق ایک انسانی بڑے المیے کا خطرہ سرپر منڈلا رہا ہے ۔
اس اجتماع میں ایم ڈبلیوایم برطانیہ کی کابینہ کے اراکین اور ممبران شامل تھے جس میں عالمی انسانی اداروں سے اپیل کی گئی کہ غزہ میں فوری طور پر صحت اور خوارک کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی جائے اور اس جارحیت کو فورا روکا جائے۔